کراچی خوابوں کا موہنجودڑو
کراچی خوابوں کا موہنجودڑو —
ترقی بہہ رہی ہے، شہری تیر رہے ہیں
سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے ایک بار پھر کراچی کی عوام کو امید دلاتے ہوئے فرمایا ہے کہ بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق پورے صوبے میں ترقی کا سفر جاری ہے۔
کراچی کی عوام نے سکھ کا سانس لیا، کیونکہ پچھلی بار جب یہ بیان آیا تھا تو پانی گھٹنوں تک تھا، اب صرف کمر تک ہے ۔۔۔
گویا واقعی، ترقی کا سفر آہستہ آہستہ مگر بڑی روانی سے بہہ رہا ہے۔
شاہ صاحب نے پُراعتماد لہجے میں فرمایا کہ بلاول بھٹو نے ہدایت دی ہے کہ کراچی کو خوبصورت اور بہتر بنانا ہے۔ اور بلاشبہ، یہ خواب پورا ہو رہا ہے۔۔۔۔۔۔
کراچی اب اتنا خوبصورت ہو گیا ہے کہ سیاح یہاں آ کر کہتے ہیں،
بھئی واہ، کیا تاریخی شہر ہے، بس رہنے والے ذرا زندہ ہیں ورنہ منظر تو مکمل آثار قدیمہ کا ہے ۔۔
کہتے ہیں شہر میں اب اتنی صفائی ہے کہ کچرا خود شرم سے ایک طرف ہو جاتا ہے۔ لیکن وہ ایک طرف کون سی جگہ ہے، یہ آج تک کوئی نہیں جان پایا۔
ناصر حسین شاہ صاحب نے بڑے فخر سے بتایا کہ ہم کراچی میں خاصے ڈیم بنا چکے ہیں،
مزید وضاحت میں فرمایا کہ یہ ڈیم کڑہوں کی صورت میں ہیں،
جن میں گٹروں کا پانی جمع ہو کر شہریوں کو ایک انوکھا آبی نظارہ فراہم کرتا ہے۔
یوں ہر گلی، ہر موڑ، اور ہر نکڑ اب مصنوعی جھیل بن چکا ہے ۔۔۔۔
فرق بس اتنا ہے کہ ان میں مچھلیاں نہیں، مچھر پیدا ہوتے ہیں۔
ان گٹر ڈیموں سے شہری واقعی استفادہ کر رہے ہیں۔
بچے کاغذی کشتیاں چلاتے ہیں،
اور بڑے حضرات دریا کی سیر کا مزہ گھر کے سامنے لے لیتے ہیں۔
یہ ہے اصل ترقی،
کہ پانی تو نہیں ملتا، مگر منظر ایسا کہ انسان خود بہہ جائے۔
وزیر بلدیات نے فخر سے کہا کہ ہم نے کراچی کے شہریوں کو کچرے کے پہاڑوں کی سیر کروا کر شمالی علاقہ جات کی یاد دلا دی ہے۔
واقعی، گلگت بلتستان کے برفانی پہاڑوں کے بجائے جب کوئی شہری کورنگی کے کچرانی پہاڑ پر چڑھتا ہے،
تو اسے احساس ہوتا ہے کہ وطن میں سب ممکن ہے۔
بس خوشبو تھوڑی مختلف ہے۔
شاہ صاحب نے مزید خوشخبری سنائی کہ ان پہاڑوں پر چڑھنے والے سیاحوں سے اب جرمانے لیے جائیں گے،
تاکہ ریونیو بڑھے اور کھنڈرات کے منصوبے جلد پورے ہوں۔
لگتا ہے جناب کے ارادے ہیں کہ اب ہم شہر کے ہر گڑھے کو تاریخی ورثہ قرار دینے جا رہے ہیں تاکہ یونیسکو سے فنڈ ملے ۔۔
وزیر بلدیات نے آخر میں فرمایا کہ پندرہ سال میں ہم نے بہت کچھ بنا دیا ہے، اب صرف کمی بیشی رہ گئی ہے۔
بالکل بجا فرمایا، اب صرف پانی، بجلی، صفائی، نالے، سڑکیں اور نظام باقی ہیں۔
باقی سب بن چکا ہے: وعدے، دعوے، اور بیانات میں ۔۔۔۔
محسوس ہو رہا ہے کہ حکومت سندھ کراچی کو موہنجودڑو 2.0 کے نام سے عالمی ورثہ قرار دلوانے کی کوشش کر رہی ہے۔
اب ہر گٹر کے پاس ایک تختی لگائی جائے گی ۔
یہ مقام قدیم آبی نظام کی یادگار ہے۔
اور ہر سڑک کے گڑھے پر لکھا ہوگا۔
یہ گڑھا نہیں، تاریخ کا گواہ ہے۔۔۔
آخر میں ناصر حسین شاہ نے خواہش ظاہر کی ۔۔
ہم ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ کراچی کو بہتر سے بہتر موہنجودڑو بنائیں ۔
اور کراچی کی عوام دل سے دعا گو ہے کہ اگر ترقی کا یہ سفر کبھی رکا تو شاید شہر سنبھل جائے ۔۔۔۔۔۔
ورنہ ابھی تو لگتا ہے، کراچی کے گٹر ہی منزل ہیں،
اور وزیر صاحب کا وژن گٹروں کے ان ڈیموں میں تیرتا ہوا خواب
اختر شیخ

Comments
Post a Comment