"قتل آم۔۔۔ کراچی کی واحد خوشگوار قتل


 

"قتل آم۔۔۔ کراچی کی واحد خوشگوار قتل"


کراچی میں جب گرمی اپنی پوری تھانیداری کے ساتھ وارد ہوتی ہے تو ہر ذی روح پسینے سے شرابور ہو جاتا ہے، پنکھے مظلوم بن جاتے ہیں، اے سی بھی کبھی سسک کر بند ہو جاتا ہے اور بجلی ۔۔۔۔۔ وہ تو یونین لیڈر بن کر ہڑتال پہ چلی جاتی ہے۔ ایسے میں اگر کوئی خوشی، کوئی اُمید، کوئی ٹھنڈی ہوا کا جھونکا کراچی والوں کے دل کو ٹھنڈک دیتا ہے تو وہ صرف اور صرف آم ہے ،


جی ہاں، آم


وہی پیلا پیلا، رسیلا رسیلا، قاتلانہ مسکراہٹ لیے (قومی پھل) جو کراچی والوں کے دل پر ہمیشہ سے حکمرانی کرتا آیا ہے۔

جون کے شروع ہوتے ہی کراچی میں ایک نئی تحریک شروع ہو جاتی ہے ۔۔۔۔۔۔۔


،،تحریک قتل آم،،


یہ تحریک نہ عدالت سے رجسٹر ہوتی ہے، نہ اس پر کوئی ایف آئی آر کٹتی ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بلکہ یہ تحریک ہر گھر، ہر گلی، ہر فریج، ہر ڈائننگ ٹیبل پر زور و شور سے جاری رہتی ہے۔ قتل کی منصوبہ بندی ٹوکری میں رکھے آموں سے شروع ہوتی ہے اور انجام پلیٹ میں پڑی گھٹلی پر ہوتا ہے۔


کراچی کے گھروں میں اس موسم میں روز ایک قتل ضرور ہوتا ہے۔ اور مزے کی بات یہ کہ سب کو اس قتل کا پہلے سے علم ہوتا ہے، مگر کوئی بچانے نہیں آتا بلکہ سب خود شریک جرم ہوتے ہیں۔ یہ قتل =ٹھنڈے پانی میں رکھے آم= کا ہوتا ہے۔ ایک عدد چھری، ایک عدد پلیٹ، اور ایک عدد دانتوں سے لبریز خاندان، اور بس قتل آم کی محفل سج جاتی ہے۔


خواتین ان دنوں “آم کا مربہ”۔ “آم کی چٹنی”۔ “آم کا شیک”۔ “آم کی آئسکریم”۔ “آم کے ساتھ سیلفی” جیسے نازک مگر جان لیوا جرائم میں ملوث پائی جاتی ہیں۔

مرد حضرات کسی سیاسی تجزیے کی طرح آم کو کاٹنے، چوسنے اور اس کی کوالٹی پر بحث کے ماہر بن جاتے ہیں۔

بچوں کے لیے آم چوسنا کوئی مشغلہ نہیں بلکہ قومی فریضہ ہوتا ہے۔ ہر بچہ ایک عدد ٹی شرٹ ضائع کیے بغیر آم چوسنے کو آمریت سمجھتا ہے۔


ایک دوست کہہ رہا تھا، یار آم کے دنوں میں تو رشوت لینے والا بھی رک کر پوچھتا ہے، 'بھائی سندری آم ہے؟؟ سندھڑی ہو تو بات کرو ۔۔۔۔۔۔


اور آموں کی اقسام


سبحان اللہ ، سبحان اللہ


ماشأء اللہ لگتا ہے جیسے آم نہیں، اقوام متحدہ کی میٹنگ ہو ۔۔۔۔۔۔


سندھڑی، چونسا، لنگڑا، دسہری، انور رٹول ۔۔۔۔۔۔۔

 

ہر ایک اپنے اپنے ذائقے، اپنی اپنی خوشبو کے ساتھ کراچی پر قتل ہونے کو تیار ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 


پھر وہ لمحہ آتا ہے جب پہلا آم کاٹا جاتا ہے، رس بہتا ہے، کوئی کونے میں بیٹھا ۔۔۔۔۔آہو واہو۔۔۔ کرتا ہے، اور کوئی خفیہ طور پر دوسرا ٹکڑا چراتا ہے ۔۔۔۔۔ اور تب کہا جاتا ہے کہ ۔۔۔

آج ایک اور قتل آم کامیابی سے مکمل ہوا ۔۔۔۔۔۔ 


تو صاحبو، کراچی میں اگر آپ کو گلی کے نکڑ پر کوئی بزرگ آم کے ساتھ روتا ہوا ملے، تو سمجھ لیجیے گا کہ ۔۔۔


یہ قتل آم کا گواہ ہے


اور آخر میں ایک اہم بات ۔۔۔۔۔ 

یہ وہ واحد قتل ہے جس پر نہ کوئی احتجاج کرتا ہے، نہ لانگ مارچ ہوتا ہے، نہ عدالت نوٹس لیتی ہے، نہ پولیس چھاپہ مارتی ہے ۔۔۔ بلکہ الٹا سب چاہتے ہیں کہ یہ قتل زیادہ سے زیادہ ہو ۔۔


کیونکہ

قتل آم۔۔۔۔ ہی کراچی کی سالانہ رسیلی خوشی ہے


🥭😄🥭😄🥭


زندگی میں اگر آم اور قہقہے باقی ہیں ۔۔۔۔۔ تو سمجھو سب کچھ باقی ہے۔ 

قتل آم جیسے جرائم ہوتے رہنے چاہییں 😂🍋


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ