فیس بک کا پیرس، حقیقت کا کراچی،


 

فیس بک کا پیرس، حقیقت کا کراچی، کھنڈرات کے بیچ سجی تصویری بہاریں


چلیے صاحب، عوام تو فیس بک پر کراچی کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام دیکھ دیکھ کر ہی خوش ہو جاتی ہے۔ اصل شہر میں چاہے آپ کو ہر گلی محلے سے گزرتے ہوئے یہ سوچنا پڑے کہ کہاں پاؤں رکھیں اور کہاں سے بچ کے نکلیں، کیونکہ کبھی گڑھا ہے کبھی گٹر سے ابلتا پانی۔ لیکن فیس بک پر ہر سڑک اتنی ہموار لگتی ہے کہ بندہ سوچے کیا یہاں رولر اسکیٹنگ کی کوئی ورلڈ چیمپئن شپ ہونے والی ہے؟؟؟ حقیقت یہ ہے کہ شہری جب  کسی علاقے میں نکلتے ہیں تو اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ کھنڈرات سے خیریت سے گزر گئے، ندی نالے عبور کر لیے، کچرے کے پہاڑ سر کر لیے اور کچے راستے کراس کر کے بھی گاڑی کے شاکس سلامت نکل آئے۔۔۔۔۔۔۔۔

اصل کراچی میں تو (زندہ سلامت گھر پہنچ جانا) ہی سب سے بڑی سہولت ہے، باقی سہولتیں تو قسمت والوں کو ہی ملتی ہیں۔ مگر فیس بک کا کراچی دیکھیں تو دل خوش ہو جاتا ہے، وہاں کوئی دھول نہیں، کوئی پانی نہیں، کوئی بجلی کا مسئلہ نہیں، بس ایک تصویر دیکھیں اور لگا جیسے پیرس کا میلہ کراچی میں لگ گیا ہو۔ کبھی سوچتا ہوں ان تصویروں کے پیچھے کیا راز ہے؟؟؟  شاید فوٹوگرافر حضرات کے پاس کوئی ایسی کیمرہ لینز ہے جو کچرے کو گلاب اور گٹر کے ابلتے پانی کو منرل واٹر دکھا دیتی ہے۔

لہذا ہم شکریہ ادا کرتے ہیں ان تمام نیک دل اور ہنر مند حضرات کا، جو ہمیں کم از کم فیس بک پر ترقی کرتا ہوا کراچی تو دکھاتے ہیں۔ جب کہ شہری صبح شام بجلی کے بغیر بھی تصویروں کی روشنی میں جیتے ہیں۔ تو حضور، ہم ان کی اس عظیم خدمت پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں اور دل سے دعا دیتے ہیں کہ یہ تصویری ترقی جاری و ساری رہے، کیونکہ حقیقت کی دنیا میں تو کام ذرا مشکل ہے، لیکن تصویر میں سب کچھ ممکن ہے۔ آخر ہم بھی خوش ہیں کہ کراچی نہ سہی، کم از کم فیس بک پر تو کراچی، کراچی لگتا ہے ۔۔۔۔

اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ