نور قیمہ ہاؤس کا قیمہ، دال فرائی اور یارو کی سنگت
نور قیمہ ہاؤس کا قیمہ، دال فرائی اور یارو کی سنگت
اگرچہ آج طبیعت کچھ ناساز تھی سو بامجبوری کھانے میں شریک نہ ہو سکا، مگر دوستوں کی محبت میں محفل سے غیر حاضر رہنا ممکن نہ تھا۔ ایسے موقع پر بے اختیار یہ شعر یاد آیا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ بھی اک بات ہے عداوت کی
روزہ رکھا جو ہم نے دعوت کی
(امیر مینائی)
آج اپنے فیڈرل اسکول کے ساتھیوں کے ساتھ طے شدہ پروگرام کے مطابق نماز ظہر کے بعد پی آئی بی کالونی کے مشہور (نور قیمہ ہاؤس) میں ملاقات رہی۔ دو دن پہلے ہی اس نشست کا پروگرام طے ہوا تھا، اور آج جو دوست پہنچ سکتے تھے، وہ حسب استطاعت آ ہی گئے۔
میں اور جمال نے بائیک پر فردوس کالونی سے رخت سفر باندھا۔ جمال نے کہا، یار اختر کراچی کے ٹریفک کا حال دیکھتے ہوئے گاڑی کے بجائے بائیک بہتر ہے۔
اور واقعی یہ فیصلہ درست نکلا۔
ادھر سلام، ڈاکٹر انضار اور طارق کار میں نکلے مگر ٹریفک کے سمندر میں اس بری طرح پھنس گئے کہ سلام نے فون پر مشورہ دیا کہ یار آج کا پروگرام مؤخر کر لیتے ہیں، راستہ بالکل نہیں مل رہا۔
ہم ابھی بائیک کی طرف لوٹ ہی رہے تھے کہ سامنے برادر محسن پر نظر پڑی۔ فوراً سلام کو کال کی کہ سلام بھیا واپسی کا ارادہ بدل لو، اور جلد نور قیمہ ہاؤس پہنچو، محسن دور سے آیا ہے۔ ہاں یاد آیا کہ کراچی سنٹرل جیل میں جیمر کی وجہ اس علاقے میں کال پر رابطے میں خاصی مشکل ہو رہی تھی، بہرحال
یوں وہ تینوں بھی تھوڑی دیر بعد محفل میں شامل ہو گئے۔ اور پھر کیا کہنے نور کے قیمے اور دال فرائی نے سب کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔ اور سبھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔ یہاں تک کہ سلام، جو ہمیشہ پرہیز کے اصولوں پر ڈٹا رہتا ہے، وہ بھی بے اختیار کہہ اٹھا، یار ۔۔۔ پیٹ بھر گیا ہے مگر دل نہیں بھر رہا ابھی بھی کھانے پر آمادہ ہے۔
جب دال سامنے آئی تو ذہن نے شرارت کی اور بےساختہ یہ شعر زہن میں موضوع ہو گیا۔
خلاف طبع پکائی گئی مسور کی دال
بہ جبر ہم کو کھلائی گئی مسور کی دال
(اختر شیخ)
محفل خوش ذائقہ بھی رہی اور خوش گوار بھی، مگر مختصر تھی۔ محسن کو ساڑھے تین بجے ایک ضروری کام کے سبب جانا پڑا۔ واپسی میں ٹریفک کا عالم کچھ ایسا تھا کہ ہمیں بائیک کو تنگ گلیوں کے اندرونی راستوں سے گزارنا پڑا۔
تمام دوستوں کا تہہ دل سے شکریہ جنہوں نے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکالا اور شریک ہوئے۔ اور جو دوست کسی مجبوری کے باعث شامل نہ ہو سکے، ان سے وعدہ رہا کہ جیسے ہی رُوف بھائی پاکستان پہنچیں گے، پھر ایک نشست ضرور رکھی جائے گی۔ ان شاء اللہ یہ پروگرام آئندہ کسی ہفتے کی رات مشورے سے طے کر کے منعقد کیا جائے گا۔
یوں کہیے کہ قیمہ، دال فرائی اور یارو کی سنگت نے لمحوں کو یادوں کے جگنو میں ڈھال دیا۔ تمام دوستو کا ذکر خیر گفتگو میں شامل حال رہا ۔
رب کریم سب پیارو کو صحت و سلامتی کے ساتھ شاد و آباد رکھے ۔۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment