شہرِ کراچی اور قربانی کا استعارہ
شہرِ کراچی اور قربانی کا استعارہ
شہروں کی بھی اپنی ایک تقدیر ہوتی ہے، اور کچھ شہر ایسے ہوتے ہیں جو اپنی بقا کے لیے ہمیشہ کسی نہ کسی قربانی کے محتاج رہتے ہیں۔ کراچی بھی انہی شہروں میں سے ایک ہے۔ یہ شہر ایک ایسے بڑے بھائی کی مانند ہے جو اپنی پوری زندگی قربان کر دیتا ہے تاکہ اپنے چھوٹے بھائیوں کو پڑھا لکھا کر اچھے مقام تک پہنچا سکے۔ لیکن جب وہ مقصد پورا ہو جاتا ہے تو یہ بڑا بھائی تنہا اور بے سہارا رہ جاتا ہے۔
کراچی کی کہانی بھی کچھ ایسی ہی ہے۔ اس شہر نے سب کو سنبھالا، سب کو پناہ دی، روزگار دیا، عزت دی، یہاں تک کہ خوابوں کو تعبیر دی۔ لیکن اس کے حصے میں ہمیشہ تنہائی، بوجھ اور ناقدری ہی آئی۔ یہ شہر اپنی قسمت کا قیدی ہے ۔۔ یہ سب کا ہے مگر کوئی اس کا نہیں۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ کراچی پاکستان کی سب سے بڑی قسمت ہے، مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ اس قسمت کا کوئی وارث نہیں، اس کی گلیاں شور مچاتی ہیں اس کی دیواریں صدائیں دیتی ہیں مگر جواب میں صرف خاموشی ملتی ہے۔
کراچی اپنی قربانیوں اور جدوجہد کے باوجود مظلوم ہے۔ یہ شہر اگر زبان کھولے تو داستانوں کے دفتر کھل جائیں، لیکن شاید اسی کی قسمت ہے کہ یہ سب سہہ کر بھی مسکراتا رہے۔
اختر شیخ
تصویری تحریر کے لئے برادر عزیز فہیم برنی کا شکریہ

Comments
Post a Comment