ایک زندہ جاوید تلخ حقیقت ۔
ایک زندہ جاوید تلخ حقیقت ۔
*عامل، آیات اور دینداری کا خود ساختہ مجسمہ*
کہتے ہیں نیکی وہ جو چھپ کر کی جائے، اور دینداری وہ جو دلوں کو فتح کرلے ۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔ ہمارے ایک مہربان دوست ایسے بھی تھے جن کی نیکی نہ صرف باآواز بلند تھی، بلکہ کبھی کبھار تو ان کا بس نہیں چلتا تھا کہ مساجد سے اعلان بھی کروادیتے
ان کے روز و شب کا آغاز تسبیح سے اور اختتام شب قدر کے انتظار میں
درمیان میں شک، بدگمانی، اور اپنے ہی سائے/وجود سے لڑائی ۔
یہ وہ ذات گرامی تھے جنہیں اگر اپنے گھر میں نمک مرچ کی بھی کمی/ بیشی محسوس ہو تو فوراً جادو کا وہم ہو جاتا۔
( جادو وہم ٹونہ توہم پرستی یہ سب ہندوستان کی سوغات ہیں اور وہیں سے مسلمانوں میں بھی سرائیت کر گئیں ہیں اور حد سے تجاوز کی صورت میں نفسیاتی کیفیت اختیار کر جاتی ہیں ۔ یہی حال ہمارے مہربان دوست کا بھی ہوا )
حضرت! مجھے لگتا ہے میرے بھائی نے کچھ کروا دیا ہے۔
نہیں نہیں، شاید بھابی نے......... یا پھر وہ میری چھوٹی بہن نے
مقصد و مطلب یہ کہ یہ سب کچھ غلطی سے نہیں بلکہ جادوگری کا کمال ہے
اب بیچارے عامل صاحب بھی کیا کرتے؟؟؟ کبھی آیات پڑھ کر پانی میں دم کرتے، کبھی نمک پر پھونک مارتے، اور کبھی صبر کا مشورہ دیتے۔ مگر موصوف ہر ہفتے تازہ شکایات کے ساتھ دوبارہ حاضری دیتے۔ گویا عامل نہیں، فیملی کورٹ ہو !!!!!!
دلچسپ بات یہ کہ جن پر یہ شک کرتے تھے، وہ سب آپس میں نہایت محبت و مروت سے شیر و شکر رہتے۔
تین منزلہ گھر، چھ بہن بھائی، ہنسی خوشی کی محفلیں، عید بقرعید پر رونقیں ۔۔۔۔ بس ایک ہمارے یہ دوست تھے جو اپنی دینداری کی چمک میں اتنے
مد ہوش ہو چکے تھے کہ ان کی نظروں میں صرف اندھیرے دکھائی دیتے۔
ایک دن میں بھی ان کے ساتھ حضرت جی کی محفل میں جا نکلا۔ حسب معمول وہی
آہ و بکا، اور پھر وہی سدا بہار شکایات کہ حضرت کسی نے کچھ کروا دیا ہے ۔۔۔۔۔۔۔
میں نے آہستگی سے عرض کی حضرت جی، ان کو کچھ اپنے لیے بھی پڑھنے کو دیں۔ شاید یہ جو دل بیٹھتا ہے، وہ کسی جادو سے نہیں بلکہ ان کے اپنے خوابوں خیالوں کی تعبیریں ہوں
حضرت جی نے زیر لب مسکرا کر کہا،
بیٹا، بعض لوگ ہر وقت
زہد کا خول اوڑھے پھرتے ہیں، مگر اندر سے ان کا دل
کینہ و بغض کے دفتر ہوتے ہیں۔ واقعی پہلے انہیں خود اپنی اصلاح کی ضرورت ہوتی ہے ۔
بس اسی دن کے بعد ہم بھی مشتبہ افراد کی فہرست میں آ گئے۔ اب ہمارے لیے بھی تعویذ، دم، اور خاص احتیاطی تدابیر لازم ہو گئیں۔
یاد رکھیے، سجدے تب اثر کرتے ہیں جب دل
کینہ و بغض سے خالی ہو
ورنہ دینداری صرف اداکاری بن جاتی ہے اور عامل صاحب بھی ایک دن علاج سے توبہ کر لیتے ہیں !!!
اختر شیخ

Comments
Post a Comment