"سعود سلیم بھائی"


 

"یادوں کے جگنو"


"سعود سلیم بھائی"


5-A، 11/11 ناظم آباد، پاپوش نگر کے روشن مینار


زندگی میں کچھ لوگ صرف دوست نہیں ہوتے وہ روشنی کے مینار ثابت ہوتے ہیں ان کی موجودگی ان کی رہنمائی اور ان کی محبت انسان کے دل و دماغ پر انمٹ نقوش چھوڑ جاتی ہے۔ میرے لیے سعود سلیم بھائی ایسے ہی ایک روشنی کے مینار ہیں۔ وہ میرے بڑے بھائیوں جیسے دوست ہیں جنہوں نے ہمیشہ ہر موڑ پر میری رہنمائی کی مجھے ہمت دی اور میری ادبی کاوشوں کو سراہا ان کی مسکراہٹ میں اپنائیت ہے اور ان کی گفتگو میں محبت کی خوشبو بسی ہوئی ہے۔


سعود بھائی ایک عرصے سے اپنی ایک آنکھ کی تکلیف میں مبتلا ہیں وہ تکلیف جو اب بینائی کو بھی متاثر کر رہی ہے ہر دو تین ماہ بعد ان کی آنکھ میں انجکشن لگتا ہے اور اب دوسری آنکھ پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے جو ان کی پریشانیوں کو بڑھا رہا ہے، لیکن اس تمام تر آزمائش کے باوجود ان کا حوصلہ ان کی ہمت اور ان کی روشنی کبھی مدھم نہیں پڑی۔ آج بھی جب میں کوئی نئی تحریر مکمل کرتا ہوں سب سے پہلے انہیں بھیجتا ہوں تو دل میں یہ خیال ضرور آتا ہے کہ شاید وہ مکمل نہ پڑھ پاتے ہوں لیکن پھر بھی ان کا خلوص ایسا ہے کہ وہ چند سطور یا ایک مختصر صوتی پیغام کے ذریعے میری رہنمائی ضرور کرتے ہیں


اگر میں نے نثر لکھنے کا ہنر سیکھا ہے تو اس کے معلم و مربی اور رہنما سعود سلیم بھائی ہی ہیں۔ 

سعود بھائی کے ساتھ میرا تعلق محض ایک ادبی وابستگی نہیں بلکہ ایک قلبی رشتہ ہے ان کے ساتھ ہر محفل میں بیٹھنا ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کوئی چراغوں سے سجی مجلس ہو جہاں ان کے الفاظ میں علم و حکمت کے موتی جھلملاتے ہوں۔ ان کی یادداشت قابل رشک ہے کسی بھی ادبی بات پر وہ فوراً کسی بڑے شاعر یا ادیب کا حوالہ دے کر بات میں گہرائی پیدا کر دیتے ہیں۔


رہتی دنیا تک رہے گی تیری باتوں کی مہک

تو نے الفاظ کو خوشبو کی طرح برتا ہے


ناظم آباد سے گلستان جوہر اور پھر بحریہ ٹاؤن تک کا سفر محض رہائش کی تبدیلی نہیں بلکہ ادبی محفلوں کے مقامات کا ارتقا تھا۔ سعود بھائی نے اپنے جوہر والے گھر کو ایک ادبی گہوارہ بنا دیا تھا۔ شکور پٹھان صاحب کی پاکستان سے واپسی کی الوادعی نشست ہو یا کینیڈا سے آئے مہمان ادیب و شاعر حبیب صاحب کے اعزاز میں نشست ۔۔۔۔۔ ہر تقریب میں ادب اور ذائقہ ایک ساتھ بولتے تھے۔


ان تقریبات میں شریک ہونے والی شخصیات میں جناب معراج جامی، عقیل عباس جعفری، شکور پٹھان، عزیز خان، طارق رئیس فروغ، عادل حسن، محترمہ شاہانہ جاوید بھوپالی،

پروفیسر شبنم امان صاحبہ ، معتبر شاہجہاں پوری 

سلیم فاروقی   صاحبان جیسے قدآور نام شامل تھے۔ سعود بھائی کی میزبانی اور محبت ہر ایک کے دل میں نقش ہو گئی۔


خوشبو کی طرح بکھرے ہیں لوگ

جو محفلوں میں نہیں ہوتے مگر محسوس ہوتے ہیں


اب ذرا ذکر ہو جائے ان دعوتوں کا جو ان ادبی محافل کا ایک لازمی اور لذیذ پہلو تھیں۔


سعود بھائی کھانے کے شوقین ہیں۔۔۔۔ سادہ لفظوں میں کہیں تو شوقین مزاج اور ذرا ادبی پیرائے میں کہا جائے تو فن طعام کے عاشق باکمال۔ پائے ہوں یا قورمہ، نہاری ہو یا کوئی خاص کباب ، ان کی محفلوں میں ذائقہ ہمیشہ لفظوں سے آگے نکل جاتا تھا۔


اور یہاں ذکر کرنا لازم ہے ان کے عزیز، رفیق اور فن ضیافت کے مہربان استاد۔۔۔۔۔ قمر خان صاحب کا جو سعود بھائی کے کزن ہیں۔


اگر سعود بھائی کسی محفل کے میزبان ہیں تو قمر خان صاحب اس محفل کے ذائقے کا معمار ۔۔۔۔۔ وہ نہ صرف جمیعت الفلاح کے اہم ذمہ دار ہیں بلکہ سعود بھائی کی تمام تقریبات میں کھانے کی ترتیب و انتخاب اور معیار کی ذمہ داری انہی کے ذوق کی عطا ہے۔


قمر بھائی کی میزبانی میں ایک ایسی شائستگی اور خاموشی ہے جو دل کو چھو لیتی ہے۔ وہ کم گو ضرور ہیں مگر ان کے ذوق کی زبان ہر نوالے میں بولتی ہے۔ ان کا بنوایا قورمہ ہو تو شاہی خورش، نان ہو تو ادبی شاہکار اور میٹھا ہو تو شاہی فرحت نامہ کہلانے کا حق رکھتا ہے۔


یاد آتی ہے وہ خصوصی دعوت جو صرف پانچ چھ افراد کے لیے رکھی گئی تھی ۔۔۔۔۔۔۔۔ اجمیری پائے کی دعوت چونکہ سعود بھائی کا تعلق اجمیر شریف سے ہے سو ہم نے اس دعوت پائے کا نام (اجمیری پائے) رکھ دیا جب وہ پائے دسترخوان پر آئے تو ان کا رنگ و روغن، خوشبو اور ذائقہ سب نے زبان کو بھی خوش کیا اور دل کو بھی، وہ پائے نہیں، جیسے کسی عارف کے اشعار ہوں سادہ مگر دل نشین۔


ذائقہ لفظوں کا ہو یا ہو کھانوں کا کمال

فن وہی ہے جو دلوں تک جا پہنچے بے سوال


قمر خان صاحب کی شخصیت اس دعوت کی خاموش راوی ہے۔ ان کی موجودگی کسی بھی محفل کو مکمل کرتی ہے۔ محبت خلوص اور تہذیب سے

سعود سلیم بھائی اور قمر خان صاحب  یہ دونوں شخصیات میرے لیے صرف رشتے یا دوست نہیں، بلکہ وہ نعمتیں ہیں جن پر جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے۔ ان کے خلوص ان کی دعاؤں ان کی محبت اور ان کی علمی و ذوقی صحبتوں نے میری زندگی کو مالا مال کیا ہے۔


یادیں وہ خزانے ہیں جو وقت چھین نہیں سکتا

خلوص وہ چراغ ہیں جو بجھائے نہیں جاتے


دعا ہے کہ اللہ تعالی سعود بھائی کو مکمل صحت، بینائی کی بحالی اور عمر بھر کی سہولتیں عطا فرمائے۔

اور قمر خان صاحب کے خلوص ذوق اور محبت میں مزید برکت دے۔

اور ہم سب کو ان جیسی محفلوں، ایسی صحبتوں اور ایسے چراغوں کی روشنی میسر رہے۔

آمین، ثم آمین


اختر شیخ

Comments

  1. پیارے اختر تم نے تو مجھے کہاں سے کہاں پہنچا دیا اتنا تو میں معتبر نہیں ۔
    بہرحال تمہارے میرے بارے میں
    خیالات/ جذبات میرے لیے بہت بڑا اثاثہ ہیں ۔ تم نے مجھے اس قابل سمجھا اتنی عزت احترام دیا جس کے لیے میں ہمیشہ تمہارا مقروض رہوں گا ۔
    میرے غریب خانے پر کتنے ہی
    معزز و محترم احباب آئے لیکن صرف تم نے اور
    شکور پٹھان نے ہی میرا
    ذکر خیر واضح طور پر کیا اور قلم اٹھایا جبکہ میرا
    خلوص/ سلوک سب کے ساتھ یکساں رہا ۔
    بقول کسی کے
    " وہ ناز اٹھائے کہ عادت بگاڑ دی ہم نے "

    " زبردستی کی نزدیکیوں سے"
    " سکون کی دوریاں بہتر ہیں"
    شمع افروز

    وہ گھر جو میں چھوڑ آیا اس کی یادیں اس کے در و دیوار وہ یادگار محفلیں دعوتیں تقاریب سب ہی کی یادیں تازہ ہوگئیں ۔
    " یاد مٹتی نہیں نا منظر کوئ مٹ سکتا ہے"
    جزاکاللہ
    سعود سلیم
    بحریہ ٹاؤن
    8 ستمبر 2025

    ReplyDelete

Post a Comment

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ