"شہر بے حال اور اجرک میں لپٹا کمال
"شہر بے حال اور اجرک میں لپٹا کمال"
ہر قوم کی کوئی نہ کوئی پہچان ہوتی ہے۔ کسی کو سائنسدانوں پر ناز ہوتا ہے کسی کو کھیلوں کے ہیرو پر اور کسی کو اپنی شاہراہوں اور فلائی اوورز پر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مگر ہمیں؟؟؟؟؟
ہمیں فخر ہے کھلے گٹروں، ابلتے نالوں، کچرے کے پہاڑوں اور ... جی ہاں ... نمبر پلیٹ پر اجرک کے چھوٹے سے نمونے پر ۔۔۔۔۔۔
یہ ہماری ترقی، تہذیب، فن تعمیر اور شہری نظام کا وہ علامتی تاج ہے جسے دیکھ کر خود ترقی بھی شرما جائے ۔ شہر کی گلیاں اس حال میں ہیں کہ جیسے بارش نے نہیں، کسی دشمن نے بمباری کی ہو، ہر موڑ پر ایک گٹر ہر چوراہے پر ایک ڈھیر ۔۔۔۔۔ اور ہر طرف ایک سوال، کیا یہ واقعی ہمارا شہر ہے یا کسی طنزیہ افسانے کا منظر ؟؟
صبح کا آغاز اب پرندوں کی چہچہاہٹ سے نہیں بلکہ مچھروں اور مکھیوں کی اجتماعی یلغار سے ہوتا ہے۔ یہ وہ مکھیاں ہیں جو نہ صرف صحت عامہ کی دشمن ہیں بلکہ شہری صبر کی بھی ۔۔۔۔۔۔
چوک چوراہوں پر کچرے کے پہاڑ یوں ایستادہ ہیں جیسے حکومت چاہتی ہو کہ عوام پہاڑی علاقے چھوڑ کر شہروں میں کوہ پیمائی سیکھے۔ کبھی کبھی تو لگتا ہے کہ بلدیہ نے کچرے کو فن تعمیر کا درجہ دے دیا ہے۔
ایک دن یہ ڈھیر کسی ثقافتی میلے کا حصہ بن کر کچرا ایوارڈ جیتیں گے ۔
شہر کے طول و عرض میں ایسے منصوبے بکھرے پڑے ہیں جنہیں شروع ہوئے برسوں بیت گئے مگر انجام اب تک افق پر بھی نظر نہیں آتا۔ فیتہ کاٹنے کے ماہرین تو ہر سال نیا خواب بیچ دیتے ہیں مگر زمین پر پڑی ریت، سیمنٹ اور سریے کے سوا کچھ دکھائی نہیں دیتا۔
ایسا لگتا ہے کہ ان منصوبوں کے مکمل ہونے کے بعد ان پر تختی لگائی جائے گی، یہاں کبھی ترقی کا خواب دیکھا گیا تھا ۔۔۔۔
ڈمپر مافیا اس قدر نڈر ہو چکا ہے کہ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے سڑکوں پر شاہی جلوس نکلتا ہو ۔ ٹریفک سگنل ان کے لیے محض سجاوٹی لائٹیں ہیں۔ اگر کسی شہری کی گاڑی سلامت رہ جائے، تو سمجھیں وہ معجزہ ہے یا پھر ڈمپر والا اونگھ رہا تھا ۔۔۔۔
شہر میں اب جرائم اس تسلسل سے ہو رہے ہیں جیسے اخبار میں موسم کی پیشگوئی لکھی جاتی ہو۔ پولیس کا رویہ کچھ یوں ہے جیسے وہ شہریوں کو مجرموں سے بچانے نہیں صرف بیانات دینے کے لیے رکھی گئی ہو ۔۔
تحقیقات جاری ہیں ۔۔ اب محض ایک جملہ نہیں، بلکہ شہری لغت میں ایک مستقل مذاق بن چکا ہے ۔
اب آئیں اس شہر کی اصل شان کی طرف ۔۔۔۔۔ (اجرک نمبر پلیٹ)
اگر کسی وزیر یا سرکاری اہلکار کی گاڑی پر اجرک کا نمونہ نہ ہو تو گویا پورے صوبے پر سوگ طاری ہو جاتا ہے۔ بیوروکریسی، وزارتی عملہ، مشیر، سب ہکا بکا رہ جاتے ہیں۔ پریس ریلیز جاری ہوتی ہے، اخبارات معذرت نامہ شائع کرتے ہیں، اور یوں تاثر دیا جاتا ہے جیسے کسی عظیم سانحے کا سامنا ہوا ہو ۔۔۔
کچھ دنوں میں شاید یہ حکم جاری ہو جائے، کوئی شہری اجرک کے بغیر دفن بھی نہ ہو ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کبھی کبھی یوں لگتا ہے کہ ہم کسی کامیڈی فلم کے کردار ہیں ۔۔ بس فرق یہ ہے کہ ہم ہنس نہیں سکتے، رونے کی بھی اجازت نہیں لیکن گٹر میں گرنے کی مکمل آزادی ہے
یہ شہر اگر کچھ سکھاتا ہے تو بس یہی کہ ۔۔۔۔۔۔
جینا ہو تو گٹر کے کنارے اور پہچان ہو تو اجرک کے سہارے ۔۔۔۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment