(چراغ رفاقت اور بوندوں کی خوشبو


 یادوں کے جگنو


(چراغ رفاقت اور بوندوں کی خوشبو)


چند ماہ کے وقفے کے بعد گزشتہ شب ناظم آباد میں پھر ایک پرانی روایت تازہ ہوئی۔ دوستوں کی محفل سجی تو گویا لمحے بھی ٹھہر گئے۔ اس محفل میں عبد اللہ بھائی، عمیر اکرم، طاہر، بھٹی، بالے بھائی، ایوب بھائی اور دیگر عزیزان دل شریک تھے۔ پرانی کرسیوں پر بیٹھے ہم سب یوں محسوس کر رہے تھے جیسے وقت نے ایک لمحے کے لیے اپنے قدم روک دیے ہوں۔ رات کے سناٹے میں جب گھڑی کی سوئیاں ایک بجے کے قریب جا پہنچیں تو بالے بھائی اور عبد اللہ بھائی نے اجازت چاہی۔ میں بھی واپسی کے ارادے میں تھا کہ اچانک ایوب بھائی کی کال نے رک جانے کا جواز فراہم کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جسارت کے دفتر سے نکل چکے ہیں اور چند ہی لمحوں میں محفل میں آ ملیں گے۔ 

یوں ہم نے دوبارہ کرسیوں کا سہارا لیا اور انتظار کے چند پل گفتگو کے دھاگوں سے پرو دیے۔ کچھ ہی دیر گزری تھی کہ ایوب بھائی تشریف لے آئے اور نشست پھر سے اپنی پوری معنویت کے ساتھ جوبن پر آ گئی۔ رات کی خاموشی، دوستانہ باتوں کی روانی اور قہقہوں کی ہلکی گونج نے فضا کو ایسا رنگ دیا جسے لفظوں میں باندھنا مشکل ہے۔۔ مگر پھر بارش کی ہلکی ہلکی بوندوں نے رخصت کا پیغام دیا۔ آسمان کی یہ عنایت گویا مجھے یاد دلا رہی تھی کہ دیر نہ کروں۔ چونکہ ایک آنکھ کے آپریشن کے دوران مسیحاؤں کی کوتاہی سے معمولی سی خرابی پیدا ہوگئی ہے، جو رات کی ٹریفک لائٹس میں خاصی مشکل پیدا کرتی ہے اس مجبوری کو دوست اچھی طرح جانتے ہیں۔ یہی وجہ بنی کہ میں زیادہ دیر نہ رک سکا اور محبت بھرے دل سے سب سے اجازت چاہی۔ اس طرح یہ دلنشیں محفل شب کے دو سوا دو بجے کے قریب اپنی خوشبو بکھیر کر اختتام پذیر ہوئی۔


اللہ ان محفلوں کو سلامت رکھے، دوستوں کی رفاقت کو قائم رکھے اور ان لمحات کی خوشبو دلوں میں ہمیشہ تازہ رہے۔


کیونکہ ۔۔۔۔۔۔

دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ