گرینڈ ماسٹر رضوان مصطفیٰ زبیری
یادوں کے جگنو
(ناظم آباد نمبر 1 کا درخشاں ستارہ
گرینڈ ماسٹر رضوان مصطفیٰ زبیری)
ناظم آباد کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ اس بستی نے ہمیشہ ایسے ہنر مند اور باکمال لوگ پیدا کیے ہیں جنہوں نے نہ صرف اپنے علاقے بلکہ ملک و قوم کا نام بھی بلند کیا۔ انہی درخشاں ستاروں میں ایک نام گرینڈ ماسٹر رضوان مصطفیٰ زبیری کا بھی ہے۔
مارشل آرٹس کے سفر کا آغاز انہوں نے 1977 میں کیا اور محض چھ برس بعد 1983 میں زبیری مارشل آرٹس سینٹر قائم کیا، جہاں پہلا ڈوجانگ کھولا گیا۔ یہ وہ بنیاد تھی جس نے پاکستان میں تائیکوانڈو کے فروغ کو نئی سمت دی۔ پاکیڈو، کیو ڈونگ اور کیو ڈونگ ٹونگ جیسے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں ان کی پہچان بنیں ۔۔۔۔
کیا یہ کم ہے کہ وہ 1982 میں انٹر کالج جودو اور کراٹے چیمپئن قرار پائے؟ 1986 میں صوبائی و قومی سطح پر تائیکوانڈو کے چیمپئن رہے اور کئی گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔ ان کا شمار پاکستان کے ممتاز سینئر ماسٹر انسٹرکٹرز میں ہوتا ہے۔ لیکن بات صرف مقابلے جیتنے تک محدود نہیں، ان کا اصل امتیاز یہ ہے کہ انہوں نے فن کو سکھانے اور نسلوں کی تربیت کو اپنی اصل منزل بنایا۔۔۔
1983 میں جب انہوں نے کراچی سٹی میٹروپولیٹن اسکولز میں طلباء کو بلا معاوضہ تائیکوانڈو سکھایا تو گویا یہ اعلان تھا کہ مارشل آرٹس صرف طاقت نہیں بلکہ کردار سازی اور خدمت کا ذریعہ بھی ہے۔ انہی کے تربیت یافتہ کھلاڑی آج دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں اور بارہا بلیک بیلٹس سے نوازے گئے ہیں۔ اور یہ صرف کھیل نہیں۔ علمی میدان میں بھی وہ اپنی مثال آپ ہیں۔ اپلائیڈ کیمسٹری اور اسپورٹس سائنس میں ایم ایس سی، مارکیٹنگ میں ایم بی اے، اسلامک بینکنگ و فنانس میں ڈپلوما اور اولمپک کونسل آف ایشیا سے کوالیفائیڈ اسپورٹس ایڈمنسٹریشن ۔۔۔۔۔ یہ سب ان کی ہمہ جہتی شخصیت کی جھلک ہے۔ برطانیہ سے انٹرنیشنل لیڈرشپ ایوارڈ ان کی خدمات کا عالمی اعتراف ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔
اب ذرا دیکھیے، یہ سب کمالات کس پتے سے جڑے ہیں:
مکان نمبر C-2/10، ناظم آباد نمبر 1، کراچی۔
یقیناً یہ صرف ایک پتہ نہیں بلکہ ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جس نے اپنی محنت، لگن اور خدمت کے ذریعے پاکستان کو عالمی سطح پر نمایاں کیا۔ ناظم آباد کا یہ درخشاں ستارہ آج بھی روشنی بانٹ رہا ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
کیونکہ…
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔
اختر شیخ
اس تحریر کے لئے معلومات فراہم کرنے پر میرے محترم سید ارشد حسن عرشی بھائی کا تہہ دل سے شکریہ ۔

Comments
Post a Comment