کراچی کی پیاسی صبحیں اور اندھیری


 

کراچی کی پیاسی صبحیں اور اندھیری شامیں


کراچی، وہی شہر جو پاکستان کا دل ہے معاشی حب ہے کروڑوں انسانوں کا مسکن ہے۔ مگر افسوس کہ آج یہ شہر بجلی اور پانی جیسے بنیادی حقوق کے لیے تڑپ رہا ہے۔ یہاں کے شہری پیاسے بھی ہیں اور تھکے ہوئے بھی، تھکے اس نظام سے جو نہ سنتا ہے نہ سمجھتا ہے اور نہ ہی شرمندہ ہوتا ہے

بجلی کا بحران صرف روشنی کا نہ ہونا نہیں، بلکہ زندگی کا رک جانا ہے۔ گرمی کے موسم میں جب درجہ حرارت 40/42 کے پار چلا جاتا ہے تو لوڈشیڈنگ شہریوں کے لئے قیامت بن جاتی ہے کہیں ایک ایک گھنٹہ کہیں تین تین گھنٹے وہ بھی دن میں چار بار کسی قیامت سے کم نہیں ہے۔ بچوں کے چہرے پسینے سے شرابور، بزرگوں کی سانسیں اکھڑی ہوئی اور محنت کشوں کے چولہے ٹھنڈے ۔ یہ محض لوڈشیڈنگ نہیں، یہ انسانی وقار کی تذلیل ہے۔


کے الیکٹرک کو عوام کا ساتھ دینا تھا مگر وہ خود ایک معمہ بن گئی ہے۔ شکایت کریں تو ایک خودکار پیغام آتا ہے عوام کو پاگل بنا دیتا ہے ۔ 

شکایت نہ کریں تو رات بھر بجلی نہیں آتی جن علاقوں میں لوگ بل دیتے ہیں وہاں بھی ظلم کی یہی داستان ہے گویا سزا تمہیں ملے گی خواہ گناہ ہو یا نہ ہو ۔


اور پھر بات پانی تک آتی ہے تو کراچی کا دل مزید زخمی ہو جاتا ہے۔ واٹر بورڈ کی خاموشی اور بےحسی نے شہریوں کو نچوڑ کر رکھ دیا ہے  گلیوں میں ٹینکر کی آمد کا انتظار کرنا، یہ کون سا ترقی یافتہ شہر کی تصویر ہے یہاں ہر شخص پانی خرید کر جی رہا ہے۔

یہ وہ شہر ہے جو کبھی سمندر کے کنارے اپنی وسعت پر ناز کرتا تھا آج پانی کی ایک بوند کو ترس رہا ہے۔


ٹینکر مافیا ایک مکمل متوازی حکومت بن چکی ہے ان کے نرخ آسمان سے باتیں کرتے ہیں اور عام آدمی زمین پر گر کر دعائیں مانگتا ہے کہ 

(یا اللہ آج پانی کا بندوبست ہو جائے) 


یہ کیسا نظام ہے جہاں سرکاری پانی غیر سرکاری ہاتھوں میں ہے اور شہری اپنی تنخواہوں کا بڑا حصہ پانی اور بجلی کے عوض قربان کر رہے ہیں؟

سوال یہ ہے کہ آخر کب تک؟؟؟

کب تک کراچی والے بنیادی حقوق کے لیے ترستے رہیں گے؟؟؟؟

کب تک ہماری صبحیں پیاسی اور شامیں اندھیری رہیں گی؟؟؟؟


یہ تحریر کسی ایک فرد کی فریاد نہیں یہ لاکھوں شہریوں کا اجتماعی نوحہ ہے۔ حکومت ہو یا ادارے ہر ذمے دار کو سوچنا ہوگا کہ یہ لوگ صرف ووٹر نہیں، انسان بھی ہیں اور انسانوں کو جینے کا حق دینا صرف اخلاقی نہیں قانونی فرض بھی ہے۔


کراچی کو بجلی چاہیے، پانی چاہیے، اور سب سے بڑھ کر عزت نفس کے ساتھ جینے کا حق چاہیے۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ