*شہاب صدیقی، ثاقب اور ہم


 

"یادوں کے جگنو"


*شہاب صدیقی، ثاقب اور ہم*


*دوستی، ڈسپلن اور انڈے کی اڑان*


کچھ رشتے وقت کی گرد میں ماند نہیں پڑتے۔ کچھ تعلقات ایسے ہوتے ہیں جو وقت کے ساتھ اور نکھرتے ہیں۔ شہاب صدیقی وہ دوست، وہ بھائی، وہ ساتھی ہے جس سے چالیس پینتالیس برس کی یادیں وابستہ ہیں۔


جوانی کے دنوں میں شہاب اینٹیک اسٹائل کی گاڑیوں کے شوقین تھے۔ جب بھی وہ کسی پرانی مگر چمچماتی گاڑی میں نکلتے تو سڑک پر نگاہیں خودبخود ان کی گاڑی کی جانب اٹھ جاتیں۔ گاڑی کے ساتھ ہیوی بائیک کا شوق بھی ماشاء اللہ کمال درجے کا تھا۔


یہ کوئی 1985-86 کا واقعہ ہے۔ ہم تین دوست  شہاب، سراج اور میں  رمضان کے دنوں میں کسی کام سے برنس روڈ گئے۔ دوپہر کا وقت، گرمی اور ٹریفک دونوں اپنے جوبن پر تھے۔ اردو بازار کے قریب ہماری بائیک کے پیچھے کچھ عربی طلبہ ایک کار میں تھے۔ ان میں سے ایک نے ہمیں عربی میں کچھ کہہ دیا۔ شہاب چونکہ سعودی عرب میں رہ کر آئے تھے، عربی پر عبور رکھتے تھے۔ فوراً بائیک سے اترے اور فصیح عربی میں مقابلے پر آ گئے۔ یوں لگا جیسے برنس روڈ پر زبانی گولہ باری شروع ہو گئی ہو۔


میں اور سراج ان کے برابر میں عزت سے کھڑے رہے، جیسے کسی علمی مناظرے کے گواہ ہوں۔ کچھ دیر بعد جب امن قائم ہوا تو شہاب کہنے لگے، "یار وہ ہمیں گالی دے رہا تھا، اور تم لوگ ایسے کھڑے تھے جیسے وہ ہمیں دعا دے رہا ہو۔

ہم نے حیرت سے جواب دیا،

ارے بھائی، یہ تو تم اب بتا رہے ہو، ہمیں کیا پتا وہ کیا کہہ رہا ہے؟ اگر فوراً بتا دیتے تو ہم ان عربی کا گریبان بھی پکڑ لیتے۔

واقعی، زبان کی طاقت بھی عجیب چیز ہے۔


شہاب کے والد کرنل اسرار عالم صدیقی  صاحب فوج سے ریٹائر ہوئے تھے، لیکن ان کا وقت، انداز، اور گھر کا نظم و ضبط اب بھی بالکل فوجی تھا۔ رات کو اگر کوئی دوست شہاب کو آواز دیتا تو اندر سے کرنل صاحب کی دھاڑ آتی،

میاں، یہ کوئی ملنے کا وقت ہے؟

 صبح آنا

لیکن نہ جانے میری کون سی نیکی انہیں پسند آ گئی تھی کہ اگر میں آواز دیتا تو فوراً اجازت مل جاتی، اوپر آ جائیں۔


اللہ شہاب کے والدین، دونوں محبت کرنے والی ہستیوں کو اپنی رحمت کے سائے میں رکھے۔ آمین۔ شہاب کی والدہ مرحومہ سابق بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی سے مشابہت رکھتی تھیں – باوقار، وجیہہ اور شفیق۔


شہاب، میں اور شہاب کا چھوٹا بھائی ثاقب، تینوں کا ایک الگ ہی تعلق تھا۔ ہم ایک دوسرے کا خوب ریکارڈ لگاتے، اور کبھی کبھی یوں لگتا جیسے واقعی کسی دن ہم ایک دوسرے کا سر پھوڑ دیں گے۔ لیکن الحمدللہ، مذاق برداشت کرنے کا حوصلہ بھی ہم تینوں میں خوب تھا۔


ایک بار ناظم آباد نمبر ایک میں نوجوانوں نے ایک فنکشن رکھا۔ شہاب نے مجھے بتایا ،

یار اختر، ثاقب ٹیلیگراف آفس والی گلی میں فنکشن میں گانا گا رہا ہے، چل آ، چلتے ہیں۔

جب ہم دونوں پہنچے تو ثاقب انڈین فلم "جانباز" کا کوئی گانا گا رہے تھے، جس میں "کلی کلی کلی کلی" کی مسلسل تکرار تھی۔

جب وہ اس تکرار پر پہنچے تو شیطان نے کان میں کچھ کہا، اور میں نے دور سے "مینڈے مینڈے مینڈے" کی تکرار شروع کر دی۔

میں ثاقب کو اکثر "مینڈے" کہہ کر پکارتا تھا۔

بس پھر کیا تھا، ثاقب گانے کے بول بھول گئے، اور شہاب نے موقع غنیمت جانا۔ وہ انڈا جو ثاقب کو مارنے کے لیے ساتھ لائے تھے، دے مارا اسٹیج کی طرف،


بس پھر ہم دونوں بھاگ لیے جناب ،


ثاقب اسٹیج سے نیچے آتے ہی ہمیں تلاش کرتے رہے، لیکن ہم کہیں دکھائی نہ دیے۔ چار پانچ گھنٹے بعد جب ملے تو سب کے جذبات ٹھنڈے پڑ چکے تھے۔

وہ دن، وہ لمحے، وہ شوخیاں ۔۔۔۔۔ کبھی سوچتا ہوں کہ وقت کیسے اڑ گیا۔


شہاب آج بھی رابطے میں ہیں۔ ان کی گاڑیوں کا شوق، ان کی صحت اور خوش مزاجی اللہ سلامت رکھے۔


ثاقب اب اس دنیا میں نہیں۔ لیکن وہ بہت ہنسی مذاق والا بندہ تھا۔ میری بے شمار یادیں اس سے وابستہ ہیں۔ ساتھ میرا بھائی نیک انسان بھی تھا۔ اللہ نے جب اپنے پاس بلایا تو بغیر کسی تکلیف کے۔ دن کے کاموں سے فارغ ہو کر رات کو سویا، اور پھر دوبارہ نہ جاگا۔


اللہ ثاقب کو خاص اپنی جوارِ رحمت میں جگہ دے۔ آمین۔


دکھ یہ ہے کہ وہ کینیڈا میں تھا، اور اس کا انتقال و تدفین بھی وہیں ہوئی۔ ہم اسے آخری وقت میں مٹی بھی نہ دے پائے۔ لیکن وہ ہر دعا میں شامل ہے۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ