قطرہ قطرہ کھیلے ہیں خواب"
"قطرہ قطرہ کھیلے ہیں خواب"
دروازے پر صرف قطرے باقی سب خواب،صبح کے وقت دروازے پر دستک ہو تو انسان کے دل میں کئی امکانات کروٹ لیتے ہیں۔ پہلا خیال کہ شاید بجلی والے معذرت کرنے آئے ہیں کہ غلطی سے آپ کو بجلی نہیں مل رہی، لو جی اب روزانہ چھ گھنٹے فری دیں گے۔
دوسرا خیال شاید گیس کمپنی والے آئے ہیں اور کہہ رہے ہیں جناب آپ کی چولہے والی حسرت پوری کرنے آئے ہیں یہ لیں سوئی گیس کے تازہ قطرے ۔
اور تیسرا اور سب سے نایاب خیال شاید تعلیم، انصاف یا پینے کے پانی کا کوئی نمائندہ بھیس بدل کر آ گیا ہو
مگر جیسے ہی دروازہ کھولیں، ایک نوجوان سفید ٹوپی، کندھے پر بیگ اور ہاتھ میں تھرماس لیے مسکرا کر کہتا ہے
(پولیو کے قطرے پلائیں صحت مند پاکستان بنائیں)
اب بندہ پوچھے بھائی یہ قطرے ہی کیوں ہر بار سبقت لے جاتے ہیں؟؟؟؟
کبھی تو انصاف، تعلیم، پانی، روزگار یا خوش اخلاقی کے بھی دو دو قطرے بانٹ دو ۔
سچ پوچھیے تو اب دل چاہتا ہے کہ یہ پولیو کے قطرے ہی ذرا اپ گریڈ ہو جائیں۔ یعنی ایک قطرہ غربت کا علاج کرے دوسرا بیروزگاری کا تیسرا مہنگائی کی سوزش کم کرے اور چوتھا اخلاقی انحطاط کی ویکسین ہو اور اگر کوئی خصوصی قطرہ دستیاب ہو جو موبائل سگنلز، بیوی کے طعنے اور دفتر کے باس کی پھٹکار کو وقتی طور پر بلاک کر دے، تو یقین مانیں یہ قوم قطرے پسند بن جائے ۔ اب تو یوں لگتا ہے جیسے پورا نظام حکومت قطروں پر چل رہا ہے۔
تعلیم کا ایک قطرہ نصاب میں ہوتا ہے دوسرا ٹیوشن میں۔
انصاف کا پہلا قطرہ عدالت میں گرتا ہے دوسرا کسی سفارش کے چمچ میں ۔ پانی کا قطرہ یا تو ٹینکر کی شکل میں ملتا ہے یا خواب کی ،
حکومت کی کارکردگی کو بھی اگر قطرے سے ناپا جائے تو ایک قطرہ اعلان دوسرا ترمیم،اور باقی کے قطرے اپوزیشن پی جاتی ہے۔
گزشتہ روز ایک صاحب دروازے پر آئے میں نے سوال کیا پولیو کے قطرے ہیں؟؟؟؟
کہنے لگے نہیں مردم شماری ہے۔
میں نے کہا خدا کے لیے شمار کر لو، کیونکہ ہمیں تو صرف پولیو ٹیم ہی انسان سمجھتی ہے
بہرحال شکر ہے کہ پولیو ٹیم وقت پر آتی ہے کچھ تو ہے جو دروازہ کھٹکتا ہے جو خلوص سے آتا ہے بغیر مطالبہ بغیر بل ورنہ باقی ادارے تو دروازے پر نہیں سیدھے گردن پر آتے ہیں۔
ہم تو اب صرف یہی دعا کرتے ہیں
یا اللہ ہمیں وہ قطرے نصیب فرما
جو ہمیں ایک قوم بنا دیں صارف نہیں
جو ہمیں سہولتیں دیں صرف ویکسین نہیں اور جو دروازہ بجنے پر امید جگائیں بل نہیں۔
اختر شیخ
Comments
Post a Comment