نئی گیس لائن ۔۔ نیا عذاب


 نئی گیس لائن ۔۔ نیا عذاب۔


کہتے ہیں مسائل کا حل تلاش کرنا ہی اصل خدمت ہے مگر کراچی میں شاید سرکاری اداروں نے یہ اصول کسی اور ہی زاویے سے سمجھا ہے مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں مزید اضافے کو خدمت تصور کر لیا گیا ہے۔ حالیہ دنوں سوئی سدرن گیس کمپنی کا کارنامہ بھی کچھ ایسا ہی ہے جس کا خمیازہ ہم جیسے سادہ دل شہری بھگت رہے ہیں ۔۔

یہاں ایک بات قابل ذکر ہے کہ کراچی جیسے شورش زدہ اور مسائل میں گھرے شہر میں اگر کوئی ایک ادارہ عوام کی نظروں میں قابل تعریف تھا تو وہ سوئی سدرن گیس کمپنی ہی تھی۔ برسوں سے شہر کے باسی گواہی دیتے آئے کہ یہ ادارہ عوام کے مسائل سنتا بھی تھا اور حل کرنے میں عملی تعاون بھی کرتا تھا۔ لیکن شاید کراچی کے شہریوں کا سکھ اور سکون ہمارے صاحب اقتدار کو راس نہیں آتا ، چنانچہ جس ادارے کی شہرت بہتر تھی اسے بھی اپنے منظور نظر نااہلوں کے حوالے کر دیا گیا، نتیجہ؟؟؟؟

جو ادارہ سہولت کا استعارہ تھا آج 

بدنظمی اور بدانتظامی کی ایک اور مثال بن چکا ہے۔ ہمارے علاقے میں چار پانچ ماہ قبل شہر کے دیگر علاقوں کی طرح گیس کی نئی لائنیں بچھائی گئیں۔ نئی لائن کا مطلب نئی سہولت مگر یہاں تو نئی آزمائش نے دستک دے دی،

10جولائی کو ہمیں اس نئی لائن سے کنکشن تو مل گیا، لیکن یہ کنکشن کسی نعمت کے بجائے مستقل پریشانی کا ذریعہ بن چکا ہے۔ صبح سات بجے چائے کا برتن چولہے پر رکھیں اور جب دو گھنٹے بعد جا کر دیکھیں تو معلوم ہوتا ہے کہ پانی بمشکل جوش مارنے کے قریب ہے، پہلے پہل ہم سمجھے کہ شاید یہ مسئلہ صرف ہمارے گھر تک محدود ہے مگر محلے میں ہر دروازہ کھٹکھٹانے پر پتہ چلا کہ حالت ہر گھر کی ایک جیسی ہے۔ ہمسایے نے روٹیاں ہاتھ میں اٹھا کر کہا یہ  دیکھیں، تندور سے لا رہا ہوں، نئی لائن سے کنکشن ملا ہے، لیکن شام کا کھانا اب باہر سے لانا پڑتا ہے، پرانی لائن سے تو کہیں بہتر گیس ملتی تھی۔

علاقے کے بزرگ بتاتے ہیں کہ کنکشن لگانے آئے مزدوروں کو دیکھ کر ہی اندازہ ہو گیا تھا کہ کچھ ٹھیک نہیں۔ کمپنی سے ٹھیکہ لینے والے نے شاید خود کام کرنے کے بجائے کسی اور کو آگے کر دیا اور پھر اس نے بھی کسی تیسرے ہاتھ میں یہ ذمہ داری تھما دی۔ کام کرنے والے مزدور ناتجربہ کار، آلات محدود اور ذمہ داری کا نام و نشان ندارد ۔۔۔۔۔

اس ساری صورتِ حال میں ایک سوال ذہن میں بار بار آتا ہے کہ کیا نئی لائن ڈالنے کا مقصد سہولت دینا تھا یا عوام کی زندگی کو مزید مشکل بنانا؟؟ پرانی لائن سے ملنے والی نسبتاً بہتر گیس کے باوجود اسے بند کر کے اس نئی پریشانی کو مسلط کرنا آخر کس عقلمندی کی دلیل ہے؟ ابھی گرمیاں ہیں تو یہ حال ہے، سردیوں میں تو شاید چولہے کی راکھ بھی ٹھنڈی ملے۔ افسوس صرف اتنا ہے کہ عوام کی سہولت کے نام پر شروع ہونے والے منصوبے، اداروں کی نااہلی اور ٹھیکیداری نظام کی بھینٹ چڑھ کر عوام کے لیے ایک اور عذاب بن گئے ہیں۔ سوئی سدرن گیس کمپنی سے صرف یہی گزارش ہے کہ خدارا ۔۔۔ اپنی کارکردگی پر ایک نظر کرم ڈال لیجیے، کہیں یہ نئی لائن کسی نئے حادثے کی تمہید نہ بن جائے۔


کیونکہ ۔۔۔ 

یہ شہر اب مزید تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ