زبان دل اردو کی حفاظت
"زبان دل اردو کی حفاظت"
میں آپ سب سے نہایت خلوص کے ساتھ گزارش کرتا ہوں کہ براہ کرم اپنی زبان اردو میں ہی تحریر کریں۔ رومن اردو کے بڑھتے استعمال نے ہماری قومی زبان کے حسن کو دھندلا دیا ہے، اور ہماری نئی نسل آہستہ آہستہ اردو لکھنے اور پڑھنے کی صلاحیت سے محروم ہوتی جا رہی ہے۔ آج جب ہم اپنے بچوں کے سامنے اردو میں عدد مثلاً باسٹھ، ستّر، یا اٹھانوے کہتے ہیں تو وہ حیران ہو کر پوچھتے ہیں کہ یہ کتنے ہوتے ہیں؟؟؟؟ انہیں انگریزی میں وضاحت کی ضرورت پیش آتی ہے۔ یہ صورت حال اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم اپنی زبان سے غافل ہو چکے ہیں۔
اپنی زبان ترک کرنے کے سنگین نتائج کا اندازہ سمرقند اور بخارا کے باشندوں سے لگایا جا سکتا ہے، جو کبھی علم کا سمندر تھا، آج وہ اپنے اجداد کی قبروں پر کندہ تحریریں پڑھنے سے قاصر ہیں کیونکہ وہ اپنی ہی قدیم زبان سے ناآشنا ہو چکے ہیں۔
زبان اور تہذیب کی بقا کا سبق ہمیں جاپان سے بھی ملتا ہے۔ ہیروشیما اور ناگاساکی کی ہولناک تباہی کے بعد جاپانیوں نے اپنی سرزمین تو ہاری، مگر اپنی زبان اور ثقافت کو بچانے کی شرط پر ہتھیار ڈالے۔ آج جاپان ترقی کی منازل طے کر چکا ہے اور اس کی زبان و ثقافت اسی طرح زندہ و جاوید ہیں۔
میری آپ سب سے مؤدبانہ درخواست ہے کہ رومن اردو کو ترک کر کے خالص اردو میں تحریر کریں اور گفتگو کریں۔ ابتدا میں شاید کچھ دشواری ہو، مگر چند دنوں کی مشق کے بعد آپ کی انگلیاں (کی پیڈ ) پر اردو کے موتی بکھیرتی نظر آئیں گی۔ یہ ایک معمولی سی قربانی ہے جو ہم اپنی زبان، تہذیب اور آئندہ نسلوں کی بقا کے لیے دے سکتے ہیں۔
خدارا، اپنی زبان کو خود اپنے ہاتھوں سے زوال پذیر نہ ہونے دیں۔
اختر شیخ
Comments
Post a Comment