دو رنگوں والے خواب


 

دو رنگوں والے خواب


رات کا کھانا کھا کر معمول کے مطابق گلی کی طرف نکل گیا۔ چاندنی بکھری ہوئی تھی، ہوا ہلکے ہلکے گالوں کو چھو کر گزر رہی تھی، اور گلی میں ایک خاموش سی زندگی رواں تھی۔ ابھی گلی کے کونے تک بھی نہ پہنچا تھا کہ بچوں کی ہنسی کی آواز نے قدم روک لیے۔

کچھ بچے کھیل رہے تھے۔ قہقہے، بھاگ دوڑ، شور شرابہ۔ مگر ایک منظر بالکل الگ تھا۔ دو چھوٹے بچے، ایک چھوٹی سی میز اور دو کرسیوں کے ساتھ، نہایت سنجیدگی سے کچھ بنا رہے تھے۔

ان کے سامنے سفید کاغذ، رنگ برنگی پنسلیں اور ایک خاموشی بھرا انہماک۔ میں کچھ قدم قریب گیا۔ بچوں کی عمر یہی آٹھ، نو برس کی ہوگی، لیکن ان کے ہاتھوں کی مہارت نے مجھے روک لیا۔ تصویریں دل سے بنی تھیں۔ رنگ بے ترتیب نہیں، بلکہ احساس میں گندھے ہوئے۔ جیسے ہر لکیر، ہر سایہ، کوئی بات کہنا چاہتا ہو۔

میں نے مسکرا کر تعریف کی اور نرمی سے پوچھا،
"بیٹا! آپ کا نام کیا ہے؟"

پہلا بچہ بڑے ادب سے بولا:
"My name is Mohib Alam میں لیڈی براڈ اسکول میں پانچویں کلاس میں پڑھتا ہوں۔"


دوسرا بچہ جلدی سے بولا:
"میرا نام محمد حمائیل ہے، سینٹ مائیکل اسکول میں پانچویں جماعت میں ہوں۔"


ان کے چہرے روشن تھے، جیسے تصویریں اُن کے دل کی بات ہوں۔
مجھے حیرت بھی ہوئی اور خوشی بھی، کہ آج کل کے بچوں میں بھی فنونِ لطیفہ کی یہ چمک موجود ہے۔

پوچھا:
"بیٹا، آپ لوگ کہاں رہتے ہیں؟"

دونوں نے برابر والے گھروں کی طرف اشارہ کیا۔ میں نے اندازہ لگایا، پھر محب سے پوچھا:
"یہ پروفیسر مظہر صاحب آپ کے...؟"
مسکراہٹ کے ساتھ جواب آیا،
"وہ میرے دادا ہیں۔"

پھر حمائیل کی طرف دیکھا:
"اور تم پروفیسر عتیق صاحب مرحوم کے پوتے ہو؟"
اس نے سر ہلا دیا۔

دل جیسے برسوں پیچھے چلا گیا۔ یہ وہی گھرانے تھے جو محلے کی پہچان تھے۔ علم، تہذیب، اور ادب کی خوشبو ان گھروں سے آیا کرتی تھی۔ اور آج وہی روشنی، وہی خواب، ان بچوں کے ہاتھوں سے کاغذ پر اتر رہی تھی۔

ان کے ہاتھوں میں صرف پنسلیں نہیں تھیں،
وہ تو اپنے دادا کی وراثت کو، اپنے محلے کی خوشبو کو،
اور اپنی نسل کی روشنی کو کاغذ پر اتار رہے تھے۔

میں نے دل ہی دل میں ان کے لیے دعا کی:
خدا کرے یہ رنگ کبھی مدھم نہ ہوں۔
یہ ہاتھ کبھی رُکیں نہیں۔
اور ان خوابوں کو کوئی مٹا نہ سکے۔

یہ محض ایک تصویر نہیں… یہ "رنگوں والے خواب" تھے — جو ہمارے محلے کی شان بھی ہیں اور مستقبل کی پہچان بھی۔

اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ