بکریوں کا دھواں اور استاد کی توہین


 بکریوں کا دھواں اور استاد کی توہین


ایک پروفیسر وہ شخص جو نسلوں کے اذہان کو تراشتا ہے، جس کے لفظ چراغ ہوتے ہیں اور دعائیں سند ۔۔ آج اسی پروفیسر کو بتایا جا رہا ہے کہ اس کی سانسیں ایک بکری کی نیند سے کم قیمتی ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر آفاق صدیقی جن کے علم اور وقار کا ہر شاگرد گواہ ہے، نے کل جامعہ کراچی میں محض اتنا کہا کہ بھائی یہ کچرا مت جلاؤ دھواں کمرے میں آ جاتا ہے، سانس لینا مشکل ہو جاتا ہے۔ جواب میں ایک مسلح محافظ نے ان کے منہ پر ہاتھ رکھ دیا ۔۔ ایک تھپڑ کی صورت میں ۔۔۔

کیا پروفیسر ہونا اب جرم بن چکا ہے؟؟؟؟  کیا علم کا احترام کسی دھویں میں گم ہو چکا ہے؟

افسوس کہ اس ملک میں وردی پہن لینے کا مطلب اب شاید یہ سمجھا جا رہا ہے کہ ہاتھ میں اختیار آ گیا اور سامنے استاد ہو یا طالبعلم سب کو جھکانا فرض ہے۔ لیکن یاد رکھیے، استاد کو جھکانے والا خود تاریخ کے سامنے سر نہیں اٹھا سکے گا ۔۔ پروفیسر آفاق صدیقی کوئی عام شخص نہیں وہ علم کے نمائندہ ہیں، وہ جامعہ کراچی کے وہ ستون ہیں جن پر اس ادارے کی عمارت کھڑی ہے، ان کے ساتھ یہ سلوک دراصل علم، تہذیب اور استاد کے وقار پر حملہ ہے اور یہ حملہ صرف ایک شخص پر نہیں بلکہ اس پورے نظام پر ہے جسے تعلیم کہتے ہیں۔

سوچنے کا مقام ہے کہ اگر استاد کی بات سننا گستاخی قرار پائے اور اس کے منہ پر تھپڑ مارنا فرض تو پھر اس قوم کے نصاب میں اخلاقیات کے ابواب پڑھانے کا فائدہ ہی کیا؟؟ 


اختر شیخ

استاد کو عزت دیں۔

علم کو سلام کریں۔

اور دھویں کو... کم از کم بکریوں تک محدود رکھیں ۔۔

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ