راہبر جب راہزن ہو جائیں۔۔۔۔۔۔
راہبر جب راہزن ہو جائیں۔۔۔۔۔۔
دنیا کے ترقی یافتہ یا ترقی پذیر ممالک میں جب حکمران کوئی نئی پالیسی ترتیب دیتے ہیں تو اس میں بنیادی اصول یہی مدنظر رکھا جاتا ہے کہ عوام پر غیر ضروری بوجھ نہ پڑے اور ریاستی فیصلے ان کی بہتری، فلاح اور آسانی کا ذریعہ بنیں۔ ایسا نہیں کہ ان ممالک میں کرپشن نہیں ہوتی، لیکن ریاستی ڈھانچے میں کم از کم ایک توازن موجود ہوتا ہے،
ایک احساس ایک جواب دہی ایک شرمندگی ۔۔۔
مگر پاکستان میں معاملہ سراسر الٹ ہے۔
یہاں ریاستی پالیسیوں کا دائرہ محض اشرافیہ کے گرد گھومتا ہے۔ جب بھی کوئی قانون یا اسکیم متعارف کرائی جاتی ہے تو اس کا پہلا اور آخری فائدہ مراعات یافتہ طبقے کو پہنچتا ہے وہ طبقہ جو پہلے ہی ہر ممکن سہولت سے آراستہ ہے جو لاکھوں روپے کی تنخواہیں لیتا ہے اور جس کے لیے بجلی، گیس، پیٹرول، رہائش، سیکیورٹی، علاج، تفریح سب کچھ سرکاری خزانے سے میسر ہوتا ہے۔ وہی خزانہ جو غریب عوام کے خون پسینے سے بھرا جاتا ہے۔ اور اس کے برعکس عام شہری دن بہ دن پستا جا رہا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، بلوں کا بوجھ، صحت و تعلیم کی بنیادی سہولیات سے محرومی
یہ سب اس کی زندگی کا مستقل حصہ بن چکے ہیں۔ متوسط اور نچلے طبقے کے لوگ جو ملک کی معیشت کا اصل بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں ان کے لیے نہ کوئی منصوبہ، نہ کوئی ریلیف، نہ کوئی آواز ۔۔۔۔۔
بدترین ستم یہ ہے کہ جب یہی عوام، خاص طور پر دیہی علاقوں کے لوگ انتخابات کے دن آتے ہیں تو خوف، مجبوری، لالچ یا جہالت کے تحت انہی چہروں کو ووٹ دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں، جنہوں نے ان کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے جو انکار کرے، اس کی زمین، عزت، روزگار، حتی کہ جان تک خطرے میں ڈال دی جاتی ہے ۔۔۔۔
اب تو میڈیا کی بدولت ہر ظلم ہر ناانصافی کی داستان کسی نہ کسی ویڈیو کی صورت محفوظ ہو چکی ہے۔ مگر انصاف؟ وہ تو دور کی بات انصاف کی دہائی دینے والے بھی اب خود ظلم کے ایوانوں میں جا بیٹھے ہیں۔
وہ اپنی منصفی کس سے طلب کریں جا کر
کسی قبیلے کا جب راہبر، لٹیرا ہو
یہ سوال محض شاعری نہیں ایک مکمل سماجی المیہ ہے ۔۔۔۔
ہمارے ہاں راہبر وہ بن بیٹھے ہیں جو قوم کے وسائل کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں۔ قوم کے درد کو نہ ان کی پالیسیوں میں جگہ ملتی ہے نہ ان کے دل میں، عیش و عشرت کا ہر دروازہ ان کے لیے کھلا ہے اور قربانی کا ہر مطالبہ عوام کے لیے ۔۔۔۔ ظلم کی یہ صورت حال اب صرف سیاسی مسئلہ نہیں رہی یہ ایک اخلاقی، سماجی اور روحانی بحران بن چکی ہے ۔۔۔
لیکن ہمیں یاد رکھنا چاہیے ۔۔۔۔۔
اور تم یہ ہرگز گمان نہ کرنا کہ اللہ ان ظالموں سے غافل ہے، وہ تو بس انہیں اس دن تک مہلت دے رہا ہے جس دن آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ جائیں گی ۔۔۔
(سورۃ ابراہیم، آیت ۴۲)
یہی قرآن کا وعدہ ہے یہی تاریخ کی گواہی اور یہی مظلوموں کی آخری امید ۔۔۔ ظلم کا نظام خواہ کتنا ہی مضبوط کیوں نہ ہو وہ ایک دن ضرور منہدم ہوتا ہے اور جب تک وہ دن نہیں آتا ہمیں اپنے شعور اپنے حق اور اپنے اتحاد کی شمع جلائے رکھنی ہے ۔۔۔۔۔
کیونکہ جب راہبر راہزن ہو جائے تو قوم کا واحد سہارا صرف عوامی شعور ہوتا ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment