برادر من قمر خان رحمانی کی محبت بھری ملاقات
یادوں کے جگنو
برادر من قمر خان رحمانی کی محبت بھری ملاقات ۔۔۔
کل کی شام کا سورج ایک نئی اُمنگ لے کر طلوع ہوا تھا، 10جولائی کی یہ شام میرے لیے محض ایک تاریخ نہیں ایک روشن لمحہ بن گئی ایسا لمحہ جو دل کی تختی پر سنہری حروف میں ہمیشہ کے لیے نقش ہو گیا ۔۔ بات یوں ہوئی کہ ہمارے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نمبر 1 نزد غالب لائبریری ناظم آباد نمبر 2 کے ہم مکتب، مشہور نعت خواں مرکزی گلبہار نعت کونسل کے بانی، آداب محافل نعت فیڈریشن پاکستان کی سپریم کونسل کے معزز رکن اور میرے بےحد پیارے بھائی قمر خان رحمانی نے کل شام فون پر اطلاع دی ۔ اختر بھائی کل نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں ایک محفل میں جانا ہے سوچا آپ سے گھر پر ملاقات ہوتی جائے۔۔
یہ اطلاع میرے لیے جیسے ایک خوشبو کا جھونکا تھی، مگر اس وقت میں نے اپنی مصروفیات کے سبب معذرت کر لی ۔۔
لیکن … قدرت کو یہ منظور نہ تھی کہ اس شام کی چائے تنہائی میں پی جائے۔
آج میرے معمول سے ہٹ کر سب کام وقت پر مکمل ہو گئے۔ دل میں بے ساختہ خیال آیا،
قمر بھائی کا ساتھ چھوٹنے نہ پائے۔
فون اٹھایا، رابطہ کیا اور عرض کی،
قمر بھائی، میں آپ کا مغرب میں منتظر رہوں گا ۔
انہوں نے نہایت محبت سے میرے گھر کے قریبی عثمان غنی مسجد کا پتا پوچھا اور وقت پر وہاں آ پہنچے۔ ہم دونوں نے مغرب کی نماز ساتھ ادا کی ۔۔ اور اس ایک سجدے میں جیسے برسوں کی دوری سمٹ آئی ۔۔۔
نماز کے بعد قمر بھائی میرے دولت کدے پر تشریف لائے ۔۔۔ اور یوں ایک محبت بھری نشست کے آغاز سے قبل محبت کا انمول تحفہ ایک قیمتی کتاب عنایت کی ۔۔۔ (میرا جینا، میرا مرنا .... اللہ رب العالمین کے لیے)
جو ان کے ایمان، اخلاص اور فکری پاکیزگی کی عکاسی کر رہی ہے ۔۔
یہ صرف ملاقات نہیں تھی ۔۔۔۔ یہ جیسے پرانے کمرۂ دل کی الماری کھولنے جیسا لمحہ تھا، جس میں قمر بھائی کی مترنم آواز، گلبہار کی روشن راتیں، ذکر و اذکار کی روح پرور محفلیں اور دل سے جھومتے ہوئے عاشق مصطفیٰؐ بن جانے والے دن ایک ایک کر کے جھلملاتے گئے۔
ہم دونوں کا اصل قرب اگرچہ اسکول کے ہم مکتب ہونے سے قائم ہوا، لیکن اس قرب کو معنویت گلبہار کی ان نعتیہ محفلوں سے ملی، جہاں قمر بھائی کے ترنم کی روشنی میرے دل کے تاروں سے ہم آہنگ ہو جاتی تھی۔
اس ملاقات میں ایک اور جگنو بھی شامل ہوا ۔۔۔ وہ
ہمارے پرانے ساتھی طارق اے خان جنہیں ہم نے واٹس ایپ کال کے ذریعہ اس محفل میں شریک کر لیا۔
اور سچ پوچھیں تو یہ قمر بھائی کی آمد نہیں، طارق بھائی کی محبت اور خلوص تھا کہ جس نے اس لمحے کو جوڑ کر رکھا۔ اور
وہی اس یادگار نشست کے اصل دولہا تھے ۔۔
کبھی اسکول کی بات ہوئی، کبھی گلبہار کی نعتیہ محفلیں یاد آئیں اور کبھی مشترکہ دوستوں کے نام ۔۔۔۔
پروفیسر رئیس بھائی، آصف بھائی، نور محمد صاحب ، قاضی عمر
استاد غفار ۔ استاد انوار ان کے بھائی نثار ۔ غفور دیوان جی ۔ آزاد بن حیدر صاحب ۔
الحاج شمیم صاحب ، صابر شمسی بھائی میرے بہت ہی قریبی دوست، یہ تمام ہی دوست اب ہم میں نہیں، اللہ پاک ان کے درجات بلند فرمائے ۔ آمین ۔
دیگر دوست ۔ قاضی مہربان ، ناصر خان
مبین بھائی، عقیل عباسی صاحب اور دیگر سبھی دوستو
جگنو بن کر جھلملا اٹھے۔
قمر بھائی 1985 میں گلبہار سے نارتھ کراچی شفٹ ہو گئے تھے، اور میں 1994 میں نارتھ ناظم آباد آ بسا ۔۔۔۔۔۔
یہ درمیانی خلا طارق بھائی کی محبت نے پھر آباد کیا اور اس پرانی تصویر کو پھر سے رنگوں سے بھر دیا۔
برادر من قمر رحمانی 2016 میں محکمہ کسٹمز سے بطور سینئر پریونٹو افسر ریٹائر ہو چکے ہیں ۔۔۔۔۔۔
لیکن ان کی آواز ان کی نعت ان کی شخصیت، اب بھی ویسے ہی توانا، پرسوز اور جذبۂ عشق مصطفیٰؐ سے لبریز ہے ۔۔۔
یہ ملاقات صرف ایک یادگار لمحہ نہیں تھی ۔۔ بلکہ میرے دل کے نہاں خانے میں ایک اور جگنو کی چمک تھی، ایک اور پگڈنڈی تھی جو ماضی سے حال کو جوڑتی ہے ۔۔
میں دل سے شکر گزار ہوں ۔۔۔
قمر بھائی کی آمد کا ، ان کے تحفے کا،
طارق بھائی کی محبت کا، اور اس رب کریم کا جس نے ہمیں ایک بار پھر یادوں کے جگنو کی چھاؤں میں لا بٹھایا ۔۔۔
اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ قمر بھائی کو صحت، عافیت، برکت، نور، ایمان اور نعت مصطفیٰؐ کی خدمت کی مزید قبولیت عطا
فرمائے۔
ان کے علم و ادب کو ترویج دے ۔۔ طارق بھائی کی محبتوں کو سلامت رکھے، ان کے رابطے ہمیشہ قائم رہیں اور وہ اسی طرح دوستوں کے دل جوڑتے رہیں۔
ہمارے اسکول کے تمام دوست ہمیشہ خوش و آباد اور باہم جڑے رہیں ۔۔۔
کیونکہ ۔۔۔۔۔۔
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment