(استاد جو علم سے زیادہ زندگی سکھاتے تھے)
"یادوں کے جگنو"
(استاد جو علم سے زیادہ زندگی سکھاتے تھے)
ان سب اساتذہ کے نام جنہوں نے صرف علم نہیں دیا بلکہ جینے کا سلیقہ، سوچنے کا زاویہ اور عزت کرنے کا ہنر بھی سکھایا۔۔۔۔
یہ فیض ہے ان کی صحبتوں کا جو آج ہم کچھ بن گئے ہیں
ورنہ ہماری اوقات کیا تھی بس ایک ادھورا خواب تھے ہم
کہتے ہیں ایک بچہ جب پہلی بار اسکول جاتا ہے تو اس کی انگلی ماں چھوڑتی ہے اور اسے تھامنے والا ہاتھ استاد کا ہوتا ہے۔
میری تعلیم کا آغاز فیڈرل اسکول فردوس کالونی ناظم آباد سے ہوا، جہاں میں نے آٹھویں جماعت تک پڑھا۔ وہ پہلا بستہ، پہلا سبق، پہلی مار، پہلی دعائیہ صبح سب کچھ آج بھی دل کے نہاں خانے میں زندہ ہے ۔۔۔
استاد کے قدموں میں چھپی ہے جو روشنی
وہ سورجوں کو بھی جلا بخش دے کبھی
اسکول کے وہ دن جیسے زندگی کے نرم ترین اور سچے لمس تھے۔ سادہ کمرے، محبت کرنے والے استاد اور پڑھنے لکھنے کی خوشبو سے مہکتا ماحول ۔۔۔۔ وہی ماحول جو بچپن کے خوابوں کو تعبیر کی طرف لے جاتا ہے۔
فیڈرل اسکول کے اساتذہ میں جن محترم ناموں کو کبھی نہیں بھول سکتا ۔۔۔۔
سر رشید صاحب، انگریزی کے استاد، انداز پرسکون، واضح اور محبت بھرا۔ زبان کے ساتھ اعتماد بھی عطا کیا۔
سر نعیم اور سر صدیقی صاحب ، اردو پڑھائی۔ ان کے ذریعے صرف اردو نہیں بلکہ تہذیب، تلفظ اور تحریر کا سلیقہ پایا۔
سر خالد صاحب، معاشرتی علوم سے روشناس کرایا، تاریخ کی کروٹوں کا شعور دیا۔
بلوچ صاحب، فارسی پڑھاتے تھے، ان کے لب و لہجے کی مٹھاس آج بھی ذہن میں ہے، اور ان کے اشعار دل میں گونجتے ہیں۔
جن کے دم سے ہے چمن میں روشنی کی بات
وہ چراغ آج بھی دلوں میں جل رہے ہیں
اس کے بعد میں گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ناظم آباد نمبر 1 نزد غالب لائبری میں داخل ہوا، جہاں سے 1973/74 میں میٹرک کیا۔
اس وقت وحید اللہ صدیقی صاحب ہیڈ ماسٹر تھے۔
(نوٹ ۔۔۔ اساتذہ کے نام یاد ہیں مگر مضامین مکمل طور پر یاد نہیں، اس لیے جہاں ذہن میں آیا وہاں مضمون درج کر دیا ہے۔ احباب اصلاح فرما سکتے ہیں)
وحید الدین قریشی صاحب اور عین الدین صاحب کی یاد بہت واضح ہے۔
عین الدین صاحب کے صاحبزادے آج بھی ہمارے علاقے بلاک جے نارتھ ناظم آباد میں مقیم ہیں اور اس گروپ پر بھی موجود ہیں۔
یہ اسکول میرے لیے ایک علمی مکتب ہی نہیں بلکہ تربیت گاہ بھی تھا، جہاں علم سے زیادہ زندگی سکھائی گئی۔
میرے قابل احترام اساتذہ ۔۔
وحید الدین قریشی صاحب۔ پی ٹی ماسٹر، بھاری جسم، بارعب آواز، ہاتھ میں چھڑی۔ ان کی ایک مار آج بھی یاد ہے۔ انہی کے خوف نے ہمیں وقت کی پابندی سکھائی اور ان کے مزاح نے استاد سے دوستی کا قرینہ دیا۔
مار بھی کھائی، دعائیں بھی لیں ہم نے ان سے
وہ استاد تھے یا رب کا کوئی انعام تھے
عین الدین صاحب، دبلے پتلے، چاق و چوبند، اصول پسند، ہمارے اسپورٹس انچارج۔ ان کی تربیت سے ہم نے صرف دوڑنا ہی نہیں، جیتنا بھی سیکھا۔ نظم و ضبط کے پیکر تھے۔
فاروق صاحب، ہمیں اکاؤنٹنگ پڑھاتے تھے۔ ان کی کلاس میں ترتیب، توازن اور وضاحت ہوتی تھی۔ ہمیں سکھایا کہ حساب کی طرح زندگی میں بھی غلطی کی گنجائش کم ہونی چاہیے۔
ترمذی صاحب، اردو کے استاد۔ ان کے انداز میں شیرینی اور زبان پر عبور تھا۔ ہمیں زبان سے محبت کرنا سکھایا۔ ان کی گفتگو آج بھی ہماری زبان میں جھلکتی ہے۔
رضوان صاحب، اسلامیات کے استاد۔ چہرے پر دینداری کی چمک، لہجے میں وقار۔ صرف آیات یا احادیث نہیں بلکہ ان کا مفہوم اور اطلاق زندگی میں اتارتے تھے۔
وہ معلم ہی نہیں رہبر منزل بھی تھے
ہاتھ تھاما تو افق تک ہمیں لے آئے وہ
یہ سب اساتذہ میرے حافظے میں آج بھی روشن چراغوں کی طرح جگمگا رہے ہیں۔
اور پھر۔۔۔۔۔ زندگی کا ایک دلچسپ موڑ
کوئی 1986/87 کی بات ہے۔ میں اس وقت گلبہار تھانے میں تعینات تھا۔ ایک دن وحید الدین قریشی صاحب تھانے تشریف لائے ۔۔۔۔۔ اپنے بیٹے کی ملازمت کی ویری فکیشن کے سلسلے میں ۔
جیسے ہی نظر پڑی، دل میں احترام کے سارے جذبے تازہ ہو گئے۔
میں نے انہیں اپنی کرسی پر بٹھایا اور خود دوسری طرف جا بیٹھا۔ سر حیرت سے مجھے دیکھتے رہے۔
انکوائری ابھی تک نہیں آئی تھی، مگر میں نے وعدہ کیا ،
سر، آپ کو دوبارہ آنے کی زحمت نہیں، جیسے ہی انکوائری آئے گی، میں خود آپ کی قدم بوسی کے لئے حاضر ہو جاوں گا۔
مگر انکوائری میں دس دن لگ گئے۔ ان دس دنوں میں سر دو بار آئے۔ میں شرمندہ بھی ہوا، اور بےبس بھی۔
جب فائل آئی تو علاقے کے دو معززین سے دستخط کروائے، خود انکوائری مکمل کی، تھانے، ڈی ایس پی اور ایس پی آفس جا کر تمام کام مکمل کرایا اور پھر فائل کے ساتھ سر کے گھر پہنچا۔ اور سر کو فائل دیکھ کر دوسرے دن فائل آئی جی افس بذریعہ ڈاک روانہ کی اور وہاں کی وصولی رسید لے کر سر تک پہنچائی ۔
سر نے حیرت سے پوچھا، یہ سب تم نے میرے بغیر کیسے مکمل کر لیا؟؟؟؟؟
میں نے ادب سے مسکرا کر عرض کیا, سر، جو تعلیم آپ نے اسکول میں دی تھی وہ تھانے کی دہلیز پر ختم ہو گئی۔ یہاں آ کر نئی تعلیم شروع ہوتی ہے اور اسی تعلیم سے کام مکمل ہوا ہے۔
سر نے ہنس کر دعا دی، شفقت سے سر پر ہاتھ رکھا اور خوشی کا اظہار کیا۔
۔۔۔سوچتا ہوں۔۔۔
ہم نے استادوں کو کتنا کم یاد رکھا، حالانکہ وہی لوگ ہماری شخصیت کی بنیاد رکھتے ہیں۔ ہم جو کچھ ہیں، ان کے دیے ہوئے الفاظ، اصول اور دعاؤں کا نتیجہ ہیں۔
چراغ بن کے جلتے رہے جو راہوں میں
وہ استاد، وہ رہنما، وہ راہی رہے
فیڈرل اسکول سے لے کر ناظم آباد کی اس عظیم درسگاہ تک، میرے اساتذہ نے جو کچھ دیا، وہ صرف تعلیمی سند نہیں بلکہ جینے کا سلیقہ تھا۔
اور آج جب پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو ایک جملہ دل سے ابھرتا ہے
استاد کی عزت وہ قرض ہے جو خوشی سے ادا کی جاتی ہے
اللہ تعالی ہمارے ان تمام اساتذہ کی مغفرت فرمائے جو اب دنیا میں نہیں رہے ان کے درجات بلند فرمائے،
اور جو حیات ہیں، انہیں صحت و سلامتی عطا فرمائے۔ آمین۔
اختر شیخ
نوٹ ۔ یہ تصویر فیڈرل اسکول کے کلاس فیلوز کی ہے ۔1970/71

Comments
Post a Comment