(وہ شہر نہیں ایک تہذیب تھی اور میں اس کا گواہ ہوں


 

ناظم آباد — ایک تہذیبی مشعل

(میری نظر سے)


(وہ شہر نہیں ایک تہذیب تھی اور میں اس کا گواہ ہوں)


ناظم آباد

یہ نام زبان پر آتے ہی دل کے پردے پر ایک فلم چلنے لگتی ہے، نیم تاریک گلیاں، مٹی کی خوشبو، سائیکلوں کی گھنٹیاں، چاندنی راتوں میں گھروں کے آنگن اور ان میں بیٹھے علم و ادب کے دیوانے۔ یہ محلہ نہیں ایک جذبہ تھا اور میں اس کے ذرے ذرے سے واقف ہوں جیسے ایک ماں اپنے بچے کی ہر ادا سے واقف ہوتی ہے۔


مجھے یاد ہے ہم فردوس کالونی کے فیڈرل اسکول میں پڑھنے جایا کرتے تھے بستہ کمر پر دل میں خواب اور آس پاس کے ماحول میں ایسا وقار ہوتا تھا کہ چھوٹے سے بچے بھی تہذیب کے لباس میں ملبوس دکھائی دیتے۔ ہم جس فضا میں سانس لے رہے تھے وہ علم و ادب اور تہذیب کی خوشبوؤں سے لبریز تھی۔ ہر گلی ہر نکڑ پر ایسا لگتا کوئی استاد، کوئی فنکار، کوئی صاحب فکر بیٹھا ہے ۔۔۔۔

بلاک 2 میں موجود سبطین منزل کا نام آتے ہی ذہن میں صادقین کے خاکوں اور خطاطیوں کی تصویریں ابھرنے لگتی ہیں۔ وہ اپنے فن میں ایسے محو رہتے کہ لگتا کسی اور ہی دنیا کے باشندے ہوں۔

اور پھر غالب لائبریری ۔۔۔ وہ صرف کتابوں کا ذخیرہ نہیں تھی، بلکہ عقل و وجدان کا مکتب تھی۔ جہاں فیض کی خوشبو، صفدر جعفری کی آواز، سبط حسن کے سوالات اور طالبعلموں کے تجسس کی سانسیں ایک ساتھ رواں تھیں ۔۔۔۔۔

انہی ادبی فضاؤں میں ایک اور معتبر نام ابن صفی تھا، جن کی تحریریں ہمیں سکھاتی تھیں کہ ادب صرف سنجیدہ موضوعات کا نہیں دلچسپ بھی ہو سکتا ہے۔ محفلوں میں ان کی تحریروں پر گفتگو ہوتی، ان کے کرداروں پر بحث اور ہم سمجھتے کہ علم صرف کتابوں میں نہیں کرداروں کی صورت میں بھی سانس لیتا ہے۔


(شعری جہان)


جیسے جیسے میں بڑا ہوا مجھے ناظم آباد کی تہذیبی زمیں میں ایک اور قیمتی خزانہ دکھائی دیا ۔۔ وہ شعرا، جنہوں نے اس بستی کو لفظوں کا گلزار بنایا۔۔۔۔۔۔


تابش دہلوی کی نازک خیالات سے لبریز شاعری،

ماہر القادری کے خطیبانہ اشعار،

محسن بھوپالی کی نظموں کا وقار،

صبا اکبر آبادی کا دھیما لہجہ،

مجنوں گورکھپوری کا تحقیقی و تنقیدی رنگ ۔۔۔

یہ سب چراغ تھے جو ناظم آباد کی ہر شام کو علم و ادب سے منور کرتے تھے۔ میں نے ان کے بارے میں کتابوں میں نہیں، لوگوں کی زبان، لہجے اور عقیدت میں جانا۔ ان کے اشعار محفلوں میں پھولوں کی طرح بکھرتے اور ذہنوں میں خوشبو بن کر ٹھہر جاتے ۔۔۔۔

حنیف اسدی کا طنز اور شعری لہجہ الگ تھا، جیسے الفاظ سے مرہم رکھ رہے ہوں۔ اقبال صفی پوری اور سوز شاہجہانپوری کی غزلیں ایسے سنائی دیتیں جیسے گلیوں میں کوئی ردیف قافیہ بناتا پھر رہا ہو ۔ یہ وہ دن تھے جب ناظم آباد صرف رہائش کا علاقہ نہیں تھا بلکہ ایک علمی تجربہ گاہ، ایک فکری نخلستان اور ایک تہذیبی خواب گاہ تھا۔۔۔

کچھ علاقے صرف رہنے کے لیے ہوتے ہیں، کچھ بسانے کے لیے، اور پھر کچھ ایسے ہوتے ہیں جو یادوں میں بسنے کے لیے پیدا ہوتے ہیں۔

عبیداللہ علیم نرمی، محبت اور المیہ حسن کے حسین امتزاج کے شاعر، جن کے اشعار میں ناظم آباد کی راتوں کی تنہائی کی صدا تھی۔


تاجدار عادل، ایسے شاعر جن کے اشعار وقت کو آواز دیتے، لفظوں میں شائستگی اور بیان میں سچائی تھی۔


دلاور فگار، طنز اور مزاح کے ساتھ ناظم آباد کا مزاحیہ چہرہ ۔۔  ساقی جاوید شاعری میں علمیت کا رنگ ۔۔

نئیر بن سوز، ناظم آباد کے دھڑکن کو غزل میں ڈھالنے والے ۔۔ 

یہ سب چراغ تھے جنہوں نے اپنی شاعری، مجلسوں اور بیٹھکوں سے ناظم آباد کو زندہ رکھا، ایک تہذیبی مشعل بنایا، اور آنے والی نسلوں کے لیے ایسی میراث چھوڑی جو کتابوں میں نہیں، دلوں میں محفوظ ہے۔ جب بھی ناظم آباد جاتا ہوں، محسوس ہوتا ہے کسی نکڑ پر عبیداللہ علیم کا شعر گونج رہا ہو یا کسی چھجے پر دلاور فگار کی ہنسی پھیلی ہو۔


یہی تو ناظم آباد ہے

جہاں لفظ زندہ رہتے ہیں، جہاں شاعر مر کے بھی دلوں میں، گلیوں میں بولتے ہیں اور محفلوں میں بیٹھے مسکراتے ہیں ۔۔۔۔


ناظم آباد صرف لفظوں کی دنیا نہیں یہاں رنگوں نے بھی بولنا سیکھا، لکیروں نے سوچنا شروع کیا اور فنون لطیفہ نے ایک نئی پہچان پائی ۔۔۔۔۔ 


سبطین منزل کے قریب سے گزرنا ایسا تھا جیسے کسی تخلیقی کائنات کی دہلیز پر کھڑے ہوں اور اس کائنات کے روشن ستارے تھے۔  صادقین۔ ان کی خطاطی عبادت، تصویریں یادوں پر نقش تھیں۔

اقبال مہدی کے برش نے کاغذ پر جذبوں کے تاثر بکھیرے۔

عبدالمجید دہلوی روشنائی میں جمال اور تخلیقی انفرادیت دونوں لیے ہوئے ۔۔ رابعہ زبیری  کراچی اسکول آف آرٹس کی بانی، جنہوں نے فن کو ناظم آباد کی گلیوں میں سانس دی۔

جمشید انصاری، کارٹون آرٹ کی دنیا میں طنز اور مزاح کی زبان بولنے والے،

نذر حسین سید ، ان کی فنی سوچ نے ناظم آباد کی بصری تہذیب کو نئی جہت بخشی ۔۔۔ 

اور پھر برادر عزیز وضی حیدر میرے اسکول کے وہ ہنر مند، باکمال ساتھی، جنہوں نے نہ صرف فن میں اپنے جوہر دکھائے بلکہ دوستی خلوص اور تہذیب کے بھی علمبردار رہے۔ ان کا ذوق ان کی باتیں اور ان کا انداز آج بھی ذہن کے دریچوں میں جگمگاتا ہے۔


یہ سب فنکار کسی گیلری یا عالمی شہرت یافتہ ادارے سے نہیں بلکہ ناظم آباد سے وابستہ تھے اور یہی ان کی عظمت تھی۔

جب کبھی تصویری نمائش یا خطاطی دیکھتا ہوں تو دل کہتا ہے، یہ ناظم آباد کی روح ہے، جو رنگوں میں سانس لے رہی ہے ۔۔۔۔۔ 


ناظم آباد پاکستان کرکٹ کی نرسری رہا ہے۔ گلیاں چھوٹے کھلاڑیوں سے گونجتی تھیں، جنہوں نے خواب کو حقیقت میں بدلا۔ 

صادق محمد و ریئس محمد (محمد برادران)

صلاح الدین (صلّو بھائی) اقبال قاسم،

قاسم عمر، سلیم یوسف ، عظیم حفیظ ، رضوان الزماں، راشد خان

شعیب حبیب، عارف الدین، آصف مجتبیٰ ، امین لاکھانی، لیاقت علی

مظہر عالم، معین العتیق ۔۔


پہلی ایک اننگز میں 200+ رنز بنانے والے

یہ سب گلیوں کے خواب ہیں جنہوں نے پاکستان کا پرچم بلند کیا اور آج بھی ان کی گیند و چوکوں کی گونج ناظم آباد کی فضا میں ہے۔۔۔۔۔۔۔


ناظم آباد صرف ادب اور کھیل کا نہیں بلکہ فلم  ریڈیو و ٹی وی کا بھی گہوارہ رہا ۔


سہیل عباس (ہاکی اولمپین) رئیس پہلوان (پہلوانی کے میدان کے چیمپیئن)

(رضوان زبیری مارشل آرٹس گرینڈ ماسٹر) 


معروف فنکار ۔۔۔ زیبا بیگم، نشو بیگم، سنگیتا، کویتا، تبو (بالی وُڈ)، تہذیب جعفری، مہک علی ۔۔۔ 

مرد فنکار ۔۔۔  ندیم، غلام محی الدین، لہری، جمیل (تبو کے والد)، سعود، معین اختر، شکیل، قاضی واجد، ظہور احمد، محمود اختر، انیل چوہدری، سید سیف حسن رضوی، سعید رضوی (فلم ساز)۔۔۔ 


ناظم آباد کی گلیوں میں وہ عظیم ہستیاں بھی رہیں جنہوں نے علم، عدل، طبی تحقیق اور قومی خدمت کے ذریعے اپنا مقام بنایا ۔۔۔۔ گلوکار ۔۔۔۔

مہناز بیگم، ایم۔ افراہیم، سلمان علوی ۔۔۔۔۔۔ 


سائنس و دفاع


ڈاکٹر عبدالقدیر خان (محسن پاکستان)

جسٹس ظہیر الحسن لاری

میجر ضیاء الدین


DSP کنور انور محمد خان


DIG اسد اشرف ملک

ڈاکٹر شہریار (عالمہ طب)

جسٹس ظہور الحق

ڈاکٹر یاور عباس

الحاج شمیم الدین

استاد نرالے عالم ۔۔۔ 


ناول نگار افسانہ نگار اور ادبی شخصیتیں ۔


قیسی رامپوری

سلطان جمیل نسیم

فرحانہ برہان

الطاف علی بریلوی

نصر اللہ خان (صحافت میں جراتِ اظہار)

نیاز فتحپوری (فلسفہ، مذہب، تنقید)

مختار زمن

ریاض فرشوری

مجاہد بریلوی

خواجہ رضی حیدر

ڈاکٹر ہما میر ۔۔۔۔ 


دینی و روحانی رہنما ۔۔۔ 

ڈاکٹر عبد الحئی عارفی صدیقی

بابا احسن نگرامی

خواجہ شمس الدین عظیمی

علامہ رشید ترابی

قاری محمد ظاہر قاسمی

علامہ طالب جوہری

شاہ بلیغ الدین

قاری شاکر قاسمی

قاری وحید ظفر قاسمی


درس و تدریس اور سیاسی خدمات ۔۔۔


اساتذہ ۔۔۔ 

پروفیسر فیض الغنی خان (این ای ڈی یونیورسٹی)

پروفیسر عزیز الحسن خان (این ای ڈی یونیورسٹی)

پروفیسر شمیم ہاشمی (جامعہ کراچی)

پروفیسر سلمی زمن (سر سید گرلز کالج)

پروفیسر میر حامد علی (سراج الدولہ کالج) ۔۔۔۔

سیاسی شخصیات ۔


جنرل پرویز مشرف

سید شہنشاہ حسین جعفری

عشرت العباد خان (سابق گورنر سندھ)

پروفیسر غفور احمد

سید منور حسن

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

سید حیدر عباس رضوی

اسرارِ العباد خان (ایم کیو ایم)

کنور افضال انور (سندھ اسمبلی)

سید نعیم حسنی (پیپلز پارٹی)


(لیکن سب خاص)


ایک نام جو اردو ادب کی روح ہے اور ناظم آباد کا فخر ۔۔۔


ابن صفی (اصل نام اسرار احمد)

اُن کے قلم نے عالمی معیار کی جاسوسی ادب کو اردو میں متعارف کروایا۔ عمران، صفدر، جوزف، فریدی، حمید جیسے کرداروں نے نہ صرف کاغذ پر بلکہ ذہن و دل پر بھی ایک دستخط چھوڑتا ۔۔۔۔ ناظم آباد، کراچی اور پورا معاشرہ جیسا آئینہ ان کی نثر میں جھلکتا تھا،

مزاح، سنسنی، تہذیب اور مشاہدے کا حسین امتزاج تھا۔ وہ ایک عہد، ایک اسلوب ایک اسرار تھے جو شاید دوبارہ پیدا نہ ہو سکیں۔۔۔۔۔۔۔


میں ان تمام چہروں ان تمام یادوں اور ان تمام کرداروں کو خراج محبت پیش کرتا ہوں جنہوں نے ناظم آباد کو صرف ایک علاقہ نہیں بلکہ ایک تہذیب، روایت اور زندہ معاشرتی منظومہ بنایا۔ دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے، اور ہر گلی، ہر در و دیوار ایک کہانی سناتی ہے ۔۔۔۔۔ 


اس سلسلے کو ترتیب دینے میں جن دوستوں نے تعاون کیا، ان کا شکریہ ادا کرنا فرض ہے ۔۔

خاص طور پر جناب سید ارشد حسین عرف عرشی بھائی کا شکریہ جنہوں نے بے شمار شخصیات کے نام تفصیلات اور حوالہ جات فراہم کیے۔


 کیونکہ۔۔۔۔۔۔

دل تو آج بھی ناظم آبادی


اختر شیخ


Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ