*شہر بے اماں اور پروین رحمان کی گواہی*
*شہر بے اماں اور پروین رحمان کی گواہی*
کراچی کی بارشیں محض پانی نہیں لاتیں یہ شہر کے زخموں کو بھی تازہ کر دیتی ہیں۔ چھتوں سے ٹپکتے قطرے محض بارش نہیں یہ دراصل اس بدنصیب شہر کا لہو ہے جو برسوں سے زخم پر زخم سہہ رہا ہے۔ کبھی برسوں پہلے ایک صدا بلند ہوئی تھی وہ آواز تھی پروین رحمان کی جس نے ہمت کر کے کہا تھا کہ جب تک نکاسیٔ آب کے قدرتی راستوں کو قبضہ گروپوں اور سرکاری مافیاز کے پنجے سے آزاد نہیں کرایا جائے گا ۔۔۔۔۔ تباہیاں بار بار اس شہر کے نصیب میں لکھی رہیں گی۔
یہ آواز سچ کی آواز تھی لیکن کراچی کی روایت بڑی تلخ ہے ۔۔ یہاں سچ کہنے والوں کو یا تو خاموش کرا دیا جاتا ہے یا راستے کے پتھر بنا کر چھوڑ دیا جاتا ہے۔ پروین رحمان بھی چپ کرا دی گئیں، مگر ان کا جملہ آج بھی ہر بارش میں گونجتا ہے ۔۔۔۔۔۔
دیکھنے میں عجب شہر ہے یہ کراچی۔ ستر فیصد کنٹونمنٹ بورڈ کی سلطنت باقی تیس فیصد میئر کی چراگاہ، تقسیم در تقسیم کے اس حساب میں شہری صرف ایک ہندسہ ہیں ۔۔۔ جنہیں سہولتیں نہیں ملتیں صرف بل ملتے ہیں۔ بارش آتی ہے تو شہر ڈوبتا ہے، مگر اختیار رکھنے والے اپنی سرحدوں کے نیچے دفتروں میں سوکھے کاغذ گنتے رہتے ہیں۔
ایک طرف بارش کا پانی ہے دوسری طرف بند گلیاں قبضے اور مافیاز کا مشترکہ کاروبار ۔۔۔ یہ سب مل کر کراچی کو غرقاب کرتے ہیں اور اوپر سے ہمیں تسلی دی جاتی ہے کہ صورت حال پر قابو پا لیا گیا ہے!!! شاید اسی قابو میں شہری ہر سال پانی میں تیرتے ہیں ۔۔۔۔۔
پروین رحمان کی گواہی اب بھی صدا دے رہی ہے کہ نکاسی کے راستے آزاد کرو ۔۔ ورنہ یہ شہر بار بار ڈوبے گا۔ مگر سوال یہ ہے کہ
کیا کوئی سن رہا ہے؟؟ یا پھر یہ شہر ہمیشہ اپنی بارشوں میں بہتا اور اپنے سچ کہنے والوں کو کھوتا رہے گا؟؟
شاید یہی کراچی کی اصل تقدیر ہے کہ یہاں سڑکیں ندی نالے بنتی رہیں گی مگر حکمرانوں کے کان بدستور صحرا کی طرح خشک رہیں گے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment