محسنِ پاکستان، ڈاکٹر عبد القدیر خان
محسنِ پاکستان، ڈاکٹر عبد القدیر خان
آج 10 اکتوبر، برسی پر،
محمد اختر شیخ
کہتے ہیں بعض لوگ تاریخ کے صفحات پر نہیں، قوموں کے دلوں میں زندہ رہتے ہیں۔۔۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان انہی امر شخصیات میں سے ایک ہیں۔ وہ جن کا نام سن کر ایک ملت کا سر فخر سے بلند ہو جاتا ہے اور جن کی ذات کا تذکرہ کرتے ہوئے لفظ۔
“محسنِ پاکستان” خود بھی ادبی وقار میں ڈھل جاتا ہے۔
یکم اپریل 1936ء کو ہندوستان کے تاریخی شہر بھوپال میں ایک ایسا بچہ پیدا ہوا جس کی قسمت میں ایک امت کی عزت کی پاسبانی لکھی تھی۔
عبدالقدیر خان نے ہجرت کے بعد اپنی تعلیم کا سفر برلن، ڈیلفٹ اور لیوؤن جیسے یورپی جامعات میں جاری رکھا۔
ہالینڈ سے ماسٹرز آف سائنس اور بیلجیئم سے ڈاکٹریٹ آف انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔ مگر ان کا دل ہمیشہ وطن عزیز پاکستان کے لیے دھڑکتا رہا۔
"کہوٹہ کا مجاہدِ علم و عزم"
31 مئی 1976ء کا دن پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔
اس روز، وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی دعوت پر عبدالقدیر خان وطن واپس آئے اور ایٹمی پروگرام میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے اپنی زندگی کے خواب، آسائشیں اور یورپ کی سہولتیں پس پشت ڈال کر کہوٹہ کے سنسان پہاڑوں کو علم و عمل کی لیبارٹری بنا دیا۔
جنرل ضیاء الحق نے اس ادارے کو 1981ء میں ان کے نام سے موسوم کرتے ہوئے۔۔۔
“ڈاکٹر اے کیو خان ریسرچ لیبارٹریز” قرار دیا۔
یہی وہ ادارہ تھا جہاں یورینیم کی افزودگی کے ذریعے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنیاد ملی۔
مئی 1998ء، وہ لمحہ جس نے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کی طاقت کا توازن بدل دیا۔ بھارت کے ایٹمی تجربات کے بعد جب قوم اضطراب میں تھی، تو ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے وزیراعظم میاں نواز شریف سے ایٹمی دھماکوں کی اجازت مانگی۔
چاغی کے پہاڑوں میں جب دھرتی لرزی تو دنیا حیران رہ گئی۔
ڈاکٹر صاحب نے اس موقع پر فرمایا
ہم نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا ہے
یہ صرف ایک جملہ نہیں تھا یہ قوم کی غیرت، سرفرازی، اور بقا کا اعلان تھا۔
"عالم اسلام کا ہیرو"
سعودی مفتی اعظم نے انہیں اسلامی دنیا کا ہیرو قرار دیا ۔ مغربی دنیا نے پاکستانی ایٹم بم کو طنزاً ۔۔۔
“اسلامی بم” کہا، مگر ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے فخر سے جواب دیا۔
اگر یہ اسلام کا بم ہے، تو مجھے اس پر فخر ہے
"مقدمات، قربانیاں اور عزیمت"
ہالینڈ میں ان پر راز چوری کرنے کا الزام لگا، مگر جب عالمی ماہرین نے تحقیقات کیں تو کہا، یہ معلومات تو عام کتابوں میں موجود ہیں۔ یوں ہالینڈ کی عدالتِ عالیہ نے انہیں باعزت بری کر دیا۔۔۔
بعد کے برسوں میں پرویز مشرف کے دور میں ان پر ٹیکنالوجی کے مبینہ پھیلاؤ کا الزام لگا۔
ڈاکٹر قدیر خان نے اس الزام کو ملک کی عزت کے تحفظ کے لیے سینے سے لگایا اور طویل عرصہ نظر بند رہے۔
ان کے الفاظ یادگار ہیں۔۔
میں نے ہمیشہ پاکستان کے لیے کام کیا ہے، کسی کے خلاف نہیں ۔۔
انہوں نے ایک سو پچاس سے زائد سائنسی مضامین تحریر کیے،
سیچٹ (SACHET) کے نام سے فلاحی ادارہ قائم کیا،
اور ڈاکٹر اے کیو خان انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنسز کی بنیاد رکھی۔
یہی نہیں، انہوں نے نوجوانوں کو ہمیشہ پیغام دیا کہ ۔۔۔
قومیں ہتھیاروں سے نہیں، علم سے مضبوط ہوتی ہیں۔
"اعزازات و انعامات"
1989ء میں ہلالِ امتیاز، 1996ء میں نشان امتیاز اور درجنوں طلائی تمغے .....
مگر شاید ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز وہ دن تھا جب ایک پاکستانی بچہ بچہ انہیں ۔۔۔۔
“محسنِ پاکستان” کہہ کر پکارتا تھا۔
10 اکتوبر 2021ء کو اسلام آباد میں یہ درخشندہ ستارہ غروب ہوا، مگر اس کی روشنی آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہے۔ ان کے جنازے کے وقت ہر آنکھ نم تھی، ہر زبان پر یہی تھا ۔۔
ڈاکٹر صاحب، آپ نے ہمیں عزت دی، وقار دیا، مقام دیا
ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے جو چراغ جلایا، وہ صرف کہوٹہ کی لیبارٹری میں نہیں، ہر پاکستانی کے دل میں روشن ہے۔
وہ سائنسدان تھے، مگر ان کا کارنامہ محض سائنسی نہیں ۔۔ یہ قومی ایمان کی تعبیر ہے۔
وقت گزر جائے گا، تاریخ کے صفحات زرد ہو جائیں گے،
مگر قوم کا یہ محسن ہمیشہ زندہ رہے گا۔
"گزر تو خیر گئی ہے تیری حیات قدیر
ستم ظریف مگر کوفیوں میں گزری ہے"
(قدیر خان)
سلام ان روحوں پر جو اپنی قوموں کو عزت دوام بخش جاتی ہیں۔
سلام اے فخر ملت،
سلام اے محسن پاکستان ۔۔۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان
Great article about Dr A Q Khan.
ReplyDeleteشکریہ ۔ برادر من ۔
Delete