*صفائی کے دعوے اور کچرے کے میلے*
*صفائی کے دعوے اور کچرے کے میلے*
ہمارے شہر کا بلدیاتی نظام بھی کسی طربیہ ڈرامے سے کم نہیں، مین شاہراہوں کی صفائی کسی ایک محکمے کے ذمے ہے، گلیوں کی جھاڑ پونچھ کسی دوسرے کے سپرد اور کچرا اٹھانے کا انعام کسی تیسرے کے پاس ۔۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے شہر کی خدمت کے بجائے ایک میچ کھیلا جا رہا ہو جہاں گیند ادھر سے ادھر پھینکی جاتی ہے مگر اسکور بورڈ مسلسل صفر پر ہی جما رہتا ہے۔ گلی کوچوں کا حال یہ ہے کہ گھروں کے دروازوں کے سامنے کوڑے کے ڈھیر یوں سجے ہیں جیسے کسی میلے کا منظر ہو۔ نالے ابل رہے ہیں اور شہریوں کو چیخ چیخ کر اپنی موجودگی کا احساس دلا رہے ہیں۔ سڑکوں پر گندگی کا یہ سماں ہے کہ اگر کوئی اجنبی آ نکلے تو اسے شہر کم اور کچرے کا میوزیم زیادہ دکھائی دے۔
اداروں کے ذمہ داران کی کثرت ہے مگر نتائج ناپید ۔۔۔ دعوے ایسے بلند و بانگ کہ سننے والا سمجھے ابھی ابھی شہر آئینہ خانہ بننے والا ہے مگر حقیقت کی گلیوں میں بدبو اور تعفن کے سوا کچھ نہیں۔ رہی سہی کسر سوشل میڈیا نے پوری کر دی ہے جہاں اپنی اپنی کارکردگی کی ایسی ویڈیوز جاری کی جاتی ہیں جیسے کراچی کو پلک جھپکتے میں پیرس بنا دیا گیا ہو۔ لیکن جب انہی مقامات پر جا کر اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ مشکل سے سو فٹ کی سڑک یا گلی کا کام ہوا ہے باقی سب جوں کا توں کھنڈر پڑا ہے ۔۔۔۔۔
یہ بھی کسی المیے سے کم نہیں کہ صفائی اور ترقی کے اعتبار سے کراچی کا جو دور پرویز مشرف کے زمانے اور مصطفی کمال کی نظامت میں نظر آیا تھا اسے شعوری طور پر اجاڑ دیا گیا۔ آج وہی شہر جسے اس وقت روشنی میں نہایا ہوا کہا جا سکتا تھا اب اندھیروں اور کچرے کے ڈھیر میں ڈوبا دکھائی دیتا ہے۔ اصل کھیل صفائی کا نہیں بلکہ پوائنٹ اسکورنگ کا ہے۔ دکھاوا یہ کہ شہر سدھر رہا ہے حقیقت یہ کہ شہریوں کا صبر آزمایا جا رہا ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے اس نظام نے صفائی کے بجائے گندگی کو قائم رکھنے اور اشتہاروں کو چمکانے کا فن سیکھ لیا ہے۔۔
اور سچ پوچھیں تو کراچی کی گلیوں کی حالت دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ شہر اداروں کے رحم و کرم پر نہیں بلکہ صرف شہریوں کے صبر پر چل رہا ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment