عوام کی جیب اور کمشنر صاحب کی ریٹ لسٹ
عوام کی جیب اور کمشنر صاحب کی ریٹ لسٹ
ہمارے عزت مآب کمشنر کراچی صاحب نہایت باقاعدگی سے روز اشیائے خورد و نوش کی ریٹ لسٹ جاری فرماتے ہیں۔ فہرست پڑھ کر دل میں گھنٹیاں بجنے لگتی ہیں کہ اب شاید سستی دالیں اور آٹا ہمارے کچن میں رقص کناں ہوں گے۔ لیکن افسوس یہ صرف وہم و گمان ہی رہتا ہے۔ مجال ہے کہ یہ ریٹ لسٹ کسی دکان پر نظر آ جائے۔ اگر کبھی دکھ بھی جائے تو صرف دیوار پر چسپاں، جیسے کسی ادب کی کتاب کا حوالہ ہو جسے پڑھنے کے بعد بند کر کے رکھ دیا جائے ۔
گاہک لسٹ دکھا کر خوش فہمی میں کہتا ہے، بھائی صاحب، آٹا تو 98 روپے کلو لکھا ہے۔
دکاندار مسکرا کر جواب دیتا ہے، جی بالکل لکھا ہے لیکن یہ کہانی ہے، حقیقت نہیں !!
پھر دونوں طرف سے دلیلیں، بحث اور کبھی کبھار غصے میں ہاتھ بھی چلنے لگتے ہیں۔ عوام سوچتی ہے کمشنر صاحب نے کاغذ پر ریلیف دے دیا اور دکاندار کہتا ہے کہ حالات نے ہمیں حقیقت میں لوٹ لیا ۔۔۔۔۔
اب سوال یہ ہے کہ ایسی لسٹ جاری کرنے کا آخر فائدہ کیا ہے جس پر نہ دکاندار عمل کرے اور نہ گاہک کو یقین آئے؟؟؟
اگر یہ صرف پڑھنے کے لیے ہے تو اسے ادب و لطیفے کے صفحات پر شائع کر دینا چاہیے کم از کم قاری ایک قہقہہ تو لگا لے گا۔ ہاں، اگر کمشنر صاحب واقعی چاہتے ہیں کہ لوگ انہیں یاد رکھیں تو پھر ریٹ لسٹ کے ساتھ ریٹ پر عمل بھی کرائیں۔ تاکہ کبھی تو ہمیں یقین ہو کہ اس شہرِ ناپرساں میں کوئی ایک ادارہ تو ایسا ہے جو اپنے حکم پر قائم ہے اور احکامات پر عمل درآمد کرا رہا ہے ۔ ورنہ ریٹ لسٹ کا حال تو وہی ہے جیسے شادی کی دعوت پر لکھا ہو کھانے کا وقت۔ 9 بجے اور دسترخوان لگے رات بارہ بجے۔۔
کوئی تو ہو جو اس شہر بے اماں کی عوام کو کچھ اماں دے۔ ورنہ ریٹ لسٹیں عوام کے لیے محض روزانہ کا ایک مزاحیہ کالم ہی ہیں۔
اختر شیخ

حقیقت کی اچھی عکاسی کی گئی ہے اس تحریر میں نرخ نامے شاید اتنے غلط بھی نہیں ہوتے لیکن منافہ خوری کا رجحان ہے معاشرے میں اور ہمارے ہاں کی جو معیشت ہے اس میں ڈاکومنٹیشن کرنا لوگ پسند نہیں کرتے کیونکہ ٹیکس دینا نہیں چاہتے اسی لیے سسٹم ان تمام نرخ نامہ کو ناکام کرنے کی کوشش کرتا ہے
ReplyDeleteشکریہ جناب ،
ReplyDelete