*اندھیروں کے اسٹار کسٹمر: بجلی، بل اور بے بسی*


 


*اندھیروں کے اسٹار کسٹمر: بجلی، بل اور بے بسی*


ربیع الاول کے آغاز میں کے الیکٹرک نے نہایت شفقت کے ساتھ ہمارے موبائل فون پر لوڈشیڈنگ کا ایک تصویری شیڈول بھیج دیا، جس میں روزانہ چار بار، ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹے کے لئے بجلی غائب کرنے کی نوید سنائی گئی۔ اہل محلہ نے ابتدا میں گمان کیا کہ شاید یہ چراغاں اور میلاد کی رونقوں کے سبب وقتی کمی بیشی ہے۔ سوچا، دس بارہ دن کے بعد روشنی بھی لوٹ آئے گی اور اندھیرے بھی چھٹ جائیں گے۔ مگر جناب،

اندھیروں نے ایسا بسیرا جمایا کہ حالات وہی بن گئے جو گلبہار اور اورنگی ٹاؤن کے قصے سننے میں آتا ہی۔ جہاں پندرہ پندرہ گھنٹے بجلی کا چراغ گل رہتا ہے۔

ہم نے یہ پیغام، ساتھ ہی اپنی بے بسی کی آواز میں لپٹا ایک صوتی پیغام، محلے کے ایک پرانے دوست کو بھیجا جو جماعت اسلامی کے بڑے سرگرم رکن ہیں۔ مگر ان کا جواب سن کر تو ہنسی بھی آئی اور غصہ بھی، فرمایا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ صرف کنڈے اور بجلی چوری ہے۔ میں نے کہا، بھائی، یہ کنڈے کیا تازہ تازہ اگے ہیں؟ پچھلے آٹھ دس سال سے کیوں نہیں تھے؟ اور اگر ہیں بھی تو ان کو پکڑنا کیا ہمارا کام ہے؟؟؟ بات چیت سے جلدی ہی اندازہ ہوگیا کہ ان کے پاس مسئلہ حل کرانے کی سکت نہیں۔ بس سوشل میڈیا کے مجاہد ہیں، جو ٹوئٹ اور پوسٹ کی تلوار سے بڑے بڑے معرکے مار لیتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

محلے کے ایک اور پرانے ساتھی نے تسلی دی کہ شاید عثمان غنی مسجد کے پاس کیبل کا کچھ کام چل رہا ہے، اسی لئے روشنی نے راستہ بدل لیا ہے۔ خیر، ہفتہ بھر گزر گیا، لیکن بجلی کی دیوی واپس نہ آئی۔


ایسے میں برادر عزیز کا خیال آیا۔ یہ وہی ہستی ہیں جو ہماری گلی کے اکثر مسائل کے لئے ڈھال بنے۔ گلی کی ٹوٹی نالی سے لے کر اداروں کے بڑے دفتر تک ان کی کاوش رنگ لاتی رہی۔ اللہ پاک انہیں بہترین صلہ عطا فرمائے۔ دس پندرہ دن بعد انہی کا فون آیا، دریافت کیا کہ مسئلہ حل ہوا یا نہیں۔ میں نے کہا، ابھی تو اندھیروں سے دوستی بڑھتی جا رہی ہے۔ فرمانے لگے، کوشش جاری ہے، ادارے سے بات چیت ہو رہی ہے۔ دیکھیں کب تک روشنی کی واپسی کا ویزا لگتا ہے۔ یہ اور بات ہے کہ وہ پچھلے چار پانچ برس سے دوسرے محلے میں رہتے ہیں، مگر دل اب بھی اسی گلی کی دھڑکن کے ساتھ جڑا ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اب حال یہ ہے کہ اکثر گھروں نے سولر سسٹم لگا کر سورج کو اپنا نجات دہندہ مان لیا ہے۔ اور جن کے پاس یہ سہولت نہیں، وہ پچاس ساٹھ ہزار کے بل بھر کر بھی اندھیروں کے وفادار صارف بنے ہوئے ہیں۔ حیرت ہے کہ جو علاقہ آٹھ دس برس تک لوڈشیڈنگ سے محفوظ اور کے الیکٹرک کا اسٹار کسٹمر کہلاتا تھا، آج وہی محلہ اندھیروں کی قید میں ہے اور سوشل میڈیا کے مجاہد اب بھی نعرے لگا کر سمجھتے ہیں کہ انہوں نے محاذ سر کر لیا۔


نہ چراغِ جاں کو جلا سمجھ نہ چراغِ جاں کو بجھا سمجھ 

بڑی کشمکش کا ہے معرکہ نہ ادھر کوئی نہ ادھر کوئی


اختر شیخ


‏

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ