میچ فکس، عوام تماشائی، انجام وہی پرانا، چہرے نعرے نئے
ملک ایک بار پھر جل رہا ہے۔ کسی کے ہاتھ میں نعرے کسی کے ہاتھ میں ڈنڈا، اور کسی کے دل میں امید کہ شاید اس بار کچھ بدل جائے۔
مگر جب دھواں چھٹا، راستے صاف ہوئے اور میڈیا نے اپنی بریکنگ ختم کی، تو پھر وہی سوال باقی رہا۔۔
آخر مرا کون؟؟؟
زخمی کون ہوا؟؟؟
اور فائدہ کس کو پہنچا؟؟؟
یہی تو وہ کہانی ہے جو برسوں سے دہرائی جا رہی ہے۔
ہم عوام ہر بار اس میچ کے تماشائی بنتے ہیں۔
گھروں کی چھتوں پر، موبائل اسکرینوں پر، یا سڑکوں کے کنارے کھڑے ہو کر تالیاں بجاتے ہیں،
نعرے لگاتے ہیں اور دونوں ٹیموں کا حوصلہ بڑھاتے ہیں۔
مگر افسوس، ہمیں یہ احساس ہی نہیں ہوتا کہ یہ میچ کبھی ہمارے لیے کھیلا ہی نہیں گیا۔
جمہور کے ابلیس ہیں اربابِ سیاست
باقی نہیں اب میری ضرورت تہِ افلاک
ریاست، سیاست، مذہب، سب اپنی اپنی ٹیموں کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں۔
کبھی مذہبی جذبات کی چادر میں، کبھی سیاسی حق کے نعرے میں،
اور کبھی حب الوطنی کے جوش میں ۔
ریفری بھی انھی کا اپنا ہوتا ہے۔
قانون بھی انھی کے لیے نرم اور سزا ہمیشہ عام کارکن اور عوام کے حصے میں۔
ہوائے نفس کی ہے حکمرانی
لٹیرا کر رہا ہے پاسبانی
سچ تو یہ ہے کہ ہر میچ پہلے سے فکس ہوتا ہے۔
کھیلنے والے طے شدہ، ہار جیت کا حساب طے شدہ اور تماشائیوں کا ردعمل بھی پیشگی اندازہ شدہ ۔۔۔
ریاستی کھلاڑی ہوں یا سیاسی مذہبی ان کے اخراجات مال سے پورے ہوتے ہیں،
ان کی جیبیں خالی نہیں ہوتیں،
خالی رہتا ہے تو صرف عوام کا پیٹ،
اور ان کا مستقبل ۔۔
اپنے اپنے دائرے میں دیکھ لو
حسبِ طاقت ہر کوئی فرعون ہے
ملک میں حالیہ ہنگامے بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔ کل یہی کچھ کراچی میں تھا، پرسوں اسلام آباد میں، اور اس سے پہلے ہر شہر میں ۔۔۔۔
چہرے بدل جاتے ہیں، نعرے نئے لگتے ہیں، مگر انجام ہمیشہ ایک جیسا رہتا ہے۔
سینچا تھا جسے زہر سے، نفرت سے، لہو سے
اب تم کو مبارک ہو وہی پیڑ جواں ہے
مرتے وہی کارکن،
جن کے خوابوں میں انصاف کا سورج چمکتا ہے۔
اور جیت جاتے ہیں وہ، جن کی تجوریاں پہلے سے بھری ہوئی ہیں۔
ہم عوام شاید اب بھی یہ سمجھنے کو تیار نہیں کہ
جب تک ہم خود میدان میں تماشائی بن کر نہیں بلکہ فیصلہ ساز بن کر اتریں گے، تب تک ہر دھرنا، ہر احتجاج، ہر قربانی محض ایک سیزنل ڈرامہ رہے گا۔
ریاستی کھلاڑی بدل جائیں،
مذہبی نعرے نئے ہو جائیں،
لیکن جب تک شعور عام نہیں ہوگا،
تب تک یہ کھیل چلتا رہے گا۔
ہمیں اب یہ مان لینا چاہیے کہ تبدیلی نعرے سے نہیں، بصیرت سے آتی ہے۔
اور بصیرت تب جاگتی ہے
جب تماشائی اپنے ہاتھوں سے تالی بجانا چھوڑ کر،
اپنے قلم، اپنی آواز، اور اپنے نیک جذبات سے میدان میں اترتا ہے۔۔۔
جب تک ہم صرف تماشائی رہیں گے
ریاست اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ ہر بار جیتتی رہے گی ۔۔۔۔۔
اور ہم صرف یہ کہتے رہیں گے
(ہر میچ فکس تھا، خواہ سیاسی ہو یا مذہبی).
اختر شیخ
😥😥😥😥😥😥

Comments
Post a Comment