"یادوں کے جگنو"


(پچاس برس بعد دل کا دروازہ کھلا)


وقت کی دھند سے جب کوئی مانوس سا چہرہ اچانک نمودار ہو جائے تو دل کا دروازہ

خودبخود کھل جاتا ہے ۔۔ یہ دروازہ ایک عرصے سے بند تھا  مگر کل برسوں پر محیط خاموشی کو ایک مانوس آواز نے چھو کر کھول دیا ۔۔۔۔ یہ آواز تھی میرے پرانے کلاس فیلو اور بچپن کے دوست محمد علی کی،  جو پچاس برس کے طویل وقفے کے بعد دوبارہ میری زندگی میں وارد ہوئے ۔۔۔۔۔۔۔۔ 


یہ خوشگوار لمحہ یہ روشن صبح  ممکن ہوئی میرے عظیم بھائی طارق اے خان کی محبت بھری جستجو اور خلوص سے لبریز کوشش سے، ان کی کاوشوں نے ماضی کے ایک جگنو کو حال کی روشن دوپہر میں لا کھڑا کیا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


ایک ایسا لمحہ، جس میں وقت رک سا گیا اور دل کی زمین پر یادوں کی بارش برسنے لگی۔ 

طارق بھائی سے معلوم ہوا کہ محمد علی جماعت اسلامی سندھ کے ایک ذیلی دفتر، گلبرگ میں اکاؤنٹس کی ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔

یہ جان کر دل میں ایک پرانی آواز کو پکارنے کی تڑپ جاگ اٹھی ۔ سو، میں نے پہلے اپنے دوست مظفر اقبال بھائی سے رابطہ کیا جو جماعت اسلامی گلشن اقبال زون کے امیر رہ چکے ہیں۔

دفتر کی تلاش میں بات چلی، پھر اپنے محلے دار اور مخلص دوست برادر صہیب جمال سے بات کی، عرض کیا 

بھیا، مجھے اپنے ایک بچپن کے یار کی تلاش ہے دل چاہتا ہے کہ اس کھوئی ہوئی آواز کو پھر سے سنوں ۔۔


صہیب جمال نے فوری طور پر رابطوں کا دروازہ کھولا، پہلے ریاض صاحب کا نمبر دیا  مگر وہ 2014 سے اس دفتر سے منسلک نہ رہے ۔ پھر سلمان صاحب کا حوالہ ملا جن سے بات ہوتے ہی باتوں کا رنگ کچھ اور ہو گیا ۔۔۔۔۔۔۔۔ 

سلمان صاحب نے بڑی دلچسپ بات کہی ۔۔۔ کیا محمد علی صاحب کی آواز سناؤں تو پہچان لیں گے ؟؟؟

میں نے ہنستے ہوئے کہا، پچاس سال بہت کچھ بدل دیتے ہیں، ہاں اگر آواز دل میں کہیں چھپی ہو تو شاید پہچان ہی جاؤنگا ۔۔


اور پھر ۔۔۔ فون کے دوسرے سرے سے ایک صدا آئی ۔ 


کون صاحب؟؟؟


اور میں نے کہا


خادم کو اختر شیخ کہتے ہیں ۔۔۔۔


ایک لمحے کو سناٹا چھا گیا ۔۔۔ پھر اگلے ہی لمحے وہ مانوس ہنسی، وہ پرانے القابات ۔۔۔۔ ارے فردوس کالونی کے بدمعاش۔۔ پولیسیا ۔۔۔۔۔۔۔۔ 


ایسا لگا جیسے وقت نے خود پیچھے مڑ کر ہمیں دیکھا ہو ۔۔۔ ہنسی، محبت اور بچپن کی شوخی ایک ساتھ لوٹ آئی ۔۔۔


 بات گھنٹوں کی نہیں لمحوں کی تھی، مگر ان لمحوں میں پچاس سال سمٹ گئے ۔۔۔۔۔۔ 


اور حسن اتفاق دیکھیے ، محمد علی میرے کارخانے کے بالکل قریب  ناظم آباد نمبر 4 میں رہتے ہیں ۔

اور کل جب وہ دفتر سے واپسی پر اچانک مجھ سے ملنے آئے تو مسکرا کر بولے ۔۔۔۔۔۔۔۔


یہ جو تمہاری فیکٹری کے ساتھ سبزی والا کھڑا ہے میں تو اکثر صبح اسی سے سبزی لیتا ہوں کئی بار تمہارے کارخانے پر بھی نظر پڑی لیکن نہ تم پہچانے، نہ میں۔


کتنی عجیب بات ہے ۔۔ قربتیں تھیں  راستے وہی، گزرگاہیں وہی ۔۔

بس، چہرے وقت کی دھند میں دھندلا گئے تھے 

لیکن اب آواز،  جذبہ، اور یادیں یہ سب ایک بار پھر نئی زندگی کے ساتھ جاگ اٹھے۔


ماضی کے اوراق الٹنے لگے، وہی فردوس کالونی  وہی صبح کی روانگیاں ۔۔۔۔۔


پہلے شاہد رضا، پھر محمد علی،

کبھی سہیل عزیز بھی شامل ہوتے اور پھر ہمارا کارواں اسکول کی جانب روانہ ہوتا ۔۔۔ اگر کبھی تاخیر ہوتی تو میں اور سہیل  سیدھا اسکول چلے جاتے کہ مبادا اسمبلی میں دیر ہو جائے اور محترم استاد، پی ٹی ماسٹر وحید الدین قریشی صاحب کی پیار بھری سزا سے دوچار نہ ہونا پڑے۔


اسکول کی چھٹی کے بعد گلیوں میں شور، قہقہے، ہنسی 

کبھی اقبال مصطفی کے گھر پانی پینے کا وقفہ 

کبھی محمد علی یا شاہد رضا کے دروازے پر دو گھڑی کا قیام ۔۔۔۔۔۔


پھر شام پانچ بجے کھیل کا وقت ہوتا ۔۔۔۔۔۔

سہیل عزیز، میں، اور کئی دیگر دوست،  ہاکی کھیلنے نکلتے،

اور کھیل کے بعد وہ مختصر سی شوخیوں بھری محفل جہاں باتیں کم اور ہنسی زیادہ ہوتی ۔۔۔۔۔۔۔ 


یہ سب یادیں دل کے کسی مخملی صندوق میں محفوظ تھیں 

بس کسی آہٹ کی منتظر تھیں اور کل۔۔۔۔۔۔ وہ آہٹ بھی آئی، دروازہ بھی کھلا اور محمد علی سامنے تھے ۔۔۔۔۔۔ 


اب ارادہ ہے کہ چند دنوں بعد جب دونوں طرف کی مصروفیات کچھ کم ہوں تو محمد علی کے گھر باقاعدہ ملاقات ہو 

بیٹھک جمے،

قہقہے لوٹیں،

اور یادوں کی محفل پھر سے روشن ہو ۔۔۔۔۔ 


کیونکہ…

یہ صرف ایک ملاقات نہیں،

یہ دل کی پہچان ہے ۔ اور ایسی پہچان کبھی مٹتی نہیں ۔۔۔۔۔ 


کیونکہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔

دل تو آج  بھی ناظم آبادی ہے 


اختر شیخ


Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ