بندشوں کا شہر، برداشت کے لوگ


بندشوں کا شہر، برداشت کے لوگ

یہ تحریر دراصل میرے برادر من نصرت اللہ والا بھائی کی تحریر پڑھنے کے بعد ذہن میں اٹھنے والے خیالات کی صورت ہے۔ نصرت بھائی کی شگفتہ اور برمحل تحریر نے سوچنے پر مجبور کیا کہ ہم کس عجیب مقام پر آن کھڑے ہوئے ہیں۔

ہمارے یہاں مسائل کے حل کا فارمولا بڑا سیدھا ہے۔
اگر حالات خراب ہوں تو ڈبل سواری پر پابندی، اگر حالات زیادہ خراب ہوں تو موبائل فون بند،  اگر حالات انتہائی خراب نکل آئیں تو انٹرنیٹ خاموش۔ اور جب حالات ناقابل بیان حد تک بگڑ جائیں تو تعلیمی ادارے بند اور عام تعطیل کا اعلان ۔۔۔ 
یعنی مسئلہ کوئی بھی ہو، مصنوعی حل اب ارباب اقتدار کے پاس یہی رہ گیا ہے۔۔۔
سڑکیں بند کر دو، موبائل بند کر دو، انٹرنیٹ بند کر دو، اسکول بند کر دو، کاروبار بند کر دو۔
لیکن سوال یہ ہے کہ کیا یہ سب مسائل کا علاج ہیں؟ نہیں، یہ سب تو مسائل کے حل کے بجائے مسائل میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔
ہمارے ہاں مسائل کے مستقل حل کی طرف بڑھنے کے بجائے ان کے مصنوعی حل تلاش کرنے کو ہی اصل کارکردگی سمجھ لیا گیا ہے ۔۔۔۔۔۔
گویا شہر چلانا نہیں، شہر بند کرنا ہی انتظام کہلاتا ہے۔ یہ بھی کیا عجب تماشا ہے کہ نالے صاف نہیں ہو سکتے، کچرا نہیں اٹھ سکتا، سڑکیں نہیں بن سکتیں، ٹرانسپورٹ نہیں چل سکتی … لیکن جیسے ہی بادل برستے ہیں تو فوری اعلان آتا ہے کل عام تعطیل ہوگی، سب گھر بیٹھ جائیں ۔۔

سوال یہ ہے کہ کیا مسائل کا مستقل حل کرنا واقعی اتنا مشکل ہے؟ کیا شہر کے باسی ہمیشہ یوں ہی بندشوں کے عذاب جھیلتے رہیں گے؟ ہر بار بارش ہو یا ذرا سا ہنگامہ، علاج یہی کہ سب کچھ بند؟ یہ طریقہ کسی مسئلے کو ختم نہیں کرتا، الٹا روز کمانے اور کھانے والے لاکھوں افراد کو مزید تکلیف میں مبتلا کر دیتا ہے ۔۔۔۔ محنت کرنا شاید ہمارے ہاں سب سے ناپسندیدہ کام ہے، اسی لیے وقتی اور مصنوعی بندوبست کو ہی انتظام کا نام دے دیا جاتا ہے۔

 لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ کراچی والے پھر بھی جیتے ہیں، ہنستے ہیں اور حالات کا سامنا بھی کرتے ہیں۔ شاید اسی لیے یہ شہر اب صرف بندشوں کا شہر نہیں رہا بلکہ برداشت کے لوگوں کا شہر بھی کہلاتا ہے ۔۔۔ اور لگتا ہے ارباب اختیار کے نزدیک کراچی کے عوام کی اصل صلاحیت یہی ہے کہ جو کچھ بھی بند کر دو … یہ لوگ پھر بھی جی لیتے ہیں۔

اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ