اعظم بقائی سے ملاقات،
یادوں کے جگنو
اعظم بقائی سے ملاقات، وقت کی دھول سے ابھرتی ایک پرانی روشنی
وقت جیسے کسی ریت کے پیالے میں ٹھہرا ہوا ہو ۔۔ اور پھر ایک جھونکا آئے اور بکھری ہوئی ریت سے کوئی شناسا چہرہ ابھر آئے ۔ ایسا ہی کچھ محسوس ہوا جب ایک عرصے بعد اعظم بقائی سے فردوس کالونی میں ملاقات ہوئی۔
اعظم... وہی اعظم جس کے ساتھ بچپن کی گلیاں بانہوں میں باہیں ڈالے چلی تھیں۔ وہی جس کے ساتھ کنچے، پتنگیں، کرکٹ، اور جانے کتنی ہی ناسمجھی کی خوشیاں سانجھی تھیں۔ ہم نے بچپن اور لڑکپن کا ایک حصہ نہ صرف ساتھ گزارا بلکہ جی بھر کر جیا بھی، مگر پھر زندگی نے ہر ایک کو اپنی اپنی سمت دھکیل دیا۔۔۔۔۔۔
اعظم پچھلے چالیس برس سے امریکہ میں مقیم ہے۔ کب پاکستان آتا رہا، کب واپس گیا کچھ معلوم نہ ہو سکا اور سچ یہ ہے کہ ہم بھی پینتیس سال سے نارتھ ناظم آباد منتقل ہو گئے تھے، سو رابطے دھندلاتے گئے۔
مگر اللہ تعالی کو ایک ملاقات کی صورت بنانا ہو تو کوئی بہانہ کافی ہوتا ہے۔ چند دن پہلے دس جولائی کو پرانے دوستوں کی ایک خوبصورت بیٹھک سجائی گئی وہ دوست جو پہلی جماعت سے لے کر آٹھویں تک ہماری زندگیوں کا حصہ رہے۔ انہی میں ایک جمال جمشید بھی تھا اعظم کا سابقہ پڑوسی اور ہمارا کلاس فیلو۔ جب گزرے وقتوں کی باتیں ہو رہی تھیں، میں نے اعظم کا نام لیا تو جمال نے بتایا کہ وہ ان دنوں کراچی میں ہے ایک دکھ کی خبر کے ساتھ ۔۔۔۔ اس کی ہمشیرہ کا انتقال ہو گیا ہے اور وہ تعزیت کے لیے وطن آیا ہے۔ یہ خبر سن کر دل افسردہ ہوا۔ رب کریم سے دعا ہے کہ ہماری بہن کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ آمین۔
آج میں فردوس کالونی پہنچا۔ دل کچھ بوجھل بھی تھا اور بےچین بھی برسوں بعد ملاقات کا لمحہ تھا مگر دکھ کے سائے میں۔
دروازہ کھلا اور سامنے وہی چہرہ ۔۔ وقت کے تیز سفر نے بالوں میں چاندی، چہرے پر ہلکی لکیریں ضرور ڈال دی تھیں مگر آنکھوں کی پہچان وہی تھی۔ ہم گلے ملے تو جیسے بچپن ہمارے درمیان آ کر بیٹھ گیا ہو۔
ہم نے دیر تک باتیں کیں۔ پرانی یادیں جیسے کمرے کی دیواروں سے ٹپکنے لگیں۔ کچھ ہنسنے والی کچھ نم آنکھوں والی ۔۔۔۔
یادیں عجیب چیز ہوتی ہیں نہ مٹتی ہیں، نہ پرانی ہوتی ہیں۔ بس، وقت کے کسی گوشے میں دبکی رہتی ہیں اور پھر اچانک جگنو کی طرح جھلملا اٹھتی ہیں۔
اور آج...
فردوس کالونی میں ایک ایسی ہی جگمگاہٹ نے دل کو پھر سے بچپن کی دہلیز پر لا بٹھایا۔
کیونکہ ۔۔۔۔۔۔
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔
اختر شیخ
13 جون 2022

Comments
Post a Comment