قومی یکجہتی اور کراچی کے نوجوان کا خواب


 قومی یکجہتی اور کراچی کے نوجوان کا خواب


ہم کو مطلوب ہے تکریم قد و گیسو کی

آپ کہتے ہیں کہ ہم دار و رسن مانگتے ہیں


قیامِ پاکستان کی داستان محض ایک ریاست کے وجود میں آنے کی نہیں، بلکہ ایمان، ہجرت اور نئے خوابوں کے ایک عظیم سفر کی کہانی ہے۔ برصغیر کے مختلف شہروں سے اٹھنے والے مہاجرین تہذیب، علم، ادب، اسلامی فکر اور بے مثال قربانی کا سرمایہ اپنے ساتھ لے کر سندھ کی سرزمین پر آئے۔ یہاں کے باسیوں نے کشادہ دلی اور محبت سے ان کا استقبال کیا، اور یوں دو تہذیبوں کے ملاپ سے ایک خوشگوار ہم آہنگی نے جنم لیا۔ مگر وقت کے ساتھ سیاسی ترجیحات، امتیازی پالیسیوں اور لسانی تعصبات نے اس ہم آہنگی پر دھیرے دھیرے سائے ڈال دیے۔ وہ برادری جو وطن کی تعمیر میں پیش پیش تھی،محرومی اور بے یقینی کا شکار ہونے لگی۔ اس سب کے باوجود مہاجر قوم نے پاکستان کو سائنس، ادب، صحافت، سیاست، فنون، کھیل اور تجارت میں ایسے گوہر عطا کیے جن پر ملک آج بھی فخر کرتا ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسے سائنس دانوں نے دفاعی خودکفالت میں انقلاب برپا کیا، اور بیرونِ ملک بسنے والے مہاجرین نے پاکستان کا نام سربلند کیا۔


قیام پاکستان کے بعد مہاجرین نے نظریاتی وابستگی کے تحت مذہبی سیاسی جماعتوں کا انتخاب کیا۔ انہوں نے عملی، فکری اور انتخابی میدان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ لیکن جب ان کا مسئلہ لسانی سیاست کی بھینٹ چڑھا اور بعض حلقوں نے لفظ مہاجر کو غیر اسلامی قرار دیا تو دلوں میں ایک خاموش مایوسی اتر آئی اور حمایت کی بنیاد بدل گئی۔ مہاجر برادری کے دو بڑے مطالبات  کوٹہ سسٹم کا خاتمہ اور بہاری مہاجرین کی واپسی نہ صرف جائز بلکہ انصاف کے تقاضے تھے، مگر انہیں کبھی سیاسی ترجیح نہ ملی۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ قومی سطح پر مذہبی جماعتوں کا ووٹ بینک کمزور ہوتا چلا گیا۔


کراچی کا نوجوان، جو کبھی شہر کی معیشت اور رونق کی بنیاد تھا آج تعلیمی ناہمواری، روزگار کی کمی اور عدم تحفظ کے مسائل میں گھرا ہوا ہے۔ کوٹہ سسٹم نے اس کی صلاحیتوں کے دروازے بند کر دیے اور خواب بکھرنے لگے۔ ایسے حالات نے ہجرت کی ایک اور لہر پیدا کی، جس نے ملک کو برین ڈرین کے آسیب میں مبتلا کر دیا ۔۔۔۔۔۔۔۔

آزادی کے اٹھتر برس بعد بھی پاکستان کو سیاسی، معاشی اور معاشرتی استحکام کی شدید ضرورت ہے۔ یہ تبھی ممکن ہے جب ہر خطے اور برادری کو مساوی معاشی وسائل، ترقی کے مواقع اور اپنی شناخت کے احترام کا حق ملے۔ اسی صورت میں ملک کے اندر صلاحیتیں پروان چڑھیں گی، ثقافتیں محفوظ رہیں گی اور قومی طاقت میں اضافہ ہوگا۔ مہاجر ثقافت کا دن محض روایتی لباس یا تہوار کا نام نہیں۔ یہ اپنی خدمات، زبان، ادب اور شناخت کو تسلیم کروانے کی ایک پرعزم صدا ہے۔ یہ دن کسی ایک طبقے کا نہیں، بلکہ پورے پاکستان کا ہے، کیونکہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے تنوع میں ہے۔ صوبائی اور لسانی ثقافتوں کا جشن ضرور منایا جائے، لیکن اس میں قومی وحدت کا رنگ بھی گھلنا چاہیے۔ تاریخ کا سبق ہے کہ محرومی کا زخم بیانات سے نہیں، بلکہ انصاف اور مساوات سے بھر سکتا ہے ۔۔۔ 


کراچی کا نوجوان اس تحریر کا کردار بھی ہے اور قاصد بھی۔ یہ شہر اور یہ ملک اس کا اپنا ہے۔ جب اسے اعتماد، روزگار، عزت اور برابری کا یقین ملے گا، تب تقسیم کی سیاست دم توڑ دے گی اور خوف کا سایہ چھٹ جائے گا۔ اس وقت مہاجر کی شناخت بھی فخر ہوگی اور پاکستانی ہونے کا اعزاز بھی۔


ہم کو مطلوب ہے تکریمِ قد و گیسو کی

آپ کہتے ہیں کہ ہم دار و رسن مانگتے ہیں


لمحہ بھر کو تو لبھا جاتے ہیں نعرے، لیکن

ہم تو اے وطن، دردِ وطن مانگتے ہیں

(احمد ندیم قاسمی)


آج کا کراچی کا نوجوان بھی دل میں وہی امید سجائے بیٹھا ہے جو اس کے آباؤ اجداد نے ہجرت کے دنوں میں باندھی تھی۔ وہ جانتا ہے کہ اس شہر کی روشنیوں کا جادو اور اس کے خواب اس کی محنت اور لگن سے وابستہ ہیں، مگر راستے تنگ کر دیے گئے ہیں۔ ساحل سمندر کی ٹھنڈی ہوا میں افق کو تکنے والا یہ نوجوان سوچتا ہے کہ کیا اس کے خواب یہیں سچ ہوں گے یا اسے اپنا سامان کسی اور دیس لے جانا پڑے گا؟؟ اس کی آنکھوں میں ایک ہی سوال ہے کہ کیا یہ شہر واقعی اس کا ہے؟ اگر اس کا جواب ہاں ہے، تو پھر اسے صرف روزگار ہی نہیں، بلکہ عزت، برابری اور اپنائیت کا یقین بھی دینا ہوگا۔


ہم دن کے پیامی ہیں مگر کشتۂ شب ہیں

اس حال میں بھی رونق عالم کا سبب ہیں


احمد ندیم قاسمی کا یہ شعر اس درد اور امید کا عکس ہے جو نہ صرف کراچی کے نوجوان بلکہ مہاجر برادری اور پوری قوم کے دلوں میں ایک ساتھ دھڑکتا ہے ۔۔۔۔۔  وہ دل جو رات کے اندھیروں میں بھی صبح کی نوید سناتا ہے۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ