تام چینی کی کیتلی ۔۔۔ سادہ دنوں کی
یادوں کے جگنو
تام چینی کی کیتلی ۔۔۔ سادہ دنوں کی کہانی
بچپن کے دن ۔۔۔ وہ دن جن میں نہ زمانے کی الجھنیں تھیں نہ دل میں کسی کمی کا احساس ۔۔۔۔ ماں کے ہاتھ کی چائے اور تام چینی کے سادہ برتنوں میں سجی چھوٹی چھوٹی خوشیاں ۔۔۔ جنہیں ہم نے جیا تو تھا مگر شعور تب کہاں تھا کہ سادگی میں چھپی محبت کو پہچان سکتے ؟؟؟ آج وہ دن محض یادیں بن کر دل کے دریچوں میں قید ہیں ۔۔۔۔ یادوں کے جگنو ۔۔۔ جو کبھی کبھی کسی ایک لمحے میں پلکوں پر جا بیٹھتے ہیں۔
چند دن پہلے ایسا ہی ایک لمحہ ملا جب میں اپنی چھوٹی بہن کے گھر گیا ۔۔۔۔۔۔
محبت سے پیش کی گئی چائے تو ایک بہانہ تھی اصل خوشی دل کو اس وقت چھو گئی جب میں نے وہ پرانی تام چینی کی کیتلی دیکھی ۔۔ سفید بدن پر سرخ پھولوں کی گلکاری ۔۔ برسوں بعد وہی کیتلی سامنے دیکھ کر جیسے بچپن کی گلیوں میں کھڑا ہو گیا۔ وہ سادہ دن ۔۔
جب ماں کے ہاتھ کی بنی چائے اسی کیتلی میں تیار ہوتی تھی، جب کھانے کی پلٹیں بھی انہی سادہ تام چینی کے برتنوں کی ہوتیں،
اور ہمارے چھوٹے چھوٹے دل ان چھوٹے چھوٹے برتنوں میں خوشیاں سمیٹ لیا کرتے تھے ۔۔۔۔
نہ کوئی دکھاوا نہ کوئی طلب ۔۔۔بس محبت تھی سادگی تھی ۔۔ اور ہم تھے۔
ہائے ۔۔۔ کہاں گئے وہ دن؟
نہ کوئی فکر نہ کوئی غم ۔۔ بس مستی ۔۔۔ اور ہم
بہن کے گھر محفوظ یہ کیتلی اب محض ایک برتن نہیں ایک زمانہ ہے
ایک عہد ہے ۔۔۔ امی جان کی محبت بچپن کی خوشبو، اور ماضی کے لمس کا نشان ہے۔
دل نے چاہا اس لمحے کو قید کر لوں، تصویر میں سمیٹ لوں تاکہ اپنے بچوں کو دکھا سکوں کہ ہم کس زمانے کے لوگ ہیں، اور سادگی کیسا قیمتی خزانہ ہوا کرتی تھی ۔۔
اسی لمحے میر تقی میر کا یہ شعر دل میں اتر گیا ۔۔۔۔
یاد ایام میں ہے دل بیتاب
رات دن اشک غم بہاتے ہیں
میں دیر تک سوچتا رہا کہ ایک سادہ سی کیتلی کے بہانے بہن نے مجھے میرا پورا بچپن لوٹا دیا ہے ۔۔ ماں کی چائے کا ذائقہ، دسترخوان پر سجی سادگی اور مٹی کی خوشبو سب ایک پل میں لوٹ آئے ۔۔
تم نے صرف ایک پرانی کیتلی نہیں سنبھال رکھی،
تم نے ہمارا ماضی ہماری محبتیں اور ہمارا خالص پن بچا رکھا ہے ۔۔۔۔
میرا تمہارے لیے یہی پیغام ہے ۔۔۔
یادیں سنبھالنے والے دل ۔۔۔ خود بھی خزانے ہوتے ہیں ۔۔ اور تمہارا دل واقعی ایک خزانے سے کم نہیں ۔۔۔
اللہ تمہارے آنگن میں سادگی اور محبتوں کا چراغ ہمیشہ روشن رکھے ۔۔ اور ان یادوں کے جگنو کبھی بجھنے نہ دے۔ آمین
کیونکہ ۔۔۔۔۔۔
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment