(سہیل الہی بخش کی یاد میں


 یادوں کے جگنو


(سہیل الہی بخش بھائی کی یاد میں)


کچھ لوگ اپنی ہنسی، محبت اور سادگی سے یادوں کو اتنا روشن کر جاتے ہیں کہ وقت گزرنے کے باوجود ان کی موجودگی دل میں زندہ رہتی ہے۔ سہیل بھائی ایسے ہی انسان تھے۔ کیا زندہ دل شخص تھے سہیل بھائی، ہمارے آصف الہی بخش کے بڑے بھیا۔ آصف کے سبھی بھائیوں سے مراسم تھے لیکن سہیل بھائی کی کیا بات تھی۔ اکثر آصف کے ساتھ ہماری فیکٹری آتے اور جب آتے تو سمجھ لیں سب کو جلد ہی ہنسی کے دورے پڑنے والے ہیں، کیونکہ سہیل بھائی کی فطرت میں رب کریم نے ہنسی مذاق اور بذلہ سنجی گوٹ گوٹ کے رکھی تھی۔۔۔۔۔۔

جب فیکٹری آتے تو کبھی کبھی تربوز لاتے اور اس کے کھانے کے نئے نئے انداز ہم نے انہی سے سیکھے۔ کبھی ہم ان کے گھر چلے جاتے اور آم کا سیزن ہوتا تو کیا نئے نئے انداز کا ملک شیک ملتا اور جب ہم گھر آ کر وہ بنانے کی کوشش کرتے تو گھر والے فوراً کہتے، لگتا ہے سہیل بھائی سے ملاقات ہوئی ہے آج ۔۔۔ سہیل بھائی مفتی زر ولی خان صاحب کی مسجد میں بروز جمعہ کبھی کبھی مؤذن کے فرائض بھی انجام دیتے۔ آپ اگر ان کی آواز میں اذان سن لیں تو لمحہ بھر میں تصور میں حرم شریف میں پہنچ جائیں۔ اللہ پاک نے انہیں وہ عنایت بخشی تھی کہ حرم شریف کے مختلف مؤذنوں کی آواز میں اذان دے لیتے تھے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کبھی کبھی فون پر مختلف آوازیں بدل کر بات کرتے۔ میں مانتا ہوں کئی بار بالکل پہچان نہیں سکا، لیکن پھر جب انداز جھلکتا تو کہہ دیتا، سہیل بھائی جتنا بننا تھا بن گیا، اب مزید بننا  مشکل ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

حجامہ کے بھی ماہر تھے۔ میری زندگی میں پہلی بار حجامہ سہیل بھائی نے ہی کیا۔ اللہ پاک ان کی یہ محبت قبول فرمائے۔ وہ نہایت سادہ آدمی تھے۔۔۔۔۔

سہیل بھائی کے صاحبزادے یحییٰ اور صمد بھی ماشاء اللہ ہماری فیکٹری کے ممبر رہے ہیں۔ اور یہ دونوں ہی کیا شمس اور برادر من سہیل بھائی کے بھانجے بھتیجے، سبھی آصف کے ساتھ اکثر فیکٹری آتے رہتے تھے۔

فیکٹری کے دن وہی اصل رونق تھے۔ گرم چائے کی بھاپ اُڑتی تھی، قہقہے گونجتے تھے اور بیٹھک دوستوں کی محبت سے جگمگاتی تھی۔ لیکن ایک شدید حادثے کے بعد حالات کی مجبوری سے جب فیکٹری ختم کی تو وہ ساری محفلیں بھی اجڑ گئیں۔ جہاں کبھی خوشبو اور ہنسی بسیرا کرتی تھی، وہاں اب ویرانی اور خاموشی ہے۔ ہماری فیکٹری کی بیٹھکیں ختم ہوئیں تو جیسے دل کا ایک حصہ بھی خالی ہو گیا۔


جن دنوں میری آنکھ کا آپریشن ہوا تھا انہی دنوں سہیل بھائی کا انتقال ہو گیا۔ باوجہ مجبوری جنازے میں شامل نہ ہو سکنے کا دکھ زندگی بھر رہے گا۔ کچھ دوستوں سے کہا بھی تھا کہ اگر آپ لوگ جنازے میں جائیں تو مجھے بھی ساتھ لے لیجئے گا۔ مگر جب جنازے کا وقت آیا تو وہ مجھے ساتھ لینا بھول گئے۔ یہ خلش ہمیشہ دل میں رہے گی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


یادوں کے جگنو بجھتے نہیں۔ سہیل بھائی کی مسکراہٹ ان کی اذان، ان کا ہنسی مذاق سب کچھ دل کی روشنائی میں ہمیشہ جلتا رہے گا۔


اللہ پاک سہیل بھائی کی مغفرت فرمائے ان کے درجات بلند کرے۔ ان کے صاحبزادے یحییٰ اور صمد کے لئے نیک تمنائیں ہیں۔ آصف اور ان کے سب بھانجوں بھتیجوں کے لئے بھی دعا ہے کہ اللہ پاک سب کو سلامت رکھے اور اپنی امان میں رکھے۔ آمین


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ