دل کی روشنی میں برادر من اخلاص کا جگنو
یادوں کے جگنو
دل کی روشنی میں برادر من اخلاص کا جگنو
یادوں کے دیے جلتے ہیں، دل کے آئینے میں کچھ چہرے کبھی پرانے نہیں ہوتے…
ناظم آباد کی گلیاں عجیب کمال رکھتی ہیں۔ وقت کتنا بھی گزر جائے، مگر وہاں کے چہرے، محبتیں اور رشتے دل کے دریچوں میں یوں محفوظ رہتے ہیں جیسے چراغ کے اندر جلتا ہوا دیا۔ انہی جگمگاتے دیوں میں تین بھائیوں کی صورتیں ہمیشہ میرے دل میں روشن رہتی ہیں۔۔۔
فرید شیخ مرحوم، اقبال شیخ عرف بالے بھائی، اور برادر عزیز اخلاص۔
سرسید کالج کے برابر وہی پیٹرول پمپ … جہاں سے نہ صرف گاڑیوں کے ٹینک بھرتے تھے بلکہ دلوں کے رشتے بھی توانائی پاتے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔
فرید بھائی اور بالے بھائی پر تو میں خاکے لکھ چکا ہوں، لیکن اخلاص بھائی سے ملاقات نہ ہو پانے کی کمی ہمیشہ کھٹکتی رہی۔ بالآخر بدھ کی رات ناظم آباد کی بیٹھک میں بات طے ہوئی کہ کل جمعرات کو یہ کمی بھی پوری کی جائے گی اور یوں، ایک پرانی حسرت نے نئے چراغ کی صورت اختیار کی۔
پھر یوں ہوا کہ بالے بھائی کا حیدری مارکیٹ کے سوئی گیس دفتر میں کچھ کام نکلا۔ انہوں نے چار بجے فون کیا کہ یہاں آ جاؤ، پھر ہم اخلاص بھیا کی طرف چلیں گے۔ میں بھی دس منٹ میں وہاں پہنچ گیا۔ بالے بھائی اپنے کام سے فارغ ہوئے تو ہم دونوں حیدری کی گلیوں سے گزرتے اخلاص بھائی کے گھر جا پہنچے۔
اخلاص بھائی کی طبیعت بھی بالکل اپنے دوسرے بھائیوں جیسی،
ملنسار، ہمدرد اور دکھ سکھ میں کام آنے والا۔ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ چند برس قبل جب مجھے بجلی کے دو نئے میٹر درکار تھے تو انہی کی محنت اور تعاون سے وہ جلد از جلد لگ گئے۔ نہ کوئی تکلیف نہ مشقت ۔۔۔ بس یوں لگا جیسے برادر عزیز کے سائے تلے آسانیاں خودبخود اتر آئیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تقریباً ایک گھنٹے کی یہ بیٹھک پرانی یادوں کی مہک اور نئی باتوں کی تازگی سے بھری رہی۔ وقت کا پتہ ہی نہ چلا اور لمحے یوں گزر گئے جیسے پلک جھپکنے کی دیر ہو۔ جب اجازت لے کر میں بیٹی کو لینے روانہ ہوا اور بالے بھائی ناظم آباد گھر کی طرف لوٹے، تو دل نے بس یہی کہا کہ یہ ملاقات ایک ساعت کی نہیں تھی بلکہ کئی یادوں کے جگنو روشن کرنے والی گھڑی تھی۔
فرید بھائی کی محبت بھری مسکراہٹ اور بالے بھائی کی بے تکلفی گو آج یادوں میں ہے، مگر اخلاص بھیا کی تازہ ملاقات نے اس تاثر کو اور زیادہ جاندار کر دیا کہ یہ تینوں بھائی ناظم آباد کی پہچان اور دل کی روشنی ہیں۔۔۔۔۔۔۔
رشتے وہی ہوتے ہیں جو دل کی گہرائی میں اتر کر ہمیشہ ساتھ رہیں ۔۔۔۔
اب ملاقات ہوئی ہے تو ملاقات رہے
نہ ملاقات تھی جب تک کہ ملاقات نہ تھی
کیونکہ…
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment