علم روشنی ہے اور جہالت اندھرا



علم اپنی غلطی مانتا ہے، جہالت نہیں

انسان کی سب سے بڑی عظمت اس کے جاننے میں نہیں بلکہ ماننے میں ہے۔ علم انسان کو صرف آگاہی نہیں دیتا، بلکہ اسے یہ بھی سکھاتا ہے کہ غلطی کرنے کے بعد حقیقت کو قبول کرنا ہی اصل بڑائی ہے۔ دنیا کے بڑے سائنسدان، مفکر اور محقق اسی لیے عظیم ٹھہرے کہ انہوں نے اپنی کمزوریوں، خامیوں اور تجرباتی لغزشوں کا اعتراف کیا۔ آئن اسٹائن سے لے کر اب تک کے بڑے بڑے ناموں نے یہ تسلیم کیا کہ ہم سے خطا ہوئی مگر ہم نے حقیقت کو جھٹلایا نہیں۔ یہی علم کی شان ہے۔
فردوس گیاوی کہتے ہیں ۔ 

علم کی ابتدا ہے ہنگامہ
علم کی انتہا ہے خاموشی

اس کے برعکس جہالت کبھی اپنی غلطی نہیں مانتی۔ جہالت کو اپنی نادانی چھپانے کے لیے ضد اور ہٹ دھرمی کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ وہ اپنی کمزوری کو دلیل کا لباس پہنانے کی کوشش کرتی ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ انکار جہالت کا سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ جہالت کو اپنی خامی تسلیم کرنے میں اپنی شکست دکھائی دیتی ہے، حالانکہ اصل ہار تو اس وقت ہوتی ہے جب کوئی سچ کے سامنے دیوار بن کر کھڑا ہو جائے۔۔۔۔۔۔۔۔
اکبر الہ آبادی فرماتے ہیں ۔ 

مذہبی بحث میں نے کی ہی نہیں
فالتو عقل مجھ میں تھی ہی نہیں 

علمی رویہ انسان کو عاجزی سکھاتا ہے۔ جو جانتا ہے وہ جانتا ہے کہ سب کچھ نہیں جانتا۔ اسی لیے وہ تحقیق کے دروازے کھلے رکھتا ہے اور اپنی سوچ کی اصلاح کرتا رہتا ہے۔ جبکہ جہالت یہ گمان پھیلاتی ہے کہ میں ہی سب کچھ جانتا ہوں۔ یہ زعم انسان کو نہ صرف ترقی سے محروم کر دیتا ہے بلکہ اسے معاشرتی سطح پر بھی تنہائی کا شکار کر دیتا ہے۔
علامہ اقبال کہتے ہیں

علم میں بھی سرور ہے لیکن
یہ وہ جنت ہے جس میں حور نہیں

ہمارے معاشرے کا المیہ یہ ہے کہ ہم اکثر علم کی بات کرتے ہیں مگر جہالت کے رویے اپناتے ہیں۔ غلطی تسلیم کرنے کے بجائے ہم اسے چھپانے یا دوسروں پر ڈالنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ترقی کی دوڑ میں ہم پیچھے رہ گئے ہیں۔ قومیں اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتی ہیں اور آگے بڑھتی ہیں، لیکن جو غلطی ماننے کو ہی عیب سمجھیں، وہ بہت جلد وقت کے گرداب میں ڈوب جاتی ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عالم نظامی کہتے ہیں

زمانے میں ضروری ہے بہت تعلیم کا ہونا
جہالت آدمی سے آدمیت چھین لیتی ہے

اصل کامیابی اپنی خطا کو چھپا لینے میں نہیں بلکہ اسے مان کر درست کر لینے میں ہے۔ علم کا پہلا سبق ہی یہ ہے کہ انسان خطا کا پتلا ہے اور علم ہی انسان کو یہ حوصلہ دیتا ہے کہ میں نے غلطی کی، جو قومیں یہ رویہ اپنا لیں، وہ کبھی رکتی نہیں۔

علم عاجزی ہے، جہالت تکبر۔
علم اصلاح ہے، جہالت انکار۔
علم روشنی ہے، جہالت اندھیرا۔

سوال یہ ہے کہ ہم روشنی کو اپنائیں گے یا اندھیرے کو؟
محسن بھوپالی کہتے ہیں 

جاہل کو اگر جہل کا انعام دیا جائے
اس حادثہ وقت کو کیا نام دیا جائے

از ۔ اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ