غلامیِ سسرائیل کا عالمی میلہ


غلامیِ سسرائیل کا عالمی میلہ


ارے بھائی، یہ تو ایک ایسا کمالی قصہ ہے کہ اگر میر انیس یا پطرس بخاری زندہ ہوتے تو دونوں مل کر اس پر ایک مرثیہ اور ایک مضمون ضرور لکھتے۔


ہم ہمیشہ یہی سمجھتے رہے کہ سسرال کی غلامی کا سب سے بڑا ریکارڈ ہمارے ہی پاس ہے۔ دل ہی دل میں ہم نے خود کو اس میدان کا ناقابل شکست چیمپئن مان رکھا تھا۔ لیکن کل ناظم آباد کی بیٹھک میں ایک ایسا انکشاف ہوا کہ دل خوشی سے باغ باغ ہو گیا۔ پتا چلا کہ ہماری نئی نسل نہ صرف ہمارا ریکارڈ توڑ رہی ہے بلکہ بڑے طمطراق سے ہم سے آگے نکل گئی ہے۔


ہوا یوں کہ کل مشاعرے سے فارغ ہو کر میں اور ایوب بھائی بیٹھک پہنچے تو دیکھا صرف طاہر میاں موجود ہیں۔ ہم نے پوچھا ۔۔۔۔

“بھئی، عمیر کہاں ہیں؟


جواب ملا ،

قبلہ، انہیں کم از کم دو ہفتے کے لیے بھول جائیں۔ وہ اب آپ کو نظر نہیں آئیں گے۔


ہم گھبرا گئے

انا للہ، خیریت تو ہے؟


کہا گیا۔۔۔ 

جی جی، خیریت ہے۔ اصل میں سالار جنگ کی شادی ہے، اور عمیر صاحب وہیں مصروف ہیں۔


ہم نے حیران ہو کر کہا۔۔۔۔۔۔

بھئی، دو ہفتے پہلے بھی تو وہ مصروف تھے؟


مسکرا کر جواب ملا۔۔۔۔۔۔۔

ہاں، اس وقت شادی کی خریداری میں تھے۔ اب شادی کی تقریبات میں ہیں۔

اب آپ ہی انصاف کیجیے، اتنے مصروف تو وہ اپنی شادی میں بھی نہ ہوئے ہوں گے جتنے سالار جنگ کی شادی میں ہیں۔ گویا یہ کوئی سادہ شادی نہیں بلکہ ہمہ جہتی مصروفیات کا عالمی میلہ ہے۔


یہاں بے اختیار یہ شعر یاد آتا ہے


ہو سمندر کے اگر پار کہاں ممکن ہے

غلامی سسرال پہ انکار کہاں ممکن ہے


میکے تو آج نہیں کل نہیں پرسوں جانا

بیوی کے آگے یہ تکرار کہاں ممکن ہے


بیویوں والے تو جاتے ہیں عقیدت لے کر

چھوڑ کے جائیں یہ دربار کہاں ممکن ہے



اس موقع پر دل نے کہا ۔۔   

“بھائی، یہ غلامی نہیں تو اور کیا ہے؟


سو ہم نے اس کیفیت کا نام رکھ دیا۔۔۔۔۔۔

غلامیِ سسرائیل


اور سچ پوچھیے تو یہ وہ اعزاز ہے جسے ہر نسل بڑی محبت اور لگن سے آگے بڑھا رہی ہے۔


داستان عشق میں نے جب کہی سسرال میں

میرے سالے گالیاں بے انتہا دینے لگے

ساس نے ڈنڈا اٹھایا اور سسر نے چپلیں

جن پہ تکیہ تھا وہی پتے ہوا دینے لگے

 

(عاصم پیرزادہ)


یوں لگتا ہے کہ دامادی ایک ایسا عہدہ ہے جس کی ترقی کا معیار اپنی شادی نہیں بلکہ دوسروں کی شادی میں مصروفیت ہے۔ اور اس امتحان میں کامیابی کا نتیجہ بس ایک ہی ہے .....

غلامیِ سسرائیل، پاس اور فرسٹ کلاس پاس ☺️


دنیا کے سب ریکارڈ ٹوٹ سکتے ہیں، مگر سسرال کی غلامی کا ریکارڈ اج تک کوئی نہ توڑ سکا ۔ 😄😎


اختر شیخ


 

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ