(محمد جمال محسن ۔۔ فن محبت اور حرف کا ہمسفر)
یادوں کے جگنو
(محمد جمال محسن ۔۔ فن محبت اور حرف کا ہمسفر)
بعض لوگ استاد نہیں ہوتے مگر ان کا فن ان کی سوچ، اور ان کی رفاقت خود ایک درس بن جاتی ہے۔ محمد جمال محسن انہی لوگوں میں سے ہیں میرے دوست، میرے ہم مشاعرہ، اور میرے دل کے قریب ایک فنکار حرف ۔۔۔۔۔۔
ہم نے کئی مشاعروں میں ایک ساتھ شرکت کی، کئی محفلوں میں کلام پڑھا۔ جب وہ کراچی میں تھے، تو ہر سال ان کے گھر پر ایک نعتیہ مشاعرہ ضرور ہوتا۔ وہ محفلیں صرف شعر کی نشستیں نہ تھیں بلکہ دلوں کے جڑنے کی محبتوں کے برسنے کی گھڑیاں تھیں۔ ہم بھی ان محافل میں شریک ہوتے، اپنا کلام پیش کرتے اور برادر من کے تبسم بھرے تبصروں سے حوصلہ پاتے۔
فن خطاطی میں ان کا کمال کچھ ایسا ہے کہ کوفی رسم الخط جیسے سخت زاویوں والے انداز کو بھی انہوں نے اپنی نرمی اپنی خوشخطی اور اپنی جمالیاتی حس سے زندہ کر دیا۔ ان کی خطاطی صرف دیکھنے کی چیز نہیں محسوس کرنے کا ہنر ہے۔
گزشتہ ڈیڑھ سال سے وہ اسلام آباد میں مقیم ہیں مگر ان کے فن کے رنگ اور دوستی کی خوشبو اب بھی کراچی کی فضاؤں میں بکھری ہوئی ہے۔
اور سچ کہوں تو کراچی کے احباب اب برادر من کی بہت کمی محسوس کرتے ہیں۔۔
جب کراچی میں تھے، تو مجھے انہوں نے میرے نام ،،محمد اختر شیخ،،
کو کوفی مربع خطاطی میں سجا کر ایک بے مثال فن پارہ تحفے میں دیا۔
یہ صرف میرے نام کی خطاطی نہیں، بلکہ ہمارے تعلق کی تصویری تفسیر ہے۔
کوفی خط میں یوں میرا نام لکھنا گویا محبت کو فن میں ڈھال دینا ہے۔
اس فن پارے کو دیکھ کر دل کہتا ہے۔۔۔۔
میرے نام کا جمال، میرے دوست کے فن کے کمال سے۔
ایسے لوگ کم ہوتے ہیں جو فن کی دنیا میں بھی چمکتے ہیں اور دل کی دنیا میں بھی جگنو بن کر رہتے ہیں۔ محمد جمال محسن انہی جگنوؤں میں سے ایک ہیں۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment