طارق .... یادوں کا زندہ دل چراغ
"یادوں کے جگنو"
طارق .... یادوں کا زندہ دل چراغ
ہر محفل میں کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو روشنی بکھیرتے ہیں، ہنسی خوشی کی قندیل جلاتے ہیں، اور ہر دل میں اپنی جگہ بنا لیتے ہیں۔ میرے لیے طارق ایسا ہی ایک دوست ہے۔ اسکول کے دنوں سے لے کر آج تک، وہ اپنی خوش لباسی، شوخی اور زندہ دلی کے ساتھ ہر یاد کا حصہ رہا ہے۔
دلوں میں مسکراہٹ، لبوں پہ کہکشاں رکھتا ہزاروں دوستوں میں، وہ اپنا اک جہاں رکھتا
اسکول کے دنوں میں ہمارا ایک ساتھی طارق۔ خوش لباس، ہر محفل کی جان، اور ہمیشہ اپنی الگ پہچان رکھنے والا۔ طارق کی شخصیت میں ایک الگ ہی دلکشی تھی، جیسے وہ کسی فلم کا ہیرو ہو، اور محفل میں وہ ہمیشہ ایسے داخل ہوتا جیسے ریڈ کارپٹ پر چل رہا ہو۔ اس کی مسکراہٹ میں خلوص اور آنکھوں میں شوخی ہوا کرتی تھی، جیسے زندگی کو ہر لمحہ جینا چاہتا ہو۔
غم روزگار کی دوڑ میں، وقت نے ہمیں جدا کر دیا، اور یاروں کی محفلیں بھی بکھر گئیں۔ پھر ایک دن عاطف نے دوستوں کو جمع کیا، اور جمی کے ساتھ میں طارق کی طرف گیا۔ رات کا وقت تھا، ہم طارق کو لے کر عاطف کی طرف محفل میں پہنچے, محفل میں وہی ہنسی اور قہقہے تھے۔ لیکن یہ ملاقات بھی وقت کی گرد میں کھو گئی۔ میں طارق کی تلاش میں اس جگہ جاتا رہا، جہاں جمی نے مجھے رات میں طارق سے ملوایا تھا۔ وہاں کے لوگوں سے پوچھتا، مگر کوئی طارق کو جانتا ہی نہ تھا۔
ایک دن جمی سے ذکر کیا، "یار، طارق کے گھر تم رات میں لے کر گئے تھے، میں اس جگہ جاتا ہوں اور لوگو سے طارق کا معلوم کرتا ہوں، کوئی اسے جانتا ہی نہیں۔ جمی خوب ہنسا اور بولا، ارے بھائی، وہاں لوگ طارق کو طارق کے نام سے نہیں جانتے۔ اب جاؤ تو پوچھنا، پپو بھائی کہاں رہتے ہیں۔ تمہیں لوگ فوراً بتا دیں گے۔ پھر جب میں وہاں پہنچا اور پپو بھائی کا پتا کیا، تو فوراً معلوم ہو گیا۔ ایک لڑکا بھاگ کر گیا اور پپو بھائی یعنی طارق کو بلا لایا۔
زندگی کی شام ہو، یا قہقہوں کی محفلیں طارق کی باتوں میں، خوشبو کی سرگمیں
ہم دونوں نے سفورا گوٹھ کے سفر میں کئی یادگار لمحے گزارے۔ اکثر وہاں سلام اور عتیق سے ملاقات کے لیے جاتے۔ کبھی وہ دونوں طارق کے طرف آ جاتے۔ یہ وہ دن تھے جب دوستی میں کوئی بناوٹ نہیں تھی، وقت کی کوئی قید نہیں تھی۔ طارق کا وہی بے ساختہ قہقہہ، وہی بے تکلف باتیں، جیسے دنیا کی ہر فکر سے آزاد ہو۔
تین سال پہلے تک یہ سلسلہ ایسے ہی چلتا رہا، پھر میری آنکھوں کی تکلیف کے باعث یہ ملاقاتیں کچھ کم ہو گئیں۔ لیکن طارق کی یاروں کی محفل سجانے کا شوق اب بھی وہی ہے۔ اگر آدھی رات کو بھی اسے فون کر کے کہہ دو کہ یار عتیق، سلام کی طرف چلنا ہے، وہ فوراً تیار ہو جاتا۔
راتوں کے شیدائی – طارق، روف، عتیق، اور میں۔
راتوں میں دیر تک جاگنے کا مزہ ہی کچھ اور ہے۔ لطیفے، پرانی یادیں، مستقبل کے خواب، سب کچھ ان راتوں میں بکھر جاتا۔ لیکن بیٹی کی یونیورسٹی کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد، میری راتیں گیارہ، ساڑھے گیارہ بجے ہی ختم ہونے لگیں۔ طارق، البتہ، اب بھی ان جاگتی راتوں کا حصہ ہے۔ کبھی کبھی شام کے وقت مکا چوک کے قریب اس کے ساتھ ایک بیٹھک ہو جاتی ہے، اور یوں یادوں کا سفر پھر سے شروع ہو جاتا ہے۔ طارق یاروں کا یار ہے۔ دوستوں کی محفل کو بسانا، ہنسنا، مذاق کرنا، اور دل کی باتیں کرنا، یہ سب اس کے لیے سانس لینے جیسا ہے۔ وہ دوست جو وقت کے ساتھ بدلا نہیں، بلکہ مزید نکھر گیا۔ اس کی محفل میں بیٹھو تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وقت تھم گیا ہو، اور قہقہوں کی گونج میں بچپن کے وہ دن لوٹ آئے ہوں۔
ایسے دوست زندگی کا سرمایہ ہوتے ہیں، جو وقت کی گرد میں بھی چمکتے رہتے ہیں۔
چراغ دوستوں کے، بجھائے نہ بجھ سکے جو ساتھ چل سکیں، وہ یادوں کے جگنوئے
اختر شیخ

Comments
Post a Comment