ایک رات، دو دیگیں اور سچے رشتے
یادوں کے جگنو
ایک رات، دو دیگیں اور سچے رشتے
گزری ہفتے کی رات کا منظر کچھ الگ ہی تھا۔ ہماری چھوٹی بہن نے اچانک فون کیا آواز میں شوخی بھی تھی اپنائیت بھی اور ایک خاص سا مان بھی ۔۔۔۔۔
بھائی، بچوں نے حلیم بنانے کی ضد کر دی ہے۔ دو دیگیں چڑھ رہی ہیں سب مصروف ہیں آپ سب بھی آ جائیں۔
ایسی محبت بھری آواز کو کون ٹھکرا سکتا ہے؟؟؟ ہم نے بھی دیر نہ کی جلدی سے تیاری کی اور رات تقریباً گیارہ، ساڑھے گیارہ بجے بہن کے گھر جا پہنچے۔ گھر کے باہر گلی میں پہنچے تو ایک عجیب سی چہل پہل، خوشبو اور گہما گہمی نے استقبال کیا۔ گلی میں دو دیگیں چولہوں پر چڑھی ہوئی تھیں۔ لکڑیاں سلگ رہی تھیں اور ان کے گرد ایک گھریلو قافلہ سا جما ہوا تھا۔ میرے تینوں بیٹے، بھانجا، بھانجے کا دوست، بہنوئی، اور بہنوئی کے دوست ۔۔۔۔۔۔ سب کے سب حلیم پکانے کے عمل میں پورے انہماک اور جوش سے شریک تھے۔ کوئی گوشت بھون رہا تھا کوئی چمچ چلا رہا تھا، کوئی پیاز کاٹ رہا تھا کوئی مصالحے سنبھال رہا تھا اور کوئی نیند بھری آنکھوں سے بھی ہنسی مذاق میں مشغول تھا۔ وقت جیسے رک سا گیا تھا یا شاید تیز ہو گیا تھا ۔۔۔ پتہ ہی نہ چلا۔ ایسا لگ رہا تھا جیسے حلیم نہیں پک رہی، بلکہ رشتے، یادیں اور محبتیں دم پر لگی ہیں۔ ایک طرف بہن ہر کسی کو کسی نہ کسی کام میں لگائے ہوئے تھی۔ خود بھی کبھی چائے دیتی کبھی ہنستے ہوئے کہتی، نمک تو ٹھیک ہے نا؟؟؟؟
اور سب ہنس پڑتے۔
کبھی بھانجا شوخی سے اپنے ابا سے کہہ رہا تھا ابا، آپ کا تڑکا تو بس واجبی سا ہے ۔۔
اور بہنوئی ہنستے ہوئے کہتے تو پھر تم آ جاؤ ذرا چکھا دو کمال ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رات یوں ہی ہنسی، خوشبو اور خلوص میں کٹتی گئی۔ دیگیں دم پر تھیں اور دلوں میں اپنائیت ۔۔۔۔۔۔
آخرکار جب فجر کی اذان گونجی تب جا کر حلیم پوری طرح تیار ہوئی، وہ خوشبو اب صرف مصالحوں کی نہیں تھی وہ رشتوں محنت اور خلوص کے پک جانے کی خوشبو تھی ۔۔۔۔
اب ظاہر ہے اس وقت نان ملنا ممکن نہ تھا تو سب نے مشورے سے گلی کے نکڑ والے ہوٹل سے گرما گرم پراٹھے منگوائے۔ بہن نے جھٹ پٹ گھر میں دسترخوان بچھایا۔ حلیم کے ساتھ پراٹھے، تلی پیاز ہری مرچ، ادرک کے لچھے اور لیموں ۔۔ سب کچھ ویسا ہی لگا جیسے عید کی صبح ہو یا کوئی خوشی کا دن ۔۔۔
سب نے خوب طبیعت سے کھایا نہ نیند کا ہوش، نہ وقت کی پروا بس ساتھ، ذائقہ اور ہنسی۔ کھانے کے بعد جب گھر رخصتی کا وقت آیا تو بہنوئی اور میرے صاحبزادے مرتضیٰ نے بڑی محبت سے سب کے لیے حلیم کی تھیلیاں تیار کیں صاف، سلیقے سے بند کی ہوئی پیکنگ جیسے کوئی محبت ساتھ لے جانے کے لیے باندھ دی گئی ہو۔ وہ سب تھیلیاں جاتے وقت سب احباب کو دے دی گئیں ۔۔۔ یہ صرف حلیم نہیں تھی بلکہ ایک یاد ایک ذائقہ اور ایک رشتہ جو ہر ایک کے ساتھ اس کے گھر چلا گیا۔ یوں پھر ہم سب صبح آٹھ بجے دل میں ایک تازہ مسکراہٹ، آنکھوں میں تھوڑی سی نیند اور یادوں میں ایک نیا جگنو لیے اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔
کیونکہ ۔۔۔۔۔۔۔۔
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment