"لنکوں کا لنڈا بازار اور ہم


 

"لنکوں کا لنڈا بازار اور ہم"


صبح کی تازہ ہوا چائے کی بھینی خوشبو پرندوں کی چہچہاہٹ اور ساتھ ہی موبائل سے آواز آتی ہے ۔۔ ٹن ٹن ٹن 

آنکھیں کھلتے ہی سب سے پہلا حملہ چند محترم دوستو کے چار چار السلام علیکم، تین تین صبح بخیر، نیچے دس بارہ فیس بک کے روابط، چار پانچ ویڈیو پیغام اور اوپر سے اقوال زریں، کچھ حدیثیں، کچھ شاعری ۔۔ گویا صبح سویرے ہی ایک مکمل ڈیجیٹل نیاز ۔۔۔۔۔۔۔۔


اب بندہ پہلے سلام کا جواب دے یا فون پر فاتحہ پڑھے ؟؟؟ 

مجبوراً ہر پیغام پر انگلی رکھ کر حذف کریں، حذف کریں، حذف کریں .. جیسے ہم موبائل صفائی کرنے والے اہلکار ہوں ۔۔۔ 

میرے تایا زاد بھائی رفعی بھیا کو کم از کم بیس بار عرض کر چکا ہوں کہ بھائی، میرے موبائل میں ویڈیو یا فیس بک کے روابط کھلتے ہی نہیں۔ مگر ان کے ہاں فارورڈ کا ایسا مسلسل نظام ہے کہ لگتا ہے ہاتھ نہیں خودکار مشین لگی ہو ۔ وہ ہر روز ہمیں ان پیغامات سے یوں نوازتے ہیں جیسے محلے کی مسجد میں سب سے پہلے اذان بھی وہی دیتے ہوں۔


ادھر کچھ احباب ایسے بھی ہیں جن کا اگر آپ نے خدانخواستہ فون اٹھا لیا، تو سمجھیں اب اگلے دن ہی بات ختم ہوگی ۔۔ موضوع بدلتے ہیں مگر سانس نہیں لیتے، اور اگر بیچ میں کچھ کہنا چاہیں تو فرماتے ہیں ارے سنتے رہیے صاحب 

اب ہم بیٹھک جمانے والے لوگ ہیں۔ گفتگو کے شوقین ضرور مگر لمبی لمبی تقریر کے نہیں ۔۔ فون اصل میں زندگی کی ایک ضرورت ہے ۔۔۔ اور ضرورت کے تحت ہی اس کا استعمال اچھا لگتا ہے۔ ورنہ دل چاہتا ہے کہ فون دیکھ کر یہ سوچا جائے ۔۔ یہ بولنے اور سننے کا آلہ ہے یا برداشت کا امتحان ؟؟


اصل بات تو یہ ہے کہ تعلق محض مسلسل پیغام بھیجنے یا لمبی گفتگو کا نام نہیں 

تھوڑا سا شعور، کچھ لمحے خلوص کے اور ذرا سی خوشگواری ہو تو رشتہ خود بخود گہرا ہو جاتا ہے۔

ورنہ بہت جلد یہ محبت خاموش ہو جاتی ہے اور فہرست عزیزاں سے نکلنے میں دیر نہیں لگتی۔


کیونکہ ہم دل کے سچے لہجے کے میٹھے اور بات کے ہلکے پھلکے… ناظم آبادی ہیں 


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ