*عابد۔۔۔۔لچھےدار پراٹھوں جیسا دوست*
"یادوں کے جگنو"
*عابد۔۔۔۔لچھےدار پراٹھوں جیسا دوست*
بچپن کی دوستی ایسی بے قیمت دولت ہے جو وقت کی گرد سے دھندلا نہیں سکتی۔ یہ وہ رشتہ ہے جو نہ عمر کی سرحدوں کا پابند ہوتا ہے، نہ ہی فاصلے اسے کمزور کر سکتے ہیں۔ کچھ تعلقات دل میں ایسے پیوست ہو جاتے ہیں جیسے بچپن کے خوشبو دار لمحے، جنہیں وقت بھی مٹا نہیں سکتا۔
عابد میرا وہی کلاس فیلو ہے، جو اسکول کے دنوں سے میرے دل کے قریب ہے۔ اگرچہ کالج کی تعلیم میں ہماری راہیں جدا ہو گئیں، لیکن دلوں کا ربط، محبت کا وہ تار، کبھی نہ ٹوٹا۔ ہم تین دوست ، میں، عاطف، اور عابد ۔۔۔۔۔ ایک مثلث کی طرح، تین مختلف زاویے مگر ایک ہی مرکز پر جڑے ہوئے۔ وقت کی موجیں آئیں، زندگی نے کئی رخ بدلے، لیکن ہماری دوستی کا یہ ہنستا بستا منظر کبھی مدھم نہ ہوا۔
عابد کی شخصیت میں سادگی ہے، خلوص ہے، اور وہ محبت ہے جو لفظوں کی محتاج نہیں۔ وہ نہایت مخلص، ملنسار، اور دوسروں کی تکلیف کو اپنی تکلیف سمجھنے والا انسان ہے۔ کبھی کبھار غصے میں آ بھی جائے تو وہ غصہ بادل کی گرج کی مانند ہوتا ہے ۔۔۔۔۔ زور سے گرجتا ہے مگر فوراً چھٹ بھی جاتا ہے۔
مجھے آج بھی عابد کے گھر کی خوشبو یاد ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وہی خوشبو جو اس کی امی کے ہاتھوں سے بنے ہوئے لچھےدار پراٹھوں سے آتی تھی۔ کبھی وہ پراٹھے دال سے بھرے ہوتے، کبھی آلو سے، اور کبھی خالص محبت سے۔ یہ وہ ذائقے تھے جو نہ صرف زبان پر نقش ہوئے، بلکہ دل میں بھی بس گئے ۔ اس کے گھر کی مہمان نوازی ایسی تھی جیسے دروازے نہیں دل کھلے ہوں۔ جب بھی میں وہاں جاتا، اس کی امی مجھے اپنے بیٹے کی طرح شفقت سے رکھتیں۔ ان کی محبت اور سادگی نے ہمیشہ یہ احساس دیا کہ رشتے صرف خون سے نہیں، دل سے بھی بنتے ہیں۔
ڈیرھ دو سال قبل جب ان کا انتقال ہوا، تو دل پر ایک سایہ سا چھا گیا۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے، ان کی بخشش فرمائے، اور انھیں اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ آمین۔
زندگی نے عابد کو بھی ایک کڑی آزمائش سے گزارا۔ کچھ عرصہ قبل وہ بائی پاس آپریشن سے گزرا، لیکن اس نے اس مرحلے کو بھی صبر، حوصلے اور امید کے ساتھ عبور کیا۔ آج الحمد للہ وہ بہت بہتر ہے اور ہماری بات چیت روزانہ کی بنیاد پر جاری رہتی ہے۔
یہی تو اصل دولت ہے، رابطے، رشتے، اور وہ خالص دوستی جو وقت کے ساتھ پرانی نہیں، بلکہ اور نکھرتی جاتی ہے۔
عابد — لچھےدار پراٹھوں جیسا دوست، خالص محبت کا آئینہ ۔۔۔ ان چند خوش نصیب رفاقتوں میں سے ہے جن سے صرف ماضی کی یادیں نہیں، حال کا سکون اور مستقبل کی امیدیں بھی جڑی ہوئی ہیں۔ ایسی دوستیاں نصیب والوں کو ملتی ہیں، اور میں اس رب کا بہت شکر گزار ہوں کہ میں ان خوش نصیبوں میں ہوں۔
اللہ تعالیٰ عابد کو ہمیشہ صحت، خوشی، اور سکون عطا فرمائے، اور ہماری یہ بچپن کی دوستی محبت اور خلوص کے اسی رنگ میں قائم و دائم رہے۔ آمین۔
اور آخر میں ایک دل سے نکلی خصوصی دعا عابد کے صاحبزادے عدنان کے لیے ۔۔۔۔۔ وہ عدنان جو ابھی نوجوانی کی دہلیز پر ہے، اور جو کمر کی ایک تکلیف میں مبتلا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ایسا معجزہ دکھا دے کہ عدنان مکمل صحتیاب ہو جائے اور اپنی زندگی بھرپور انداز میں جینے کے قابل ہو جائے۔ آمین یا رب العالمین۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment