*عاطف کا شکوہ ایک جگنو کی دستک


 


*عاطف کا شکوہ ایک جگنو کی دستک*


یادیں بھی عجیب ہوتی ہیں کچھ لمحوں میں سنبھلتی ہیں، کچھ برسوں میں بھی نہیں۔

ہم اکثر کہتے ہیں کہ ہمیں سب یاد ہے، لیکن وقت کے گرد آلود آئینے میں کچھ چہرے، کچھ لمحے دھندلے ہو جاتے ہیں۔ اور تب اچانک ایک جملہ، ایک شکوہ، ایک محبت بھری یاد، ہمیں ہماری ہی بھول یاد دلا دیتی ہے۔

ایسا ہی ایک لمحہ تب آیا جب سہیل عزیز پر لکھی گئی تحریر کے بعد آپا مرحومہ کے سب سے چھوٹے بیٹے عاطف کا ایک تبصرہ ملا ۔

آپ نے بھائی اور بہن کا ذکر کیا، لیکن میں آپا کا سب سے چھوٹا بیٹا ہوں۔

یہ جملہ سیدھا دل پر لگا۔ جیسے کوئی جگنو خاموشی سے دل کی رات میں چمک گیا ہو۔

یہ شکوہ نہیں تھا، یہ محبت کی وہ نرم سی تھپکی تھی جو یاد دلاتی ہے کہ کچھ رشتے آواز نہ بھی دیں، پھر بھی بہت قریب ہوتے ہیں۔ عاطف کے اس محبت بھرے شکوے نے کئی بھولی بسری یادوں کے در کھول دیے۔ اور یوں "یادوں کے جگنو" کی یہ دوسری قسط وجود میں آئی۔


یادداشت 

"یادوں کے جگنو" 


"قسط دوم"


رشتوں کی روشنی میں لپٹی کچھ بھولی بسری یادیں


زندگی صرف سانس لینے کا نام نہیں۔ یہ یادوں، رشتوں، لمسوں اور احساسات کا وہ سفر ہے جس کی منزلیں کبھی ختم نہیں ہوتیں۔ کچھ چہرے، کچھ باتیں اور کچھ ملاقاتیں، وقت گزرنے کے باوجود دل میں زندہ رہتی ہیں۔  جیسے دل کے کینوس پر ثبت جگنوجو اندھیروں میں چمکتے ہیں۔

یادوں کی اس لڑی میں ایک تصویر سہیل کی بنوں والی خالہ کی بھی ہے۔ جب وہ کراچی منتقل ہوئیں تو میں اور سہیل اسٹیشن پر انہیں لینے گئے۔ ان کے چہرے پر ہجرت کی تھکن اور آنکھوں میں نئے سفر کی امید تھی۔ کچھ دن بعد جب ان کا سامان آیا، تو ہمارے ساتھ چاند بھائی بھی تھے ۔۔۔  جو بعد میں خالہ کی بیٹی کے شریکِ حیات بنے۔ وہ لمحات خلوص، اپنائیت اور سادگی کی خوبصورت مثال تھے۔


سہیل کے مظفر خالو اور خالہ بی بھی ان یادگار شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے میرے ادبی ذوق کو سنوارا۔ ان کے گھر مشاعروں کی محفلیں سجتی تھیں۔ شعر و سخن کی گونج، شعرا کا آنا، اور سامعین کا دل کھول کر داد دینا، بچپن کی آنکھوں میں محفوظ یہ مناظر آج بھی دل کو گرما دیتے ہیں۔


ظفر بھائی، مسرور بھائی (باجی کے شریکِ حیات)، محمود بھائی، حسن بھائی اور (گڈو) — یہ سب نام میرے دل کی دیوار پر کندہ ہیں۔


ظفر بھائی کے انتقال کی خبر سہیل عزیز کی تین چار روز قبل کال پر بات چیت کے دوران معلوم ہوئی، سنکر دل بوجھل ہو گیا۔

اللہ ان کی مغفرت فرمائے، آمین۔


مسرور بھائی سے آخری ملاقات 2014 میں سہیل کے دفتر میں ہوئی۔ اللہ ان کو صحت و عافیت عطا فرمائے۔


حسن بھائی — دین دار، نرم گو، بچپن سے پتلون نہیں پہنی۔ کرکٹ کے لیے میرے بھائی نے ایسا پاجامہ بنوایا ہوا تھا جو دیکھنے میں پتلون لگتا تھا۔ انہوں نے ایک مسجد و مدرسہ تعمیر کیا اور ہومیوپیتھی میں سند حاصل کر کے علاج بھی شروع کیا۔ افسوس، کچھ نامعلوم افراد مریض کے روپ میں آئے اور حسن بھائی کو شہید کر گئے۔

اللہ ان کے درجات بلند کرے۔ آمین۔


سہیل کے سب سے چھوٹے بھائی شاہد (گڈو)  ایک زندہ دل، محبت کرنے والے، بہترین فٹبالر۔ ان کے ساتھ بے شمار یادیں جڑی ہوئی ہیں۔ ایک دن سہراب گوٹھ سےواپسی پر سہراب گوٹھ کے قریب ہی چاول لینے رکا تو شاہد مل گئے۔ باتوں باتوں میں وہ مجھے الامین سوسائٹی لے گئے، جہاں خالہ جان سے آخری ملاقات ہوئی۔ وہ ایک بے ساختہ لمحہ تھا جو ہمیشہ کے لیے دل میں محفوظ ہو گیا۔


کل فیس بک پہ پہلی قسط پر شاہد کے صاحبزادے صبیح شاہد کا ایک تبصرہ نظر سے گزرا، ان کی تصویر دیکھ کر دل جیسے ٹھہر سا گیا۔ ایسا محسوس ہوا جیسے شاہد خود مجھ سے مخاطب ہوں۔

صبیح میں شاہد کی جھلک دیکھی وہی محبت، وہی وارثت خلوص۔ صبیح کی موجودگی ایک تسلی ہے کہ شاہد (گڈو) کی محبت اور یادیں ان کے بیٹے کے توسط سے آج بھی ہم سے جڑی ہوئی ہیں۔ اللہ صبیح کو سلامت رکھے، اور ان کی زندگی میں اپنے والد جیسی خوبیاں اور کامیابیاں عطا فرمائے، آمین۔


سہیل نے بتایا کہ آپا کے بڑے بیٹے عادل میرے گھر کے قریب جے بلاک میں رہتے ہیں۔ ان شاء اللہ جلد ملاقات کرونگا


عاصم (آپا کے داماد) کبھی میری فیکٹری میں روز آتے جاتے تھے ۔ ان سے بھی ملاقات کو عرصہ ہو گیا ۔ 


آکا بھائی کی زیارت کو دل بہت چاہتا ہے۔ سہیل کے ساتھ ملاقات کی ترتیب طے کر کے ان شاء اللہ جلد ملاقات کی کوشش ہوگی ۔ 


سہیل کے گھرانے میں سب سے زیادہ ملنے والے مسعود (چاند) بھائی تھے۔ وہ اکثر میری فیکٹری پر آیا کرتے تھے۔ افسوس، کراچی کے بدامنی کے دنوں میں گلشنِ اقبال، ڈسکو بیکری کے قریب ڈکیتی کے دوران گولی لگنے سے زخمی ہو گئے، اور پھر چل نہ سکے۔

جب بھی مظفر اقبال (سابق امیر جماعت اسلامی گلشن زون) سے ملاقات ہوتی، چاند بھائی کی ملاقات بھی لازم تھی۔  چاند بھائی مظفر کے گھر کے قریب ہی رہتے تھے ۔

اللہ ان کے درجات بلند کرے، اور ان کے بچوں کو سلامت رکھے، آمین۔


یادوں کا ایک اور جگنو وہ دن تھے جب میں اور سہیل سائیکل پر سولجر بازار ان کے محمد علی ماموں کے گھر جایا کرتے تھے۔

ہوا میں اڑتی سائیکل، دل کی خوشی، اور رستوں کی بے فکری کی  کیا دن تھے وہ۔


نعیم ماموں کے ہاں بقرعید پر گائے کی قربانی دیکھنا اور ان کے بڑے بیٹے فہیم (جو جوانی میں انتقال کر گئے) کے ساتھ کرکٹ کھیلنا ۔۔۔ سب کچھ آج بھی دل میں تازہ ہے۔ ان کے چھوٹے بیٹے وسیم سے آج بھی ملاقات رہتی ہے۔

اللہ وسیم کو خوش رکھے،  ماموں اور فہیم کے درجات بلند فرمائے۔ آمین۔


سہیل کے تیسرے شمیم ماموں جامعہ کراچی میں پروفیسر تھے۔ ناظم آباد نمبر 1 میں مقیم تھے۔ ان کا بھی انتقال ہو چکا ہے۔

اللہ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین۔


ہم۔ دونوں اکثر میرے والد صاحب کی دوائیں لینے لیاقت نیشنل اسپتال جایا کرتے ، وہ بھی سائیکل پر ۔

یہ سفر محض دوا لینے کا نہ ہوتا، یہ بچپن کی معصومیت، دوستی، اور سادگی کا مظہر تھا۔

گلبہار کی گلیاں، اسپتال کا داخلی دروازہ، اور ہم دونوں کی ہنسی ۔۔۔ سب آج بھی آنکھوں کے سامنے ہیں۔


یہ سب رشتے، یہ سب یادیں ۔۔۔۔ میری زندگی کے وہ جگنو ہیں جو اندھیری راہوں میں روشنی دیتے ہیں۔

کچھ چہرے اب اس دنیا میں نہیں، مگر ان کی محبت، ان کی باتیں، اور ان کی خوشبو ہمیشہ میرے دل میں زندہ رہے گی۔


اللہ سب مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ دے، اور زندہ رشتوں کو سلامت رکھے، آمین۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ