(مشیر خان عرف ابا ایک جگنو جو بجھ گیا
"یادوں کے جگنو"
(مشیر خان عرف ابا ایک جگنو جو بجھ گیا)
آہ میرے یار مشیر خان ۔۔۔
ایسا بھی کوئی کرتا ہے؟؟؟
ایسے بھی کوئی چھوڑ کر جاتا ہے؟؟
رات ہمارے ساتھ کھانا کھایا ۔۔
محفل جمی، قہقہے بکھرے،
رات دو بجے تک بیٹھک کا دور چلا،
اور پھر ناظم آباد سے دونوں اپنے گھر واپسی کے لئے فائیو اسٹار چورنگی تک ساتھ رہے جو اپنا ہر دوسرے تیسرے دن کا معمول تھا ۔۔۔۔۔
پھر دوپہر کو فون پر حال احوال، بات چیت ہوئی اور تم نے بتایا کہ ابھی صدر کے علاقے میں ہوں ۔ پانچ چھ بجے تک ناظم آباد پہنچ جاؤں گا ۔۔۔۔۔۔
اور شام ڈھلے خبر ملی کہ ۔۔۔۔۔۔۔
تم اب اس دنیا میں نہیں رہے ۔
دل ماننے کو تیار نہیں تھا۔
زبان گنگ، آنکھیں نم،
اور دل کے کونے میں ایک خلا،
جو آج تین برس بعد بھی ویسا ہی ہے۔
مشیر یار، تم صرف ایک دوست نہ تھے
تم محفل کی رونق تھے،
تمھارا انداز، تمھاری باتیں،
تمھاری وہ بے ساختہ ہنسی
سب کچھ آج بھی دل کے کمرے میں گونجتا ہے۔
تمھاری یاد ۔
ایک جگنو کی مانند،
ہر شام میرے ساتھ چلتی ہے۔
زندگی آگے بڑھ گئی ۔۔۔۔
لیکن وہ رات، وہ دوپہر،
اور وہ لمحہ ۔۔۔۔۔۔
جیسے وقت کے فریم میں قید ہو چکا ہو ۔
کبھی کبھی سوچتا ہوں،
وہ قہقہے آج کہاں ہوں گے؟؟
کیا جنت میں بھی تمھاری بیٹھک سجتی ہو گی؟؟
کیا وہاں بھی تم ہنسا ہنسا کر سب کو لوٹ پوٹ کرتے ہو گے؟؟
دل کہتا ہے ۔۔۔ ہاں ان شاء اللہ ایسا ہی ہوگا۔۔۔۔۔
اللہ تمھیں اپنے جوار رحمت میں جگہ دے، اور درجات بلند فرمائے ۔ آمین
اور ہمیں تمھاری یادوں کا یہ جگنو
ہمیشہ روشن رکھنے کی توفیق دے۔
آج تین برس گزر گئے میرے بھائی،
مگر تمھاری کمی دل سے کم نہیں ہوتی ۔۔۔
تمھاری یادیں آج بھی میرے ساتھ ہیں،
جیسے تم کبھی گئے ہی نہیں ۔۔۔۔۔۔۔
یادیں صرف تصویریں نہیں ہوتیں، یہ وہ جگنو ہیں جو دل کی راتوں کو روشن رکھتے ہیں۔ کچھ چہرے، کچھ لمحے، کچھ باتیں ۔۔۔۔۔۔۔۔ وقت گزرنے کے بعد بھی ہمارے اندر زندہ رہتی ہیں۔ مشیر ابا کا چمکتا جگنو آج بھی ہماری یادوں میں روشنی بانٹ رہا ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment