اجمل سراج کی پہلی برسی پر مرحوم کی یاد میں)
یادوں کے جگنو
(اجمل سراج کی پہلی برسی پر مرحوم کی یاد میں)
کچھ لوگ لفظوں میں زندہ رہتے ہیں۔
ان کی باتیں ان کی مسکراہٹ ان کی شاعری وقت کی گرد میں بھی دھندلا نہیں پاتی۔ وہ چلے جاتے ہیں مگر ان کا لہجہ، ان کی خوشبو اور ان کی موجودگی دل کی دھڑکنوں میں محفوظ رہتی ہے۔
اجمل سراج بھی ایسے ہی ایک شخص تھا۔ شاعر بھی، دوست بھی، رازدار بھی۔ اس کی شاعری میں دل کی دھڑکن سنائی دیتی تھی اور اس کی محفل میں وقت تھم سا جاتا تھا ۔۔۔
مجھے اچھی طرح یاد ہے، وہ دن جب وہ پہلی بار میرے غریب خانے پر تشریف لائے، وہ لمحہ صرف ملاقات نہیں تھا، بلکہ میرے لیے ایک اعزاز تھا۔ سادگی اور وقار سے بھرپور شخصیت، دل موہ لینے والی مسکراہٹ اور گفتگو میں وہ شائستگی کہ جیسے دل پر نقش ہو جائے۔ یہ یادگار تصویر اسی لمحے کی گواہ ہے۔ اللہ پاک ہمارے پیارے صاحب کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
سید سراج الدین اجمل، جنہیں دنیا نے اجمل سراج کے نام سے پہچانا، ۱۴ اگست ۱۹۶۸ کو پیدا ہوا اور ۱۹ ستمبر ۲۰۲۴ کو ہم سے جدا ہو گیا۔ وہ شاعر ہی نہیں تھا بلکہ جذبات کا ترجمان تھا۔ اس کے دو شعری مجموعے
اور میں سوچتا رہ گیا (۲۰۱۰)
اور الفراق (۲۰۱۳)
اردو ادب میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ ان میں محبت کی شفافیت، ہجر کا دکھ، وقت کا نوحہ اور زندگی کی دھیمی چاپ سب ایک ساتھ بولتے ہیں۔
اجمل کے اشعار صرف لفظ نہیں، منظر تھے ۔۔۔
کیا کہے گا کبھی ملنے بھی اگر آئے گا وہ
اب وفاداری کی قسمیں تو نہیں کھائے گا وہ ۔۔
یا پھر ۔۔۔
سنی ہے چاپ بہت وقت کے گزرنے کی
مگر یہ زخم کہ حسرت ہے جس کے بھرنے کی
یہ اشعار دل کو چھو لینے والی صداقت رکھتے ہیں۔ وقت کی چاپ سنائی دیتی ہے مگر کچھ زخم وقت بھی بھر نہیں پاتا، اور اجمل سراج کا فراق بھی ایسا ہی زخم ہے۔
ان کی محفلیں یاد آتی ہیں۔ خرم عباسی، نجیب ایوبی اور دیگر دوستوں کے ساتھ ہفتے میں کئی بار ملاقات ہو جاتی۔ کبھی وہ ہمارے پاس آ بیٹھتے، کبھی ہم اس کے ہاں جا پہنچتے۔ ہنسی، قہقہے، طنز و مزاح کی محبت بھری کاٹ اور سنجیدہ گفتگو، یہ سب ایک حسین امتزاج تھا۔۔۔۔۔
ایک نشست تو ایسی تھی جس میں خالد معین، سعید آغا مرحوم، عمران شمشاد اور سیمان نوید بھی موجود تھے۔ وہ محفل آج بھی ذہن میں پوری تابناکی سے روشن ہے۔
مجھے وہ دن بھی یاد ہیں جب میں اپنے دوست ظفر قیوم کے ساتھ ان کے گھر جاتا۔ چائے اور نان کھٹائی کا ذکر آج بھی دل کو مسکرا دیتا ہے۔ اگر گھر میں نان کھٹائی نہ ہوتی تو وہ اپنے بیٹے عبد الرحمن مومن کو لانے کے لیے بھیجتے۔ یہ چھوٹی چھوٹی باتیں دراصل اس کی بڑی شخصیت کا آئینہ تھیں، محبت، مہمان نوازی اور خلوص کا پیکر۔
عبدالرحمن مومن کی بات آئے تو دل مزید روشن ہو جاتا ہے۔ اس کے اندازِ کلام اور گفتگو میں اجمل سراج کی پوری جھلک نظر آتی ہے۔ جیسے الفاظ، ویسا ہی رکھ رکھاؤ، وہی خلوص، وہی سنجیدگی اور وہی محبت بھرا پن۔۔۔۔ مومن آج کراچی کے بڑے بڑے مشاعروں کی نظامت بہترین انداز میں کر رہا ہے۔ اس کا لہجہ، اس کی روانی اور انداز بیان دیکھ کر یوں لگتا ہے جیسے اجمل سراج اب بھی ہمارے درمیان موجود ہے۔ بیٹے کی شخصیت میں باپ کا عکس دیکھنا ایک الگ سی راحت بخشتا ہے اور یہ تسلی دیتا ہے کہ اجمل سراج آج بھی مومن کی صورت میں زندہ ہیں ۔۔۔۔
اجمل سراج اپنی شاعری میں خود اپنی جدائی کی بازگشت بھی چھوڑ گئے ۔۔۔
ہمیں اٹھاؤ ہماری لحد کی سمت چلو
اب اس زمین پہ ہم پاؤں بھی دھریں گے نہیں
وہ اپنی بات کہہ گیا اور آج اس کے اشعار گویا اس کی غیر موجودگی کا نوحہ ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔
خراج عقیدت
تھا اساس علم و فن اجمل سراج
اک دبستان سخن اجمل سراج
عندلیب گلشن شعر و ادب
تھا وہی غنچہ دہن اجمل سراج
اس کی الفت سے غزل شیریں ہوئی
شاعری کا کوہ کن اجمل سراج
جاں فزا اس کے تکلم کی مہک
فکر کا مشک ختن اجمل سراج
دے گیا حرف و نوا کو تازگی
ہائے کیا تھا گلبدن اجمل سراج
اس کے دم سے رونق محفل رہی
تھا بہار انجمن اجمل سراج
سونا سونا کر گیا باب سخن
دے گیا رنج و محن اجمل سراج
اختر اس کی یاد اب بھی دل میں ہے
دے گیا داغ سخن اجمل سراج
اجمل سراج صرف ایک شاعر نہیں تھا، وہ کراچی کی ادبی روح کا ایک معتبر حوالہ تھا۔ وہ چلا گیا، مگر اس کا عکس اس کے بیٹے عبد الرحمن مومن میں زندہ ہے۔ جب بھی مومن کو دیکھتا ہوں تو لگتا ہے جیسے اجمل سراج اب بھی ہمارے درمیان ہیں، مسکرا رہے ہیں اور دعا دے رہے ہیں۔
اجمل سراج چلا گیا، مگر اس کی خوشبو باقی ہے،
لفظوں میں، محفلوں میں اور یادوں میں۔
یادوں کے جگنو
جب بھی دل کے افق پر چمکیں گے، اجمل سراج کا عکس ان میں ہمیشہ روشن رہے گا۔
کیونکہ ۔۔۔۔۔۔۔۔
دل تو ہے یارو کا دیوانہ
اختر شیخ

Comments
Post a Comment