قاری وحید ظفر قاسمی کے نام ایک عقیدت بھرا سلام
"یادوں کے جگنو"
قاری وحید ظفر قاسمی کے نام ایک عقیدت بھرا سلام
ناظم آباد نمبر 1 کی وہ پرانی گلیاں ۔۔۔۔ جہاں سورج کے ڈھلنے سے پہلے اذانیں اور بچوں کے شور کی صدائیں ایک ساتھ بلند ہوتیں ۔۔ جہاں دوپہر کی دھوپ میں بھی محبت کی ٹھنڈک محسوس ہوتی۔ انہی گلیوں میں ایک ایسا گھر بھی تھا جہاں کی دیواروں سے نعت اور تلاوت کی روشنی پھوٹتی تھی ۔۔ وہ گھر قاری وحید ظفر قاسمی کا تھا ۔۔۔۔۔
ایک ایسی آواز جس نے صرف ریڈیو یا ٹی وی پر نہیں بلکہ دلوں پر حکمرانی کی۔
ایسی نعت خوانی، جس نے روح کو چھوتی ہے ۔۔ ایسا انداز جو ادب، عشق اور سادگی کا حسین امتزاج ہے ۔۔
جب وہ پڑھتے ۔۔۔
اللہ، اللہ، اللہ، اللہ
سرتاپا ہے نور میں ڈوبا ہوا
نام محمد کا جو دم بھر لے۔۔۔
تو یہ فقط نعت نہیں ہوتی ہے، یہ دل سے نکلنے والی وہ آہ ہوتی ہے جو مدینے کے در و دیوار سے جا لگتی ہے۔۔۔
یادوں کی بارات میں جب قاری صاحب کی نعت
فاصلوں کو تکلف ہے ہم سے اگر
گونجتی تو فاصلے سچ میں مٹ جاتے اور روح مدینے کی فضا میں اڑنے لگتی ۔۔۔
فاصلوں کو تکلف ہے ہم سے اگر
ہم بھی بے بس نہیں، بے سہارا نہیں۔۔
ان کی نعتیں فقط آواز کا کمال نہیں ہیں، وہ قلب کی گواہی ہیں ۔۔۔
وہ عشق رسول ﷺ کی اس سطح پر ہیں جہاں الفاظ کم پڑ جاتے ہیں اور جذبے خود بولنے لگتے ہیں ۔۔۔۔
قاری صاحب صرف نعت خواں یا قاری ہی نہیں، بلکہ وہ ایک متوازن اور بھرپور شخصیت کے حامل تھے، جن کی زندگی کئی رنگوں سے بنی ہے۔ مجھے میرے برادرِ عزیز سید ارشد حسن عرشی نے بتایا کہ قاری صاحب نے ایک وقت W. Z. Qasmi کے نام سے ایم وائی پلازہ میں ایک سیمنٹ ایجنسی کا دفتر بھی قائم کیا تھا۔
یہ پہلو جان کر دل کو خوشی بھی ہوئی اور ایک خاص سا فخر بھی کہ وہ شخص جسے دنیا صرف نعت خواں جانتی ہے، وہ ناظم آباد کا ایک باہمت، خوددار اور محنتی فرد بھی رہے … جو کاروبار کی دنیا میں بھی اپنے وقار اور نام کے ساتھ موجود رہے۔
قاری صاحب کی زندگی ہمیں سکھاتی ہے کہ عشق رسول ﷺ صرف منبر سے نہیں عمل سے بھی جھلکتا ہے کہ آپ تلاوت کریں یا تجارت اگر نیت پاک ہو تو ہر کام عبادت بن جاتا ہے ۔۔۔۔
اور آج جب قاری صاحب کی نعت
زہے مقدر حضور حق سے سلام آیا
کسی سادہ سے اسپیکر سے بھی سنائی دیتی ہے، تو ایسا لگتا ہے جیسے ناظم آباد کی وہی شامیں، وہی دعائیں، وہی جگنو ۔۔۔ پھر سے جاگ اٹھے ہوں۔
زہے مقدر حضور حق سے سلام آیا، پیام آیا
قاری وحید ظفر قاسمی نعتیہ ادب کا چراغ بھی ہیں، اور ناظم آباد کی مٹی سے جڑا ایک ایسا جگنو، جو آج بھی ہر عاشق رسول ﷺ کی راہ میں روشنی بکھیرتا ہے ۔۔۔۔
یہ عقیدت بھرا سلام قاری وحید ظفر قاسمی صاحب کی حیات بابرکت کے دوران محبت و احترام کے اظہار کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ اللہ تعالی انہیں صحت و عافیت اور مزید فیض عطا فرمائے۔ آمین ۔ 🤲
نعت Short Link
اللہ، اللہ، اللہ، اللہ https://youtu.be/l6sZjJNUq0Y
فاصلوں کو تکلف ہے ہم سے اگر https://youtu.be/KMlC_J2O2eg
زہے مقدر حضور حق سے سلام آیا https://youtu.be/feQKgKnKcfY
کیونکہ…
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment