ناظم آباد میری مٹی میرا مان


 

"یادوں کے جگنو"


ناظم آباد میری مٹی میرا مان ۔۔۔۔۔۔


یادیں بھی عجیب ہوتی ہیں وقت کے کسی بھولے بسرے کونے سے اچانک جھانک لیتی ہیں۔ کبھی کسی چوراہے پر کھڑے درخت کی چھاؤں میں بچپن کی ہنسی گونجتی ہے تو کبھی کسی پرانی گلی کی دیوار پر لگی اینٹ سے باتیں ہونے لگتی ہیں کچھ علاقوں کا رشتہ محض رہائش سے نہیں ہوتا وہ دل کی دھڑکن بن جاتے ہیں  وہ لفظ نہیں احساس ہوتے ہیں۔

میرے لیے ناظم آباد بھی ایسا ہی ایک احساس ہے۔ جس میں میری بچپن کی سائیکل ہے، دوستیوں کی خوشبو ہے اسکول کی گھنٹی ہے، مسجد کی اذان ہے گلیوں کی رونق ہے اور محبت سے لبریز وہ سب چہرے ہیں  جنہوں نے میری ذات کی دیوار پر روشنی کے جگنو چمکائے ۔۔۔۔۔ 


یہ مٹی بہت مہنگی ہے اس مٹی میں درد چھپا ہے

جو خوابوں کا مول ادا کرے وہی اس کا وارث کہلائے

(احمد ندیم قاسمی)


ناظم آباد خوابوں کا پہلا پتہ ہے۔ 

ہجرت کی کہانی جب نم آنکھوں اور زخمی قدموں کے ساتھ کراچی پہنچی تو شہر کی گود میں ایک ایسا گوشہ آباد ہوا جسے ہم نے ناظم آباد کہا اس سے پہلے یہاں چھوٹے چھوٹے سندھی اور بلوچی گاؤں ہوا کرتے تھے جن کے ارد گرد خاموشی آباد تھی، اور شہر کے ہنگاموں سے کوسوں دور یہ زمین کسی خواب کی طرح ساکت تھی ۔ 1950ء میں  جب حکومت نے مستی بروہی خان جیسے زمینداروں سے یہ علاقہ حاصل کیا اور مہاجروں کے خیموں کو یہاں جگہ ملی تو ناظم آباد صرف ایک رہائشی اسکیم نہ تھی بلکہ ایک نیا آغاز تھا ۔۔۔ چھتوں کے نیچے چھپے ہوئے دل محبتوں کے سفر میں نکلے تھے ۔۔

1952ء میں اس کی باقاعدہ منصوبہ بندی ہوئی۔ پانچ رہائشی بلاکس (V سے I) اور دو کمرشل بلاکس (VI اور VII) میں نیا شہر پروان چڑھنے لگا۔ 240 گز سے لے کر 2000 گز تک کے پلاٹوں میں صرف مکان نہیں محبتوں کے شجر اگے۔ میری اپنی یادوں میں فردوس کالونی، گولیمار، خاموش کالونی، رضویہ سوسائٹی، عثمانیہ کالونی، پاپوش نگر اور مجاہد کالونی وہ مقامات ہیں، جہاں دوپہروں میں چولہے سلگتے تھے اور شاموں میں چھتوں پر کہانیاں سنائی جاتیں ۔۔۔ 


2001ء میں ناظم آباد لیاقت آباد ٹاؤن کا حصہ بنا۔ وہی ناظم آباد جس کے بلاکس I سے VII تک اب شہر کی شناخت بن چکے تھے اور پاپوش نگر کو نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں شامل کیا گیا ۔۔۔۔۔۔


ناظم آباد ہمیشہ سے علم کا دوست رہا ہے۔ جب الطاف علی بریلوی نے یہاں ’’سرسید گرلز کالج‘‘ کی بنیاد رکھی تو یہ صرف عمارت نہ تھی بلکہ بچیوں کے خوابوں کو پر دینے کی پہلی سیڑھی تھی ۔

لڑکوں کا ’’جناح کالج‘‘ اور ’’سٹی کالج‘‘، لڑکیوں کا ’’گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج‘‘ ہومیوپیتھک کالج اور پھر خواتین یونیورسٹی ۔۔۔۔۔۔

یہ سب وہ درخت ہیں، جن کی چھاؤں میں کئی نسلیں پروان چڑھیں اور کیسے بھول سکتا ہوں بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کو یہی تو وہ جگہ ہے جہاں نتائج کے دن دل دھڑکتے تھے اور زندگی کے فیصلے کنکریٹ کی عمارتوں میں لکھے جاتے تھے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔


ناظم آباد صرف زندہ دلوں کا شہر نہیں بلکہ زندگی کے تمام مرحلوں کا امین ہے ۔ عباسی شہید اسپتال درد کی پہلی پکار پر  لبیک کہنے والا ادارہ،   اے او کلینک، بقائی جنرل اسپتال، کراچی نفسیاتی اسپتال ۔۔۔ یہ وہ ادارے ہیں جہاں دعاؤں کی پرچھائیاں، دوائیوں کے ساتھ چلتی رہتی ہیں ۔۔۔۔۔

اور جب زندگی اپنے آخری باب کی طرف بڑھتی ہے تو خاموش کالونی پاپوش نگر، سی ون ایریا اور کھجی گراؤنڈ کے قبرستان  جیسے ماؤں کی گود، آغوش میں لے لیتے ہیں ۔۔۔۔۔۔


میری بچپن کی اذانیں جامع مساجد ناظم آباد سے وابستہ ہیں۔

ناظم آباد کی جامع مساجد میں دینی محفلیں، جمعے کے اجتماعات اور چمکتے چہرے ۔۔

اسی ناظم آباد میں امام بارگاہ رضویہ، امام بارگاہ امامیہ، جماعت خانوں کی خاموش عبادتیں ۔۔۔ ناظم آباد جماعت خانہ، سلطان آباد، اورنگ آباد جماعت خانہ، جونا گڑھ جماعت خانہ ۔۔۔۔۔

یہ سب مجھے ایک ایسی عبادت کی یاد دلاتے ہیں جو فرقے سے بالاتر صرف خلوص کا نام تھی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


ناظم آباد نے کئی عظیم چہرے اس قوم کو دیے ۔۔۔

ندیم جیسا باوقار فنکار، غلام محی الدین کی جاذب نظر اداکاری،

قریش پور کی علمی گفتگو، اور دلاور فگار کی طنز و مزاح سے لبریز شاعری ۔۔۔۔۔۔۔۔

یہ سب اسی مٹی کے پھول ہیں جن کی خوشبو آج بھی ذہن کو معطر کرتی ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


گلبہار سینٹری مارکیٹ ہو یا گول مارکیٹ، رضویہ سوسائٹی مارکیٹ ہو یا خلافت چوک، پاپوش نگر کی گلیاں ہوں یا گولیمار کی رونقیں یہاں کی خریداری صرف سودا سلف نہیں، رشتوں کی گرمجوشی ہوا کرتی تھی ۔۔۔۔۔۔۔۔


غالب لائبریری، نادر لائبریری، زین لائبریری، عثمانیہ لائبریری ۔۔۔۔۔۔۔۔

یہ صرف کتابیں نہیں سنبھالتیں  بلکہ نسلوں کو سنوارتی رہیں،

یہاں ہر شام ایک نیا قاری پیدا ہوتا اور ایک نیا مفکر جاگتا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔


اور سیاست؟؟؟؟؟؟؟ ناظم آباد کراچی کی سیاست کا مرکزی محور رہا ہے یہاں کے لوگ ہر تحریک ہر انتخاب ہر آواز میں شامل رہے، دل سے، خلوص سے، غیرت سے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔


وہ جو شہر تھا خواب سا شہر تھا

وہی شہر اب خواب ہو گیا


(جون ایلیا)


ناظم آباد صرف ایک پتہ نہیں یہ ایک پہچان ہے 

یہ وہ درخت ہے جس کی جڑیں مہاجرت میں پیوست ہیں اور شاخیں روشنی، تعلیم، فن، سیاست اور عقیدت کی سمت بڑھتی ہیں۔

یہ وہ علاقہ ہے جس کی گلیوں میں میری جوانی کا عکس ہے، جس کی شاموں میں میری ماں کی صدائیں ہیں، جس کے چوراہوں پر بچپن کے دوستوں کی آوازیں اب بھی گونجتی ہیں ۔۔۔۔

ناظم آباد ایک بستی نہیں، میری زندگی کی وہ کتاب ہے جس کے ہر صفحے پر جگنو چمکتے ہیں۔


کیونکہ ۔۔۔۔۔۔۔۔

دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔


اختر شیخ


Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ