(طارق اے خان بھائی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جو دل میں بھی بستے ہیں اور یادوں میں


 

ہمارے اس ناظم آباد گروپ نے ایک اور بچھڑے ساتھی سے ملا دیا ۔۔۔۔۔ 


"یادوں کے جگنو"


(طارق اے خان بھائی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جو دل میں بھی بستے ہیں اور یادوں میں بھی)


بچپن، محلہ، اسکول ۔۔۔۔۔۔۔ 

یہ سب صرف الفاظ نہیں بلکہ ہماری شخصیت کے وہ رنگ ہیں جو وقت کے کینوس پر ہمیشہ کے لیے ثبت ہو جاتے ہیں۔

زندگی چاہے جتنی بھی آگے نکل جائے، کچھ چہرے کچھ لمحے اور کچھ آوازیں ہمیں وہیں لوٹا دیتی ہیں ۔۔۔۔۔۔

جہاں ہم نے خواب دیکھنا سیکھا، جہاں دوستی خلوص سے شروع ہوتی تھی اور شکایت پر ختم نہیں ہوتی تھی۔


ایسے ہی ایک دن، جب پرانے ناظم آباد رہائشی گروپ فیس بک پوسٹ پر ایک سادہ سے تبصرے نے برسوں پرانے دروازے کھول دیے،

تو یادوں کی اس بارات میں ایک ایسا چراغ روشن ہوا جس نے ماضی کو حال سے جوڑ دیا۔

یہ چراغ ہیں ۔۔۔۔۔۔  ہمارے پیارے طارق اے خان بھائی ۔۔۔۔ 


کہتے ہیں کچھ لوگ صرف انسان نہیں ہوتے، بلکہ چلتی پھرتی انسائیکلوپیڈیا ہوتے ہیں ۔۔۔۔۔

ایسی انسائیکلوپیڈیا جس میں تاریخ نہیں،

دلوں کی دھڑکنیں اور یادوں کی روشنی محفوظ ہوتی ہے۔


طارق بھائی ان ہی لوگوں میں سے ایک ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 

گو وہ 1974ء میں سائنس گروپ کے طالب علم تھے، اور میں کامرس گروپ سے وابستہ تھا لیکن جب حالیہ دنوں ان سے تفصیلی گفتگو ہوئی، تو لگا جیسے ہمارے درمیان برسوں کی دوری نہیں بلکہ یادوں کا ایک مضبوط پل ہے۔

جب میں نے اپنے پرانے کلاس فیلوز کے نام لیے تو وہ ایک ایک نام پر ایسے جگمگا اٹھے

جیسے دل کی الماری میں برسوں سے بند تصویریں ایک ایک کر کے روشنی میں آ گئی ہوں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 

انہوں نے ہر دوست کے ساتھ جڑی یاد کو اتنی محبت، تفصیل اور خلوص سے بیان کیا کہ میں حیرت کے ساتھ ساتھ جذبات کی نمی میں بھیگتا گیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کیا کمال کی یادداشت ہے کیا بےمثال محبت ہے برادر من کی ۔۔۔۔۔ 


طارق بھائی کی باتوں سے نہ صرف میرے اپنے کلاس فیلوز کی خبریں ملیں بلکہ وہ چہرے بھی یادوں میں روشن ہو گئے جو اسکول کے ہم جماعت تو نہ تھے 

لیکن شام کی ہاکی، گلیوں کی شرارتوں

اور محلے کی محفلوں کے ساتھی ضرور تھے۔ اور حیرت تو تب ہوئی

جب معلوم ہوا کہ ان میں سے بعض طارق بھائی کے قریبی محلے دار اور قرابت دار بھی تھے۔

دل میں ایک امید جاگ اٹھی کہ شاید طارق بھائی کی روشنی میں ان ساتھیوں کو دوبارہ تلاش کر سکوں جو برسوں سے بچھڑ گئے تھے۔


سچ پوچھیں تو طارق بھائی کے لیے کچھ بھی لکھنا الفاظ کی تنگی کا احساس دلاتا ہے۔

ایسا لگتا ہے جیسے کوئی سمندر ہو

جسے لفظوں کے پیالے میں بھرنے کی کوشش کی جا رہی ہو، ان کی یادداشت، خلوص اور محبت ہم جیسے لوگوں کے لیے صرف جذباتی سہارا نہیں، بلکہ وہ چراغ ہے جو دل میں بھی جلتا ہے اور راہوں میں بھی روشنی دیتا ہے ۔۔۔۔۔۔

وقت کی گرد میں بہت کچھ دھندلا جاتا ہے مگر کچھ چہرے کچھ آوازیں اور کچھ یادیں ۔۔۔۔۔

ہمیشہ دل کے قریب رہتی ہیں۔


طارق بھائی ان میں سے ایک ایسا جگنو ہیں

جو نہ صرف روشنی دیتے ہیں، بلکہ اپنے لمس سے ماضی کے کچے راستوں پر پھر سے چلنے کا حوصلہ بھی دیتے ہیں ۔۔۔ 

دعا ہے کہ ان کا یہ ذوق یاد یہ جذبۂ ربط اور یہ خلوص کی روشنی ہمیشہ سلامت رہے ۔ 


کیونکہ ۔۔۔

دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے


اختر شیخ


۱۳ جون ۲۰۲۵

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ