ٹارزن اور روزنامہ جنگ


 

یادوں کے جگنو


(ٹارزن اور روزنامہ جنگ)


وقت کی دھند سے جب کوئی بچپن کا منظر اچانک ابھر آئے تو دل کی زمین پر روشنی پھیل جاتی ہے۔ یہ روشنی وہی جگنو ہے جو برسوں بعد بھی ہمیں اپنی طرف کھینچ لاتا ہے۔


ایک وقت تھا جب ہمارے لئے روزنامہ جنگ کا مطلب ہی صرف ٹارزن کی کہانی ہوا کرتا تھا۔ اخبار کے باقی صفحات جیسے کسی اور دنیا کے تھے، سیاست، معیشت، حادثات، کچھ بھی دل کو نہ بھاتا۔ ہمیں تو بس وہ ایک صفحہ چاہیے ہوتا تھا جس پر جنگل کے بیٹے ٹارزن کی نئی مہم چھپی ہوتی۔۔۔۔۔۔

صبح ہوتے ہی دل بےچین سا رہتا، ناشتہ کیا اور سیدھا دوڑ لگا دی محلے میں اخلاق ماما کی دکان کی طرف۔ اخبار کے تازہ کاغذ کی خوشبو اور سیاہی کی مہک کے ساتھ جیسے ٹارزن خود سامنے آ جاتا۔ میں وہیں کھڑے کھڑے پوری قسط پڑھ ڈالتا۔ پھر جیسے جنگل کی فضا ساتھ لے کر گھر لوٹتا، دل میں خوشی، ذہن میں مہم جوئی اور آنکھوں میں وہی سرسبز درختوں اور جھولتی بیلوں کے منظر ۔۔۔۔۔۔


(کہانیاں کچھ یوں ہوتیں)


ٹارزن نے شیر کے دہاڑنے کی آواز سنی۔ گھنے درختوں کے بیچ خاموشی چھا گئی۔ اچانک وہ ایک بیل سے جھولتا ہوا نیچے آیا اس کی للکار فضا میں گونج اٹھی۔ شیر رکا، پھر جھپٹا، مگر اگلے ہی لمحے ٹارزن نے اسے قابو میں کر لیا۔ جنگل کے جانور جانتے تھے کہ یہ ان کا دوست ہے ان کا محافظ ہے۔


اور کبھی منظر یوں ہوتا ۔۔۔۔


دشمن قبیلے کے جنگجو مشعلیں لئے قریب آ رہے تھے۔ ٹارزن نے اپنے ساتھی بندروں کو اشارہ کیا۔ اچانک درختوں سے پتھروں اور ٹہنیوں کی بارش ہونے لگی۔ شور و غوغا میں ٹارزن کی للکار گونجی اور وہ سیدھا سردار پر جھپٹا۔ ایک لمحے میں پانسہ پلٹ گیا اور قبیلہ پسپا ہونے پر مجبور ہو گیا۔ جنگل پھر سے امن میں ڈوب گیا۔


یہ وہ لمحے تھے جن میں ہم بھی بیلوں پر جھولنے لگتے، کبھی خود کو ٹارزن کا ساتھی سمجھتے، کبھی جنگل کے قبیلے کا فرد۔ ساٹھ اور ستر کی دہائی کے بچوں نے اخبار پڑھنے کی عادت انہی کہانیوں سے سیکھی۔ آج جب وہ تصویریں اور سطریں یاد آتی ہیں تو بچپن پھر سے زندہ ہو جاتا ہے۔

بچپن کی سب سے بڑی خوشی یہی تھی ۔۔۔۔


ٹارزن کی وہ پرانی تصویری کہانیاں محض قصے نہ تھیں، بلکہ ہماری نسل کے خوابوں کے دروازے کھولنے والی کنجیاں تھیں۔ انہی سے ہم نے اخبار پڑھنے کا ذوق پایا، مہم جوئی کا جنون سیکھا اور بچپن کی معصوم خوشیوں کو اپنے دل میں ہمیشہ کے لئے قید کر لیا۔ آج جب زندگی کے صحرا میں وہ جگنو چمکتا ہے تو احساس ہوتا ہے کہ اصل دولت وہی لمحے تھے، جو ہم نے اخلاق ماما کی دکان پر کھڑے کھڑے چوری کر لئے تھے۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ