تشریف کی آگ


 

تشریف کی آگ


محفل فیس بک کی ایک انوکھی بات یہ ہے کہ یہاں ہر روز کوئی نہ کوئی اپنی دانش کی پٹاری کھول کر بیٹھ جاتا ہے۔ کچھ حضرات تو ایسے ہیں کہ ہر خبر کے پیچھے گویا خود موجود ہوتے ہیں، ان کے بقول وہی اصل چشم دید گواہ ہیں۔ ہمارے ایک فیس بک دوست بھی ایسے ہی تھے جو روز کوئی نہ کوئی انکشاف فرما دیتے اور ہم بھی ازراہ محبت سنتے، مسکراتے اور آگے بڑھ جاتے۔۔۔۔۔۔

مگر ایک روز محفل کا رنگ ہی بدل گیا۔ ان کے سب فیس بک دوستوں نے یک زبان ہو کر ان سے پوچھ لیا ۔۔۔۔ 

جناب، آپ کی دی ہوئی خبر درست ہے تو اس کا کوئی حوالہ، کوئی لنک بھی دکھا دیجیے۔


اب وہی پرانی مثل یاد آئی کہ ایک جھوٹ کے لیے سو جھوٹ گھڑنے پڑتے ہیں۔ بیچارے نے کبھی دائیں ہاتھ بڑھایا، کبھی بائیں، کبھی آگے بڑھے تو کبھی پیچھے ہٹے، مگر لنک ایک نہ دے سکے۔ یوں کہنا چاہیے کہ محفل کی گرمی بڑھتے بڑھتے "تشریف کی آگ"

بن گئی۔ سب نے اپنے اپنے سوالات کی چھریاں نکال لیں اور ان صاحب پسینہ نکل گیا ۔۔۔


لیکن کہانی یہیں ختم نہیں ہوئی۔ دو تین دن گزرے تو انہی صاحب نے سبھی فیس بک احباب کے سامنے نہایت شرافت سے معذرت پیش کی اور یہ کہا کہ قصور میرا ہے۔ مجھے بات دل کو لگی، سو میں نے شیئر کر دی۔ پردے کے پیچھے کیا ارادے تھے، یہ مجھے معلوم نہ تھا۔

یہ اعتراف اور یہ بڑائی دراصل ان کے اخلاقی وقار کی دلیل ہے۔ ورنہ اکثر لوگ اپنی ضد اور انا کے اسیر ہو کر اور بھی الجھ جاتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔ 


سو، "تشریف کی آگ" ایک لمحاتی تمثیل ہے، مگر اس کے پس منظر میں یہ سبق چھپا ہے کہ سچائی کے بغیر کوئی بات زیادہ دیر زندہ نہیں رہتی اور کبھی کبھی ایک چھوٹی سی معذرت بڑے بڑے طوفانوں کو ٹھنڈا کر دیتی ہے۔


اختر شیخ


Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ