(وہی گلی، وہی بیٹھک، وہی جگنو .... قسط دوم)
یادوں کے جگنو
(وہی گلی، وہی بیٹھک، وہی جگنو .... قسط دوم)
یادیں چھاؤں کی صورت ہیں، دل میں رہتی ہیں
جیسے پیڑ کے نیچے بیتی شامیں بولتی ہوں
کچھ رشتے پتے تبدیل ہونے سے ختم نہیں ہوتے، کچھ محبتیں وقت کی دھول میں چھپ نہیں جاتیں..
ناظم آباد میرے لیے محض ایک پتہ نہیں ایک پہچان ہے۔ بچپن میں جس گلی سے دل جڑا آج پینتیس برس نارتھ ناظم آباد میں گزارنے کے بعد بھی وہ رشتہ ویسے کا ویسا قائم ہے۔ بس اب روز کی جگہ ہفتے میں ایک آدھ بار جانا ہو پاتا ہے، اور وہ بھی گھٹنوں کی مجبوریوں کے ساتھ ... لیکن سچ پوچھیں تو دل کا سفر تو روز ہی ہوتا ہے ... ہر صبح، ہر شام، میں خود کو وہیں پاتا ہوں۔۔۔۔۔۔
جبار بھائی کی دکان کے سامنے، جہاں بیٹھک سجتی تھی اور مسافر ہوٹل کی چائے جو الفت گھول کر پلائی جاتی تھی ....
ان بیٹھکوں کی جان تھے وہ دوست۔۔۔ وہ جگنو، جنہوں نے ہر لمحہ روشن رکھا۔۔۔
پہلی قسط کے بعد بہت سے پیاروں کی محبت بھرے شکوے موصول ہوئے ۔۔۔ ہمارا تو ذکر ہی نہیں آیا ۔۔۔ اسی یاددہانی اور رفاقت کے قرض کو ادا کرنے کے لیے یہ دوسری قسط لکھی گئی ہے۔
اسلم پتی مرحوم ۔۔ ہماری محفل کی رونق، پائے کھانے کا دیوانہ اگر اس کی مرضی چلتی تو صبح شام پائے کھاتا۔ کیرم اور ڈبو کا ایسا جنون کہ میں اس کا مستقل پارٹنر تھا۔ ساتھ ہی دوسری پارٹی میں اسلم میمن اور افضال ہوتے۔ اللہ پاک اسلم کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ اس کے ساتھ کی یادیں لکھنا شروع کروں تو صفحے ختم ہو جائیں، مگر سلسلہ نہ ختم ہو۔۔۔
فرید بھائی (پیٹرول پمپ والے) راحیل ہمدانی (یو سی ناظم) اور محمد علی ظفر بھائی ۔۔۔ اردو ادب کا جلاتا چراغ، جس نے اپنے چینل کے پروگرام بیٹھک کا پہلا پروگرام ہماری بیٹھک سے شروع کیا۔
تنویر بھائی اور تسلیم بھائی (ملٹی فام والے) دونوں محبتوں کے امین، شفیق ہیئر ڈریسر اور شفیق ہووزی والے بھی محفل کی جان تھے۔
سلیم شمسی، فرخ شریف، اور دیگر بے شمار چہرے ۔۔
ایک یادگار رات کا ذکر ضروری ہے، جب محفوظ شیرمال والے نعیم بھائی ہادی بھائی سے ملاقات کے لیے آئے، اور ساتھ شیرمال لائے۔ اتفاق سے اسی وقت عرفان بھائی (جو عرصے سے کینیڈا میں مقیم ہیں) بھی کراچی آئے ہوئے تھے اور گھر پر مہمانوں کی دعوت رکھی ہوئی تھی۔ وہ بھی زبردست دیگی پلاؤ اور قورمہ لے آئے۔ پھر کیا تھا ۔۔۔۔۔۔ پوری محفل نے کھانے کے ساتھ مکمل انصاف کیا۔ چائے کے دور کے بعد رات گہرائی اور محفل برخاست ہوئی ۔۔۔۔۔۔
اسی رات محفل برخاست ہونے کے بعد، میں اور مشیر خان عرف ابا مرحوم ہمیشہ کی طرح اپنی اپنی بائیک پر روانہ ہوئے۔ وہ فائیو اسٹار چورنگی کی طرف سے ایل بلاک اور میں شب اونر چورنگی کی طرف ۔ فائیو اسٹار پر ہم رکے اور اگلے دن دوپہر میں ناظم آباد میں ایک کام کے سلسلے میں ملاقات طے پائی
دوپہر میں نے گھر سے نکلنے سے پہلے مشیر کو فون کیا کہ کب تک ناظم آباد پہنچو گے؟؟؟ جواب آیا ابھی صدر میں ہوں، چار ساڑھے چار تک پہنچ جاؤں گا، تم تب نکلنا۔ ہائے ہائے
ساڑھے چار بجے مشیر کے صاحبزادے کا پیغام آیا ابا کا انتقال ہو گیا ۔۔۔۔ صدر میں ہارٹ اٹیک ہوا لوگ ہسپتال لے کر پہنچے مگر روح پرواز کر چکی تھی ۔۔۔۔۔
قلم رک گیا، وقت تھم گیا۔ اللہ مشیر بھائی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔
اب آتے ہیں ایک اور یادگار لمحے کی طرف ۔۔۔۔۔۔۔
پانچ فروری کشمیر ڈے کی چھٹی پر، ہمارے لڈو کے بزرگ دوست ارشد بھائی جان اور ایوب بھائی مولا احمد والے کی پرانی نوک جھوک ایک دلچسپ مقابلے میں ڈھل گئی۔ دو ٹیمیں بنیں ایک ارشد بھائی کی جس میں تمام لڈو ماسٹر شامل تھے، اور دوسری ایوب بھائی کی جس میں ہم جیسے عام لڈو کھیلنے والے ۔۔۔۔
صبح دریوں کا انتظام ہوا کھانے کی دیگ رکھی گئی اور معرکہ لڈو شروع ہونے ہی والا تھا کہ نظام بھائی (پرنس بیکری والے) آئے اور ارشد بھائی سے ہنستے ہوئے کہا ،،واہ بھئی واہ،، کشمیر ڈے کے نام پر ہماری بیکری بند کرائی اور خود لڈو کھیل رہے ہیں ۔۔
(یاد رہے، ارشد بھائی کا تعلق بھی کشمیر سے تھا)
پہلا مقابلہ میں اور ہاشم بھائی نے ایوب بھائی کی ٹیم کی طرف سے کھیلا اور ہم نے جیت حاصل کی۔ پھر ایوب بھائی کی ٹیم نے تمام میچز جیتے، ارشد بھائی کی ٹیم کو ایک بھی جیت نصیب نہ ہوئی ۔۔۔۔۔
مہینوں اس پر نوک جھوک اور ہنسی کا سلسلہ جاری رہا۔ اللہ ارشد بھائی جان کے درجات بلند فرمائے، اور ایوب بھائی کو مکمل صحت عطا فرمائے۔ آمین۔
اب ذکر ہو جائے پیارے با ادب نوجوان حنیف کا پولیس افسر ہونے کے باوجود نہایت بااخلاق، مہذب اور شائستہ، میری اور حسین مرحوم کی جب نوک جھوک ہوتی تو حنیف مخصوص انداز میں ہاتھ جھاڑنے کا اشارہ کرتا، جیسے پانی کی بالٹی میں ہاتھ ڈال کر نکالا ہو۔ ہم پوچھتے یہ کیا کر رہے ہو؟؟؟؟؟ تو وہ ہنستے ہوئے کہتا پیٹرول چھڑک رہا ہوں ۔۔۔ تاکہ نوک جھوک کی آگ نہ بجھ جائے ۔۔۔۔۔
برسوں بعد حنیف بھائی کا فون آیا یار، ملاقات کو عرصہ بیت گیا، آفس آ جاؤ، منگل یا بدھ کو۔ میں نے اپنے اسکول دوست جمی سے کہا یار، لے چلو اور حسب وعدہ ہم ڈی آئی جی آفس، نیوٹاؤن پہنچے۔
حنیف بھائی سے گرمجوشی سے ملاقات ہوئی، چائے، بسکٹ، اور پرانی یادیں تازہ ہوئیں۔ ایسا لگا وقت وہیں رک گیا ہو۔
جمی نے تصویریں بنائیں، لمحے محفوظ کیے ۔۔۔ اور میں جمی کی تصویر لینا بھول گیا ۔۔۔۔۔۔۔
مگر وہ یاد آج بھی دل کو گرما دیتی ہے۔
جمی، تم جیسے دوست وہ جگنو ہیں جو اندھیری راتوں میں بھی دل کو روشن رکھتے ہیں۔
ہماری یہ روز کی نشست کے تمام جگنو مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے، مختلف سیاسی نظریات رکھنے والے تھے، لیکن کبھی کوئی بدتہذیبی، کوئی دل آزاری نہیں ہوئی۔
میں ان تمام دوستوں سے جن کا ذکر اس یادداشت میں نہ آ سکا، محبت سے معافی چاہتا ہوں ۔۔۔۔۔۔۔ آپ سب بھی اس محفل کے جگنو تھے۔ یہ محفل دل میں روشن ہے اور روشن رہے گی ۔۔۔۔۔
اللہ پاک تمام مرحومین کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے، اور جو دوست حیات ہیں ان کو صحت، خوشیاں اور لمبی عمر عطا فرمائے۔ آمین
یادیں وہ چراغ ہیں جو وقت کی آندھیوں میں بھی بجھتے نہیں، بس ہلکی ہلکی روشنی دے کر دل کے کسی کونے میں مسلسل جلتے رہتے ہیں۔ یہ تحریر صرف گزرے لمحوں کا مرثیہ نہیں، یہ ان ہنستے قہقہوں ان بیٹھکوں ان پگڈنڈیوں کی جیتی جاگتی تصویر ہے
جہاں دوست صرف دوست نہیں ۔۔۔۔۔ دل کے جگنو تھے ۔۔۔۔۔۔
ہم میں سے کچھ آج بھی وہیں ہیں ۔۔۔ جسم سے نہیں تو یادوں سے،
کچھ اس محفل سے رخصت ہو چکے ہیں، مگر ہر لمحہ اپنی یاد کی روشنی چھوڑ گئے۔
ان جگنوؤں کی ٹمٹاہٹ میں محبت خلوص اور ایک ایسا رشتہ چھپا ہے
جو نہ وقت سے کمزور ہوا نہ فاصلے سے مدھم ۔۔۔۔۔۔۔
یہ تحریر ان سب کی نذر ۔۔۔۔ جنہوں نے دل کے کسی کونے میں،
ابھی تک ناظم آباد کی گلیوں کو سنبھال رکھا ہے ۔۔۔۔۔۔
کچھ لوگ خزاں میں بھی بہاروں کی طرح ہوتے ہیں
جاتے ہوئے بھی دل میں اتر جاتے ہیں خاموشی سے
کیونکہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment